کچھ کالی بھیڑیں دشمن کے ہاتھوں کھیل رہی ہیں۔۔۔مسلم ممالک اخوت کا مظاہرہ کریں ورنہ گرے اور بلیک لسٹیں ان کا مقدر رہیں گی، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

مسلم ممالک اخوت کا مظاہرہ کریں ورنہ گرے اور بلیک لسٹیں ان کا مقدر رہیں گی، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
ایف اے ٹی ایف سے یو این تک تمام ادارے امریکی غلام اور لونڈیاں ہیں، انہوں نے وہی فیصلے کرنے ہیں جو استعماری مفاد میں ہوں گے
مسلم ممالک ایک دوسرے سے چھیڑ چھاڑ چھوڑ دیں، بڑی طاقتوں سے جان چھڑائیں،کشمیر اور فلسطین کے ساتھ مختلف رویہ ختم کریں، اوآئی سی کو فعال بنائیں
نبی کریم ؐ عالمین کیلئے رحمت ہیں مسلم ممالک کی ضعیفی کا سبب ذات مصطفیؐ سے دوری ہے، امام جعفر صادقؑ نے علوم مصطفوی ؐ و مرتضوی ؑ سے سائنسی انقلاب کی بنیاد رکھی
کچھ کالی بھیڑیں دشمن کے ہاتھوں کھیل رہی ہیں، کالعدم جماعتوں کو چھوٹ دیکر ملک کو بدنام اور محب وطنوں کو شیڈول فور میں ڈال کر ریاست کے خلاف اکسایا جارہا ہے
حکومت وعدے پورے کرتی تو عوام کو کنٹینرز کا سامنا نہ ہوتا،کالعدم جماعتیں ریاست کی رٹ چیلنج کر رہی ہیں پرامن مشی کرنے والوں کو شیڈول فور میں ڈالا جا رہا ہے
باڑ کے باوجود پاک فوج کے جوانوں کی متواتر شہادتیں لمحہ فکریہ ہے پراکسی وار میں ملوث ممالک سے احتجاج کیا جائے، وحدت و اخوت کمیٹی سے خطاب

اسلام آباد(ولایت نیوز )سپریم شیعہ علماء بور ڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ مسلم ممالک وحدت و اخوت کا مظاہرہ کریں ورنہ گرے اور بلیک لسٹیں ان کا مقدر رہیں گی،ایف اے ٹی ایف سے لیکر اقوام متحدہ تک تمام ادارے امریکی غلام اور لونڈیاں ہیں انہوں نے وہی فیصلے کرنے ہیں جو استعماری مفاد میں ہوں گے، مسلم ممالک بڑی طاقتوں سے جان چھڑائیں اوآئی سی کو فعال بنائیں ایک دوسرے سے چھیڑ چھاڑ چھوڑ دیں، یمن بحرین شام میں مداخلت اورکشمیر اور فلسطین کے ساتھ مختلف رویہ ختم کریں جب تک تمام ایشوز پر مسلم ممالک متفقہ پالیسی اختیار نہیں کریں گے ان کے برے دن ختم نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ باڑ کے باوجود افغان سرحد پرپاک فوج کے جوانوں کی متواتر شہادتیں لمحہ فکریہ ہے حکومت دہشت گردی کے خلاف مضبوط لائحہ عمل بنائے، پراکسی وار میں ملوث ممالک سے احتجاج کیا جائے، پاکستان کے اندر کچھ کالی بھیڑیں دشمن کے ہاتھوں کھیل رہی ہیں کالعدم جماعتوں کو چھوٹ دیکر ملک کو بدنام اور پرامن لوگوں کو شیڈول فور میں ڈال کر ریاست کے خلاف اکسایا جارہا ہے، حکومت وعدے پورے کرتی توآئے روز عوام کو کنٹینرز کا سامنا نہ ہوتا،نبی کریم ؐ عالمین کیلئے رحمت ہیں مسلم ممالک کی ضعیفی کا سبب ذات مصطفیؐ سے دوری ہے، امام جعفر صادقؑ نے علوم مصطفوی ؐ و مرتضوی ؑ سے سائنسی انقلاب کی بنیاد رکھی، 17ربیع الاول جشن صادقین کے موقع پر اتحادو یگانگت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی این ایف جے کی وحدت و اخوت کمیٹی کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہاکہ حکومت کے فرائض میں شامل ہے کہ عوام کو تحفظ فراہم کرے ان کے مسائل حل کرے رو زگار صحت تعلیم انصاف کی سہولتیں مہیا کرے،پنجاب اناج کا گھر تھا جو پورے برصغیر کو خوردونوش فراہم کرتا تھا آج آٹا چینی اسی کے عوام کی پہنچ سے دور ہوا جاتا ہے معدنیات کے مرکز بلوچستان کے باسیوں کیلئے گیس دستیاب نہیں، حکمران سوچ بچار کریں کہ کہاں ان سے بھول ہوئی؟اللہ کی نعمات سے مالا مال ملک کا یہ حشر کیوں ہوا؟

۔انہوں نے کہا کہ جو جماعتیں بیرونی ممالک کے سرمایے پر پل رہی ہیں ان کیلئے پراکسی کردار ااد کررہی ہیں وہ ہر فورم پر محترم بنی بیٹھی ہیں جبکہ محب وطن افراد اور جماعتوں کو تختہ ستم بنایا جارہا ہے، کالعدم جماعتیں ریلیاں جلوس نکال کر ریاست کی رٹ کو چیلنج کر رہی ہیں دوسری جانب پرامن مشی کرنے والوں کو ایف آئی آرز کا سامنا ہے اور انہیں شیڈول فور میں ڈالا جا رہا ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اس بار ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ترکی کو شامل کیا گیا ہے آئندہ بار کسی دوسرے کو ڈکٹیشن نہ لینے کی پاداش میں ڈال دیا جائے گا لہذا تمام مسلم ممالک متحد ہو جائیں اوآئی سی کے فورم پر اپنے مسائل حل کریں ایران سعودی عرب اپنی چپقلش ختم کریں یمن سے افواج واپس بلوائی جائیں مسلم ممالک کے عوام کو انسانی آزادیاں فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کی ناتفاقی کی وجہ سے ہی بھارت اسرائیل کشمیر و فلسطین میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں، کشمیر کو مسلم ممالک نے کبھی اپنا مسئلہ ہی نہیں سمجھا گذشتہ روز بھی چار کشمیری جوانوں کوشہید کردیا گیامقبوضہ کشمیر میں نظام زندگی معطل ہے سلامتی کونسل کی قراردادوں کو تار تار کردیا گیا ہے لیکن مسلم ممالک ہی ٹس سے مس نہیں ہو رہے اغیار سے کیا گلہ کیا جا سکتا ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ خدا اس قوم کی حالت کبھی نہیں بدلتا جسے اپنی حالت خود بدلنے کا احساس اور جذبہ نہ ہولہذا امت مسلمہ خواب غفلت سے بیدار ہو متحدہ مسلم محاذ تشکیل دیا جائے اور کسی بھی مسلم ملک پرجارحیت یا پابندیوں کو عالم اسلام پر جارحیت سمجھتے ہوئے مشترکہ طور پر اس کا مقابلہ کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.