سید علی نقی مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر منتخب؛ یکساں نصاب مسترد،اعلیٰ اہداف کیلئے آقای موسوی کے ہر حکم پر لبیک کہنے کا عزم
سید علی نقی نقوی مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر منتخب
خصوصی تقریب میں چیئرمین محمد عباس کاظمی نے حلف لِیا۔ مرکزی عہدیداران کا اعلان کر دیا گیا
سید محمد علی نقوی سینیئر نائب صدر، سید جروان محمد کاظمی نائب صدر، سید حادر نصرت نقوی مرکزی جنرل سیکرٹری ہوں گے
قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی موسوی کے یکساں نصابِ تعلیم کو مسترد کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت تحفظات دور کرے
نصابِ تعلیم کو مسلمہ مکاتب کیلئے قابلِ قبول بنایا جائے، مختار ایس او عِلم و عمل کا کارواں ہے۔ مرکزی صدر کا حلف اٹھانے کے بعد عزم کا اظہار
مختار ایس او کے کارکنان اعلیٰ اہداف کے حصول کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ نو منتخب مرکزی کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب
راولپنڈی ( ولایت نیوز) طلباء کی نمائندہ تنظیم مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سینیئر رہنما اور اسلام آباد کی مقامی یونیورسٹی کے طالبِ علم سید علی نقی نقوی کو تنظیم کا نیا مرکزی صدرمنتخب کر لیا گیا ہے۔
مرکزی صدر نے اپنی کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے سید محمد علی نقوی سینیئر نائب صدر، سید جروان محمد کاظمی نائب صدر، سید حادر نصرت نقوی مرکزی جنرل سیکرٹری، سید حیدر بخاری جوائنٹ سیکرٹری، سید بلال کاظمی سیکرٹری نشر و اشاعت، سید کبیر ہمدانی معاون سیکرٹری نشر و اشاعت، ملک علی حسنین آفس سیکرٹری، سید فخر کاظمی مرکزی فنانس سیکرٹری، سید رسان بخاری سیکرٹری تعلیم و تربیت، سید سلیم عباس کاظمی کو مرکزی سیکرٹری عزاداری کو نامزدکِیا ہے۔ تنظیم کے چیئرمین سید محمد عباس کاظمی نے نگران کونسل کے اجلاس خطاب کرتے ہوئے سابق مرکزی صدر محمد علی بنگش اور ان کی کابینہ کی کارگردگی کو سراہتے ہوئے کلماتِ تحسین پیش کیے۔

درایں اثناء مختار ایس او کی نئی کابینہ کی تقریبِ حلف برداری مرکزی دفتر میں منعقد ہوئی۔ چیئرمین سید محمد عباس کاظمی نے مرکزی صدر سید علی نقی نقوی سے اور انہوں نے دیگر مرکزی عہدیداران سے حلف لِیا۔
محمد عباس کاظمی نے نئے عہدیداران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے باور کرایا کہ مختار ایس او کی تشکیل 34 سال قبل قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی سرپرستی میں ہوئی تھی یہ طلباء کی واحد تنظیم ہے جو کسی بیرونی قوت کا آلہ کار بنے بغیر دِین کی خدمت کا جذبہ ابھارنے، پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ اور حقیقی معنوں میں تعلیماتِ محمدؐ و آلِؑ محمدؐ کا پرچار کرنے کے پاکیزہ اہداف کے مشن پر رواں دواں ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ مختار ایس او دیگر تنظیموں کے برعکس ایڈ اور پیٹ کے چکروں میں پڑے بغیر بیرونی بے ساکھیوں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی مدد آپ کے تحت عملی جد و جہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ برادری کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے ہماری تنظیم عملی میدان میں سرگرم ہے اور قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے یکساں نصابِ تعلیم کو مسترد کرنے کے دلیرانہ اقدامات کا طلباء نے بھرپور خیر مقدم کِیا ہے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ تعلیمی اصلاحات کیلئے ٹی این ایف جے کے تحفظات دور کرے اور نصابِ تعلیم کو مسلمہ مکاتب کے عقائد و نظریات کے مطابق وضع کِیا جائے۔
مرکزی صدر سید علی نقی نے تقریبِ حلف برادری سے خطاب کرتے ہوئے اس عہد کا اظہار کِیا کہ تنظیمی اہداف کے حصول کیلئے اپنی پوری ٹیم کیساتھ بھرپور کوششیں اور مُلک بھر میں جلد تنظیم سازی کا عمل شروع کِیا جائیگا۔ انہوں نے واضح کِیا کہ مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن عِلم و عمل کا کارواں ہے جو انسانیت کی فلاح اور معاشرے کی بہتری کیلئے کارہائے نمایاں سر انجام دے رہا ہے اور اللہ نے اُن انسانوں کو بہترین گروہ قرار دیا ہے جو لوگوں کی بھلائی کیلئے کام کرتے ہیں اچھے کاموں کا حُکم، بُرے کاموں سے روکتے ہیں اور اللہ پر ایمان رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اُبھر کر سامنے آ چکی ہے جس نے مفاد پرستوں اور زر کی چمک دمک سے طالبِ علم برادری کو حقیقی راہ سے ہٹانے والوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ولائے علیؑ اور عزائے حسینؑ ہمارے پاکیزہ مشن کے وہ اعلیٰ ترین اہداف ہیں جن کے بارے میں عملی جد و جہد ہر حال میں جاری رکھی جائیگی اور ان پر ہر گِز آنچ نہیں آنے دیں گے۔ اس موقع پر نو منتخب عہدیداران نے اس عزم کا اعادہ کِیا کہ مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنان اعلیٰ اہداف کے حصول کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔