لاہور و ڈیرہ غازی خان میں ٹی این ایف جے کے اجلاس ؛ عزاداروں کو درپیش مسائل کا جائزہ، آقا ئے موسوی کی پالیسی پر لبیک کہنے کا عہد

ولایت نیوز شیئر کریں

آمدہ محرم الحرام میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے اعلان کردہ پالیسی پر لبیک کہا جائے گا، عزاداروں اور ٹی این ایف جے عہدیداروں کا اعلان

کالعدم گروپوں کی نئے ناموں سے سرگرمیاں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔علامہ حسین مقدسی

نئی حکومت ان گروپوں کو گود میں بٹھانے کی ماضی کی اس غلط روایت سے اجتناب کرے تاکہ ملک میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے، علامہ محسن علی ہمدانی ،حسن کاظمی ، مخدوم ظفر عباس و دیگر زعماء کا خطاب

لاہور، ڈیرہ غازی خان (ولایت نیوز ) آمدہ محرم الحرا م کی تیاریوں ، عزاداروں کو درپیش مسائل کے جائزہ کے سلسلہ میں ٹی این ایف جے کے صو بائی و ریجنل اجلاس لاہور اور ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہو ئے ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ صوبائی کونسل پنجاب کا اجلاس  یکم ستمبر کو صوبائی صدر علامہ سید حسین مقدسی کی صدارت میں صوبائی رابطہ دفتر عزاخانہ پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ کرشن نگر لاہور میں منعقد ہوا جس میں صوبائی عہدیداران کے علاوہ ٹی ایف جے کے ریجن نمائندگان ،عزاداروں،بانیان مجالس اور ماتمی جلوسوں کے لائسنسداران نے شرکت کی۔اجلاس میں تنظیمی پیشرفت ،آمدہ پروگراموں اور محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیا گیااور اہم فیصلے کیے گئیس۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر حجۃ الاسلام علامہ سید حسین مقدسی نے کہا کہ مقدس ماہِ محرم الحرام نواسہ رسول ؐ کی عظیم قربانی سے منسوب ہے،تمام مذاہب کے پیروکار امام عالی مقام حسین ؑ ابن علی ؑ اور ان کے باوفا اصحاب و انصار کی قربانیوں کو مل جل کر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کالعدم گروپوں کی نئے ناموں سے سرگرمیاں،حکمرانوں ،سیاستدانوں کا انہیں اپنی گود میں بٹھانا ،ہر اہم موقع پر ان سے رابطے کرنا اور میڈیا پر ان کی کوریج امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ رہی ہے لہذا نئی حکومت ماضی کی اس غلط روایت سے اجتناب کرے تاکہ ملک میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی محرم الحرام کے سلسلے میں جو بھی لائحہ عمل دیں گے اس پر پوری قوم بھرپور لبیک کہے گی ۔

اجلاس سے ٹی این ایف جے پنجا ب کے صوبائی ناظم الامور علامہ سید محسن علی ہمدانی، چوہدری لال خان رابطہ سیکرٹری برائے پنجاب، ریجنل صدر لاہور سید ذوالفقار حیدر نقوی، علامہ رائے مزمل حسین ایڈیشنل سیکرٹری پنجاب ، ناظم الامور گوجرانوالہ ریجن ڈاکٹر رفاقت علی شمسی ،ریجنل صدر سرگودھا علامہ غضنفر عباس کاظمی،ریجنل صدر گوجرانوالہ، چوہدری محمد ایوب اوپل،ذیشان حیدر بھٹی فیصل آباد ریجن،علامہ مہدی عباس جنرل سیکرٹری لاہور ریجن،، قمررضا بخاری و عمران خان نیازی(ضلعی صدر میانوالی)علامہ سید ضیغم عباس ترمذی جوائنٹ سیکرٹری گوجرانوالہ ریجن،سجاد نقوی ضلع ننکانہ صاحب، علامہ اسد عباس اطہر ضلعی صدر لاہور، پیر سید علی رضا کاظمی ضلعی نائب صدرلاہور، احسن اللہ دیال ضلعی صدر سیالکوٹ،علامہ غلام علی ارشدلاہوراورصوبے کے دیگر ضلعی نمائندگان اور مندوبین نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔

اس موقع پر شرکائے اجلاس نے صوبائی ترجمان ٹی این ایف جے پنجاب سید حسن کاظمی کی جانب سے پیشکردہ مختلف قراردادیں متفقہ طور پر منظور کیں ۔ ایک قرارداد کے ذریعے ملک میں پائیدار امن کے قیام کیلئے افواج پاکستان کے آپریشن رد الفساد کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کو وقت کی اہم ترین ضرورت قراردیا گیا اور حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ کالعدم گروپوں کو ڈھیل دینے کی بجائے ان کے گرد گھیرا تنگ کرے، انکی نئے ناموں سے سرگرمیوں اور میڈیا کوریج پر پابندی عائد کرے۔ایک قرارداد میں ہالینڈ میں شان رسالت کیخلاف گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی کو ناکافی قراردیتے ہوئے مسلم ممالک پر اسکے مستقل سدباب کیلئے یہ حساس معاملہ عالمی فورم پر اٹھانے کامطالبہ کیا گیا ورنہ یہ سلسلہ جاری رہیگا۔

قرارداد میں باورکرایا گیا کہ مشاہیر اسلام کی شان میں استعماری سازشوں کا آغاز جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کی مسماری سے ہوا تھا اور اب مقدس ہستیوں کی قبور کے گرد جالیاں لگاکر عقیدتمندوں کو زیارت سے محروم کرنا اسلامی تعلیمات کیخلاف ہے۔ایک اور قرارداد میں باورکرایا گیا کہ پاکستان کے عوام نے نئی حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ کررکھی ہیں لہذا مکتب تشیع سمیت تمام مکاتب فکر کو برابر کی سطح پر حقوق کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ،حکومت عالمی استعمار سے جان چھڑائے ،وطن عزیز کیلئے آزادانہ و آبرومندانہ خارجہ پالیسی وضع کی جائے۔

صوبائی کونسل ٹی این ایف جے کے اجلاس میں دنیا بھر میں جاری استعماری مظالم بالخصوص کشمیرفلسطین، شام،یمن، افغانستان،بحرین،نائجریا،قطیف میں بیگناہ عوام پر جبروتشدد  کی پرزورمذمت اور آزادی کی تحریکوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں افواجِ پاکستان کے آپریشن رد الفساد کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا گیا کہ پوری قوم دفاع وطن اور دہشتگردوں کیخلاف کاروائی میں عساکر پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے۔

درایں اثنا صوبائی صدر علامہ حسین مقدسی نے اتوار 2 ستمبر کو ڈیرہ غازی خان میں ٹی این ایف جے جنوبی پنجاب کے اجلاس میں بھی شرکت کی ۔ اجلاس کی میزبانی معروف عزادار اور ٹی این ایف جے کے صوبائی رہنما مخدوم ظفر عباس نقوی نے کی ۔ اجلاس سے علامہ حسین مقدسی ، مخدوم ظفر عباس نقوی ، رائے مزمل حسین ، سبطین حسین کھوسہ ، عاشق حسین مزاری سمیت دیگر رہنماؤ ں نے خطاب کیا۔ شرکائے اجلاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آمدہ محرم الحرام میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے اعلان کردہ پالیسی پر لبیک کہا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.