امام مہدیؑ کی آمد کے روز مسیحؑ کے تہوار پر حملہ کرنے والے دجال کے فرستادہ ہیں، آغا حامد موسوی
سری لنکا سمیت پوری دنیا کو خون میں نہلانے کی ذمہ دار دہشت گردوں کی پالن ہار عالمی قوتیں ہیں ، آغا حامد موسوی
انسانیت کے نجات دہندہ امام مہدیؑ کی ولادت پرنور کے روز مسیح موعود سے منسوب تہوار پر حملہ کرنے والے دجال کے فرستادہ ہیں
سوویت یونین کو گرانے کیلئے پوری انسانیت کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھا دیاگیا، اقوام متحدہ امریکہ اوراسکے پٹھوؤں کو انسانیت کشی سے روکے
اسلام میں بے گناہ انسان کا قتل انسانیت کا قتل ہے جس میں مسلم غیر مسلم کی تخصیص نہیں ، اہل ایمان کے خون کی حرمت کعبہ سے بھی زیادہ ہے
حکیم الامت علامہ اقبالؒ مہدی برحق کی آمد کی تڑپ رکھتے تھے امام مہدیؑ مظلوموں کی امید اور پکارہیں، ایام عدل کی تقریب سے قائد ملت جعفریہ کا خطاب
اسلام آباد ( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کیس رپرست اعلی و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ سری لنکا اور افغانستان سمیت پوری دنیا کو خون میں نہلانے کی ذمہ دار دہشت گردوں کی پالن ہار عالمی قوتیں ہیں جنہوں نے سوویت یونین کو گرانے کیلئے پوری انسانیت کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھا دیا،بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہیں انسانیت کے نجات دہندہ امام مہدی آخر الزمان کی ولادت پرنور کے روز مسیح موعود سے منسوب ایسٹر کے تہوار پر حملہ کرنے والے دجال کے فرستادہ ہیں، کشمیر و فلسطین میں جاری ظلم و ستم سے توجہ ہٹانے کیلئے پرامن ممالک کو نشانہ بنایا جارہا ہے اقوام متحدہ امریکہ اور اس کے پٹھوؤں کو انسانیت کشی سے روکے ورنہ یہ سمجھا جائے گا کہ یہ ادارہ بھی استعماری قوتوں کی کاروائی میں شریک ہے ،عالم اسلام کی روح کو اپنے اشعار سے گرمانے والے حکیم الامت علامہ محمد اقبال ؒ امام مہدیؑ کی آمد کی تڑپ رکھتے تھے ،حضرت امام مہدیؑ مظلوموں کی امید اور پکارہیں جن کی تلوار ہر ظالم و جابر کو فی النار کرے گی شیطانی قوتیں کتنے ہی حربے کیوں نہ کرلیں باطل کے مقدر میں شکست اور ہار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت امام مہدی آخر الزماں کی ولادت پرنور کی مناسبت سے ایام عدل کے اختتامی روز محفل امام العصر ؑ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر دنیا بھر کی طرح پاکستان کے طول و عرض میں ایام عدل کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور اعمال کی ادائیگی کے بعد شب برات نیمہ شعبان کو بوقت سحر دریاؤں جھیلوں میں عریضہ ہائے حاجت سپر آب کئے گئے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ عالمی شیطانی لابیوں نے اپنے مقاصد کیلئے دہشت گرد جنگجو تنظیمیں تخلیق کیں اور ان تنظیموں کو استعمال کرتے ہوئے دنیا بھر بالخصوص مسلم ممالک میں دہشت گردی کا بازار گرم کردیا گیااور الزام اسلام اور مسلمانوں پر دھر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام امن و آشتی ، برداشت ، ایک دوسرے کے نظریات کا احترام سکھاتا ہے اور صرف مسلمان ہی نہیں بلاتفریق تمام انسانوں کے قتل کی ممانعت کرتا ہے سورہ مائدہ میں اللہ نے بڑے واضح الفاظ میں تکریم انسانیت کو بیان فرما دیاکہ جس نے کسی شخص کو ناحق قتل کیا گویا اس نے معاشرے کے تمام افراد کو قتل کرڈالا، اسلام نے انسانی جان کی حرمت کا اطلاق ہرانسان پر کیا اس میں زن و مرد صغیر و کبیر امیر غریب مسلم غیر مسلم کی تخصیص نہیں کی گئی ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ سیاسی نظریاتی فکری اختلاف کی بنیاد پر مسلمانوں کو کافر مشرک قرار دیکر انہیں بے دریغ قتل کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ اگر اسلام نے ایک بے گناہ انسان کے قتل کو انسانیت کا قتل قرار دیا تو ایک صاحب ایمان کے جسم و جان کی اہمیت کعبۃ اللہ سے بھی افضل قرار دی گئی سنن ابن ماجہ میں عبد اللہ ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ انہوں ے رسول کریم ؐ کو کعبہ کے طواف کے دوران یہ فرماتے سنا کہ اے کعبہ تو کتنا عمدہ ہے تیری خوشبو کتنی پیاری ہے تو کتنا عظیم المرتبت اور تیری عزت و حرمت کتنی زیادہ ہے لیکن قسم اس ذات کی جس کے قبضہ میں محمد ؐ کی جان ہے مومن کے جان و مال کی حرمت کعبہ تیری حرمت سے بھی زیادہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جن تنظیموں نے بے گناہ انسانوں اور اہل ایمان کا خون بہایا انہیں کوئی حکومت ہر گز نہیں معاف کر سکتی ، کالعدم دہشت گرد تنظیموں کو شکنجے میں جکڑ کر ہی عدل و انصاف کے تقاضے پورے کئے جا سکتے ہیں ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ عدل کے قیام ، ظلم جبر دہشت گردی کے انہدام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔