دعا مومن کا ہتھیار: وباؤں، ناگہانی آفات سے نجات کیلئے ٹی این ایف جے کی کال پر یوم دعا

ولایت نیوز شیئر کریں

دعا مومن کا ہتھیارہے،اسلام پر عمل ہوتا تو موذی وائرس جنم ہی نہ لیتے، احتیاط ہر مسلمان پر واجب ہے
ماہ صیام میں بجلی و گیس کی لو ڈ شیڈنگ نہ کی جائے،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کرکے انکی فراہمی کو یقینی بنایا جائے
کروناسمیت تمام وبائی امراض سے چھٹکارے کیلئے دعا و مناجات بہترین ذریعہ ہے۔ علامہ ابولحسن تقی، علامہ ہمدانی، علامہ امامی کا خطاب

راولپنڈی ( ولایت نیوز)قائدملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق وباؤں، ناگہانی آفات سے نجات کیلئے ملک بھر میں جمعہ کو ”یوم دعا“ مذہبی جذبے عقیدت واحترام کیساتھ منایاگیا۔ اس موقع پرخطباء حضرات اورآئمہ مساجدنے احتیاطی تدابیرپرمکمل عمل کرتے ہوئے جمعہ اجتماعات میں کروناسمیت تمام وباؤں، ناگہانی بلاؤں سے نجات کیلئے خداوند عالم کے حضور گڑ گڑا کر مصیبتوں کو ٹالنے کی دعائیں کیں، خطباء حضرات نے آفات ارضی و سماوی کے اسباب بیان کیے۔

جامع مسجد دربارعالیہ سخی شاہ پیاراکاظمی المشہدی میں تحریک نفاذفقہ جعفریہ راولپنڈی ریجن کے ناظم الامورعلامہ سیدابوالحسن تقی نے جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیائے انسانیت پرکروناکی صورت میں ٹوٹنے والی آفت خدائی انتباہ ہے، خالق و مالک جو شفیق و رحیم ہے اپنے قہر و غضب کو حرکت میں لا کر مخلوق خدا پر ظلم کرنے اور دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کو توبہ استغفار کی دعوت د ے رہا ہے۔انہوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ آج دنیائے شیطنت و ابلیسیت نے پوری انسانیت بالخصوص عالم شریعت کا گھیراؤ کررکھا ہے،کروناسمیت وباؤں، بلاؤں، طوفانوں، غربت،افلاس،تنگدستی، بے روزگاری، مہنگائی،بھوک، پیاس نے انسانوں کا جینا دوبھر کررکھا ہے ایسے میں دعا مومن کا سب سے بڑا ہتھیارہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ ماہ رمضان میں امن و امان کے لئے خصوصی اقدامات کرے،الیکٹرانک،پرنٹ اور انٹر نیٹ میڈیا تمام خرافات،لغویات اور منکرات سے اجتناب کرے او رمعروفات،حسنات و دینیات کے پروگراموں کو ترجیح دے۔ارباب اختیار بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے خصوصی اقدامات کرے۔

جامع مسجدقصرابوطالب ؑ مغل آبادمیں علامہ سیدمحسن علی ہمدانی نے خطاب کرتے ہوئے اہل وطن سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ اللہ رب العزت کی جانب سے توبہ و استغفار کا یہ موقع ہاتھ سے ضائع مت جانے دیں اور اس کے حضور خضوع وخشوع کیساتھ کرم اور عطا کی بھیگ مانگیں کیونکہ اگر تمام دروازے بند بھی ہو جائیں تب بھی خدا کا در کھلا رہتا ہے اور وہ اپنے بندوں پر ضرور رحم فرماتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ سنی شیعہ برادران وحدت و اخوت سے دشمن کی سازش ناکام کر دیں گے،مسلمانوں کے تمام مسائل کا حل رسول خداؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے میں مضمر ہے۔جامع مسجدقصرخدیجہ الکبری ترلائی کلاں میں علامہ بشارت حسین امامی نے کہاکہ کروناسمیت تمام وبائی امراض، طوفانوں اور آیات کو ٹالنے کیلئے دعا و مناجات ہی مومنین کا واحد ذریعہ ہے،چنانچہ فرمانِ معصومؑ ہے کہ بیشک دعا ناخوشگوار حادثات اور بلاؤں کو رد کرتی ہے۔۔

قرارداد میں مشن ولاء و عزاء کیلئے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے ہر لائحہ عمل پر بھرپور لبیک کہنے اور ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کے عہد کا اظہار کیا گیا۔

علی مسجد، حیدریہ مسجد، قصرزینب، قصرشبیرڈھوک سیداں ،مسجد جعفریہ آئی نائن میں،قصر امام موسیٰ کاظم آئی ٹین،مسجد اثناء عشری گریسی لائن،مسجد اثنا عشری ڈہلیالہ،شیعہ جامع مسجد حسین آباد، جامع مسجدقصرامام علی نقی ؑ سمیت گردونواح کے درجنوں مساجدمیں علمائے کرام، خطبائے کرام نینے کروناسمیت آفات ارضی و سماوی سے مامون و محفوظ رہنے کی دعا ئیں اورمناجات کی۔در ایں اثنا ء یوم دعا کے موقع پرجہلم، اٹک، چکوال، پشاور کراچی، لاہور، کوئٹہ، مظفر آباد،باغ،کھرمنگ،گلگت بلتستان،ڈیرہ غازیخان،ملتان،علی مسجد لاڑکانہ، بھکر،گجرات، ایبٹ آباد،ڈیرہ اسماعیل خان،خیر پور میرس اورحیدر آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی یوم دعا کے اجتماعات ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.