درباربی بی پاکدامن ؑ پر سفرائے حسینیت ؑ کا پرسہ ، ہزاروں عزاداروں کا اجتماع
لاہور(و جیہہ الحسن کاظمی )دربار بی بی پاک دامنہ (س) پر ملک بھر سے سفیر امام حسین (ع) حضرت مسلم ابن عقیل علیہ السلام و فرزندان جناب مسلم کے عزاداران کی آمد و پرسہ داری کا سلسلہ جاری ہے ۔دربار سے متصل تمام راستوں پر پاکستان بھر سے آئے ماتمی عزاداروں کا ایک سیلاب رواں ہے ۔جو امیر کائناتؑ کی دختر اور شہنشاہ وفا حضرت عباس علمدارؑ کی بہن کو حسینی سفراء حضرت مسلم ابن عقیل ؑ اور ان کے فرزندوں کی دردناک شہادت کا پرسہ دے رہے ہیں ۔ ہر پرسہ دار و عزادار کی اشکبار آنکھیں خاندان رسالت ؑ کی عظیم قربانیوں کا خراج پیش کررہی ہیں ۔
یاد رہے کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے 9ذوالحجہ کو ملک بھر میں یوم سفیر حسینیت ؑ منانے کا اعلان کررکھا ہے ۔
بی بی پاکدامن کے دربار پر پاکستان کے تمام شہروں سے ماتمی تنظیموں کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ یکم ذوالحجہ سے شروع ہو جاتا ہے جو شب عرفہ اور شب عید کو عروج پر پہنچ جاتا ہے ۔ پاکستان کی تمام مشہور ماتمی تنظیمیں دربا ر پر نوحہ ماتم اور زنجیر و قمہ زنی کا پرسہ دیتی ہیں۔


