طلباء علی ابن ابی طالبؑ کا دامن تھام لیں وہ دن دور نہیں جب خلائیں آپکی گزرگاہیں بنیں گی، قائد کا تحفظ نظریہ و وطن کنونشن میں پیغام؛حمزہ علی چوہدری مختار سٹوڈ نٹس کے مرکزی صدرمنتخب
جوانان مختاردشمنوں سے خبردار ،تمام علوم پر دسترس اور رسول ؐ و اہلبیتؑ و پاکیزہ صحابہ سے تمسک رکھیں توکوئی طاقت نظریہ ووطن کو نقصان نہیں پہنچا سکتی
پہلی اسلامی نظریاتی ریاست پاکستان کیخلاف دشمنان اسلام کے مسلسل حملوں ،سازشوں کی اصل وجہ اس خطہ ارضی کی اسلامی نظریاتی اساس اورایٹمی قوت ہوناہے
نظریہ اسلامی کے تحفظ کے جذبے سے سرشار جوانان مختار اپنے کردار و افکار کو ان ہستیوں کی سیرت کے مطابق ڈھالیں ۔ قائدملت جعفریہ کاکنونشن کیلئے خصوصی پیغام
تحفظ نظریہ ووطن کنونشن سے چیئرمین سیدمحمدعباس کاظمی ، مرکزی صدرسیدعلی زین نقوی کاخطاب
اسلام آباد (ولایت نیوز)سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہاہے کہ نوجوان پاکستان کے مستقبل کی روشنی اورمادروطن کے پاسدارہیں ، بدخواہ قوتوں کی جانب سے اس قیمتی سرمایے کو ضائع کرنے کیلئے مسلسل ثقافتی یلغار کا سامنا ہے جو آج بھی طلباء کے ہاتھوں میں کتاب کے بجائے کلاشنکوف اور قلم کے بجائے نشہ تھمانا چاہتی ہیں ، نوجوان نسل کو ان دشمنوں سے خبردار اور تحفظ نظریہ ووطن کیلئے تمام علوم پر دسترس حاصل کرنا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختار سٹو ڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام مرکزی امام بارگاہ قدیم میں جمعہ کومنعقد ہ ’’تحفظ نظریہ و وطن کنونشن‘‘ کے نام پر اپنے پیغام میں کیاہے جوٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے پڑھ کر سنایا۔سالانہ تنظیمی کنونشن میں حمزہ علی چوہدری کوتنظیم کانیامرکزی صدرمنتخب کیاگیا۔کنونشن میں مختارایس اوکے مرکزی ، صوبائی اورریجنل عہدیداران کے علاوہ ملک بھرسے طلباء نمائندگان نے شرکت کی ۔
اپنے خصوصی پیغام میں قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے باورکرایاکہ آج مغرب جس علم کو سیڑھی بناکر خلاؤں میں جھانک رہا ہے وہ مسلمانوں سے ہی چرایا گیا ہے لیکن اس علم میں ایسے ہی ملاوٹ کی گئی جیسے سامری جادوگر نے حضرت موسی ؑ پر وحی لانے والے فرشتے کی خاک چرا کر اسے گمراہی پھیلانے کا ذریعہ بنا لیا تھا،آج اسی ملاوٹ کے باعث علوم کو شیطنت گمراہی بے راہروی اور خدائے واحد سے دوری کیلئے استعمال کیا جارہا ہے لہذافرزندان توحید اطاعت خداوندی و عشق رسالت ؐ اور ولایت اہلبیت ؑ کو سینے سے لگا اور دلوں میں بسا کرکر تمام علوم پر دسترس حاصل کریں اور رسول ؐ و اہلبیتؑ و پاکیزہ صحابہ کے ساتھ تمسک رکھیں توکوئی طاقت نظریہ اسلام اور وطن عزیز پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی ۔ انہوں نے انتباہ کیاکہ نظریہ ولایت و معرفت اہلبیتؑ کو مسخ کرنے میں مصروف قوتیں ذہن نشین رکھیں کہ جن ہستیوں کو اللہ اور اسکے رسول ؐنے نمایاں و ممتاز کیا اور دعوت ذوی العشیرہ سے میدان غدیر تک جن کا تعارف کرایاانکی ولایت پر نہ ہم نے کوئی سمجھوتہ کیا نہ نظریہ و عقیدہ کے تحفظ کے جذبے سے سرشار ہماری نسلیں کریں گی ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام و قرآن میں تبدیلی کے محاذ پر شکست کھانے کے بعد یہ قوتیں متواتر ذات مصطفوی ؐ اور آل مصطفی ؐ کی ذوات پر حملوں میں مصروف ہیں ،یورپ کے جریدوں میں چھپنے والے گستاخانہ خاکے ہوں یا اولاد مصطفی ؐ کے مزارات مقدسہ کی تاراجی ، ان تمام جسارتوں کے پیچھے اسلام کے تحفظ کی نشانیوں اور ماڈلز کو ختم کرنے کا مکروہ جذبہ ہی کار فرما ہے۔
آقای موسوی نے یہ بات زوردیکرکہی کہ آج اگر مدنی ریاست کے بعد پہلی اسلامی نظریاتی ریاست وطن عزیز پاکستان کو دشمنان اسلام کے مسلسل حملوں اور سازشوں کا سامناہے تو اسکی وجہ بھی اس خطہ ارضی کی اسلامی نظریاتی
بنیادیں ہیں ،پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ کا نعرہ آج بھی شیطانی قوتوں کے دل و دماغ پر ہتھوڑابنکر برس رہا ہے ۔آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے یہ بات زوردیکرکہی کہ اس وطن کو مٹانے کیلئے ہر سازش روا رکھی گئی دنیا بھر کی شیطاانی ایجنسیاں اس کے استحکام کے درپے ہیں لیکن تما م دنیائے شیطنت حیران و ششدر ہے کہ یہ وطن دولخت ہونے کے باوجود دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بن چکا ہے، فرنگیوں کے چھوڑے افسر شاہی مارشل لائی اور کرپشن کے امراض کے باجود اقتصادی راہداری جیسا عظیم منصوبہ اس کے باسیوں کے مستقبل کی خوشحالیوں کی نوید بن چکا ہے جس سے یہ یقین اور بھی پختہ ہو جاتا ہے کہ اس ملک کے قیام اور قیامت تک دوام کو تائید خداوندی حاصل ہے لہذااسے ہرگز فراموش نہ کیاجائے کیونکہ وطن کی بہار میں ہی پوری قوم کی خوشحالی ہے ۔
قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے واضح کیاکہ اسلام کے نام پر ہتھیار اٹھاکر رسول کریم کے فرامین اور اہلبیتؑ کی نشانیوں کو ملیا میٹ کرنے والے بیرونی قوتوں کے آلہ کار اسلام کے نمائندے نہیں بلکہ استعمار کے ایجنٹ ہیں جنہیں مسلمانوں کا لباس پہنا کر نظریہ اسلام کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے طلباء پرزوردیاکہ وہ نظریہ و وطن کے تحفظ کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے سب سے پہلے میراث یعنی علم کے حصول پر توجہ دیں کیونکہ اسلامی نظریے نے شیطنت اور جہالت کے پھیلائے ہوئے شرک و الحاد کے نظریات کی بنیادیں ہلا ڈالی ہیں۔آقای موسوی نے باورکرایاکہ علم اور نبیؐ و علی ؑ کے پیروکاروں کا ازلی جوڑ اور ربط ہے، غدیر کے پیغام کو ہمیشہ یاد رکھنے والے جوان یقین رکھیں کہ جس علی ابن ابی طالب ؑ کے ہاتھ کو نبی کریم ؐنے بلند کرکے ولایت آل محمد ؐ کا اعلان کیا تھااس باب مدینۃ العلم کی پیروی کو اپنی زندگی کا محور بنانے میں ہی دنیا و آخرت کی سرفرازی مضمر ہے، نظریہ اسلام کے سب سے بڑے محافظ کل ایمان باب مدینۃ العلم علی ابن ابی طالبؑ کا دامن تھامے رکھیں تووہ دن دور نہیں جب خلائیں آپکی گزرگاہیں بنیں گی، ستارے آپ کی کمندوں کا نشانہ ہوں گے ۔
انہوں نے یہ بات زوردیکرکہی کہ اسلامی نظریے کے تحفظ کے جذبے سے سرشار جوانان مختار اپنے کردار و افکار کو ان ہستیوں کی سیرت کے مطابق ڈھالیں جن کے نام حضرت آدم ؑ کو تعلیم کرکے فرشتوں سے تعظیم کروائی گئی یہی ہستیاں میدان محشر تک نہ صرف آپ کی بلکہ پوری انسانیت کی کامیابی کی ضمانت ہیں ۔آل پاکستان تنظیمی کنونشن سے مہمان خصوصی سیکرٹری جزل ٹی این ایف جے سید شجا عت علی بخاری،سپیکرسید بو علی مہدی،علامہ زاہد عباس کاظمی،ثمرنقوی،کاشف کاظمی،علی اجود نقوی،عبدالحسین بنگش،شفقت علی ترابی نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر مختا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے صو بائی،ریجنل اور ضلعی صدور اور نمائندگان کارکردگی رپورٹ پیش کی جبکہ مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عہدیداران میں اعزازی شیلڈیں تقسیم کی گئیں۔