موسوی جونیجو معاہدہ نظریاتی دفاع کی تاریخ میں عظیم سنگ میل؛ زندگی قربان کرسکتے ہیں دین کی روح سلب نہیں ہونے دیں گے، تحفظ نظریہ پاکستان کانفرنس
مئی 85معاہدہ نظریاتی دفاع کی تاریخ میں عظیم سنگ میل ہے، کسی قوت کو پاکستان کی بنیادیں کھوکھلی نہیں کرنے دیں گے،آغاحامد موسوی
پراکسی جنگیں لڑنے والوں کے سامنے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کوہ گراں کی طرح ڈٹی رہی ،حسینی محاذ کے شہید اور اسیرمادر وطن کے ہیرو ہیں
تمام شیطانی قوتیں پاکستان کی نظریاتی اساس کے درپے ہیں ، پاکستان اللہ کا معجزہ اور نعمت عظمی ہے ہر پاکستانی کو اپنا فرض نبھانا ہوگا
دہشت گردی و انتہا پسندی کی جڑیں ختم کرنے کیلئے ایکشن پلان پر عملدرآمدضروری ہے،حکومت اپوزیشن سبھی نے کالعدم جماعتوں کو گلے لگارکھا ہے
زندگی قربان کرسکتے ہیں دین ووطن پر آنچ نہیں آنے دیں گے،مختار آگنائزیشن کی تحفظ نظریہ پاکستان کانفرنس میں شجاعت بخاری قمر زیدی و دیگر کا خطاب
موسوی جونیجو معاہدے کی سالگرہ پر یوم تحفظ نظریہ پاکستان منایا گیا، تمام شہروں میں تحریک نفاذفقہ جعفریہ اور ذیلی تنظیموں کی جانب سے تقاریب کا انعقاد
اسلام آباد (ولایت نیوز ) سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ قائد ملت جعفریہ آغا سیدحامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ حسینیؑ محاذ او ر21مئی85ء کا موسوی جو نییجو معاہدہ پاکستان کے نظریاتی دفاع کی تاریخ میںعظیم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کسی قوت کو پاکستان کی بنیادیں کھوکھلی نہیں کرنے دیں گے ، پاکستان کی سرزمین پرپراکسی جنگیں لڑنے والوں کے سامنے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کوہ گراں کی طرح ڈٹی رہی ،حسینی محاذ کے شہید اور اسیرمادر وطن کے ہیرو ہیں، دنیا کی تمام شیطانی قوتیں پاکستان کی سا لمیت اور نظریاتی اساس کے درپے ہیں ، پاکستان خداوند عالم کا معجزہ اور نعمت عظمی ہے جس کے تحفظ کیلئے ہر پاکستانی کو اپنا فرض نبھانا اور مادر وطن کا قرض اتارنا ہوگا، کشمیریوں فلسطینیوں کی آزادی کیلئے مصلحتوں کے بجائے حسینیت کا جذبہ اختیار کرنا ہوگا، اہل وطن نے یو م انہدام جنت البقیع اور یوم مردہ باد اسرائیل کے موقع پر بے نظیر یکجہتی کا مظاہرہ لائق تحسین ہے سناں کی نوک پر وحدت و اخوت کا کلمہ سر بلند رکھیں گے ۔اس امرکااظہارانہوں نے حسینی محاذ کے پرامن ایجی ٹیشن کے نتیجے 21مئی85ء کواس وقت کی حکومت اورٹی این ایف جے کے درمیان طے پانے والے موسوی جونیجو معاہدے کی منظوری کے 36 سال مکمل ہونے پرمختارآرگنائزیشن اور ایم ایس او کے زیراہتمام علی ہال میں منعقدہ ’’تحفظ نظریہ پاکستان کانفرنس‘‘ کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کیا ہے جسکی صدارت سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے اور بزرگ قومی رہنما سید شجاعت علی بخاری نے کی۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ، حکمران ،سیاستدا ن اور تمام اہل وطن پاکستان کو مضبوط ،مستحکم اور امن کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں تو تمام مکاتب کے حقوق کی برابر کی سطح پر ادائیگی یقینی بناناہوگی ،21مئی 85ء کے جونیجو موسوی معاہدے کی تمام شقوں پر عمل کیاجائے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا مقصد نظریہ اساسی کا تحفظ و پاسداری ہے ،ہم نے ملک کو فرقہ وارانہ اسٹیٹ بنانے کی ضیائی سازش کو ناکام بنایا جس کے نتیجے میں آج پاکستان کاسرکاری مذہب آئین کی شق نمبر 2کے تحت کوئی مخصوص فرقہ نہیں بلکہ اسلام ہے ، نیشنل ایکشن پلان سپریم کورٹ میں پیش کردہ موسوی امن فارمولہ کا عکس ہے، دہشت گردی و انتہا پسندی کی جڑیں ختم کرنے کیلئے اسکی تمام شقوں پر عملدرآمدضروری ہے، بعض قوتیں پاکستان کو متشدد اورسیکولر بنانا ثابت کرنا چاہتی ہیں ،ہم جان پر تو کھیل سکتے ہیں لیکن کسی کوپاکستان کی نظریاتی اسا س پامال نہیں کرنے دیں گے۔آقای موسوی نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ گیارہ سالہ ضیاء دورآمریت میں شریعت کے نام پر اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ،شریعت مصطفوی ؐ کودہشتگردی اورسزائوں کے مذہب کے طور پر مشہورکیاگیا جو اسلام کے خلاف سراسر بہتان طرازی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ جوآمرمطلق ایم آر ڈی تحریک سے نہ جھکا اسے ٹی این ایف جے نے گھٹنے ٹیکنے پر مجبورکردیا،حسینی محاذبرائے شیعہ مطالبات کے آٹھ ماہ پر مشتمل ملکی تاریخ کے سب سے بڑے پر امن ایجی ٹیشن میں 14ہزارشیعہ سنی برادران کے علاوہ 8عیسائیوں نے بھی رضاکارانہ گرفتاری پیش کیں لیکن نہ کسی شہری کی ریڑھی الٹی گئی اورنہ کوئی دکان جلائی گئی۔قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ میلادالنبی و عزاداری دین کی روح ہیں ،ہم زندگی قربان کرسکتے ہیں لیکن دین کی روح سلب نہیں ہونے دیں گے۔
نظریہ تحفظ پاکستان کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے سید شجاعت علی بخاری نے واضح کیاکہ21 مئی 85کا موسوی جونیجو معاہدہ میلاد النبی ؐ،عزادای اور تمام مذہبی جلوسوں کی برآمدگی کی ضمانت ہے۔انہوں نے اس عزم کااظہارکیاکہ نظریہ اساسی اورحقوق کے تحفظ کیلئے ہماری عملی جدوجہدامانت ودیانت کیساتھ جاری رہے گی اوروطن عزیز کے اتحاد و یکجہتی اور اپنے عقائد و حقوق کے بارے میں نہ پہلے سودا بازی کی نہ ہی کسی کوکرنے دیں گے۔
کانفرنس کے شرکاء نے اسپیکر ٹی این ایف جے سید بوعلی مہدی کی جانب سے پیشکردہ قرارداد متفقہ طورپر منظورکی جس میں وطن عزیز کی سلامتی و استحکام اورملت جعفریہ کے حقوق کیلئے ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کا عہد کیا گیا۔کالفرنس سے علامہ سید قمرحیدرزیدی ،شوکت عباس جعفری،ذوالفقار علی راجہ ڈپٹی چیئرمین مختار آرگنائزیشن حذیفہ یمانی ،مرکزی صدر مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن محمد علی بنگش نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔یوم تحفظ نظریا پاکستان کے موقع پر تمام شہروں میں تحریک نفاذفقہ جعفریہ اور ذیلی تنظیموں کی جانب سے تقاریب کا انعقادکیا گیا ۔