نیوزی لینڈ دہشت گردی :امن کی متلاشی عالمی برادری رویہ بدلے؛ 39ملکی اتحاد کب پاکستان کی مدد کو اترے گا؟ قائد ملت جعفریہ

ولایت نیوز شیئر کریں

نیوزی لینڈ دہشت گرد کی شہریت سامنے نہ آتی توالزام پاکستان یا مسلمانوں پرتھوپ دیا جاتا،آغا حامد موسوی

امن کی متلاشی عالمی برادری رویہ بدلے، دہشت گرد نرسریوں کے خالق ممالک کو کٹہرے میں لایا جائے

’ پھنے خان‘ممالک ثالثی کے جال اور جھانسے اپنے پاس رکھیں،کشمیر تجارتی نہیں کروڑوں انسانوں کی زندگی و موت کا مسئلہ ہے

39ملکی اتحاد کب پاکستان کی مدد کو اترے گا؟ واضح ہونا چاہئے کہ اتحاد شاہی خاندانوں کے تحفظ کیلئے وجود دیا گیا یا مسلم ممالک کیلئے ؟

کربلا ظلم ومنافقت کے خلاف ابدی جنگ ہے استعماری دہشتگردی کیخلاف پرامن آوازِ بلند کی جائے، محفل شہزادہ علی اصغرؑ سے خطاب

اسلام آباد(ولایت نیوز )سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ و قائد تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ یہ اللہ کی مدد ہے کہ نیوزی لینڈ کی مساجدکو خون میں نہلانے والے کی آسٹریلوی دہشت گرد کی شہریت سامنے آگئی ورنہ اس سانحہ فاجعہ کا الزام بھی پاکستان یا مسلمانوں پر تھوپ دیا جاتا ہر انسانیت دوست نیوزی لینڈ میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے بیگناہوں کے لواحقین کے دکھ درد کا شریک ہے اور اسکی بھرپور مذمت کرتا ہے جبکہ کچھ منافق چہرے بے نقاب ہو گئے ہیں، امن کی متلاشی عالمی برداری اپنا رویہ بدلے سوویت یونین کی تباہی اوراسرائیل کے مخالف ممالک شام لیبیا عراق یمن کی بربادی کیلئے بنائی گئی دہشت گرد نرسریوں کے خالق ممالک کو کٹہرے میں لایا جائے ورنہ دہشت گردی کا بے رحم لاوا ہر پرامن ملک کو جھلساتا چلا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کربلا کے کمسن ہیرو شہزادہ علی اصغر ابن امام حسین ؑ کے یوم ولادت پرنور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کشیدگی ختم کرنے اور صبر و تحمل کی نصیحتیں کرنیوالے’ پھنے خان‘ممالک بھارت کے جنگی جنون کو روکیں اور ثالثی کے جال اور جھانسے اپنے پاس رکھیں اور بتائیں کہ اقوام متحدہ کس مرض کی دوا ہے؟ثالثی ہمیشہ کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر ہوتی ہے جبکہ کشمیر کا مسئلہ’کچھ لوکچھ دو‘ پر مبنی تجارتی ایشو نہیں کروڑوں انسانوں کی زندگی و موت کا مسئلہ ہے،پاکستان حالت جنگ میں ہے 39ملکی’ اسلامی فوجی اتحاد‘ کب پاکستان کی مدد کو اترے گا؟یہ واضح ہونا چاہئے کہ یہ اتحاد حرمین شریفین یا مسلم ممالک کے بچاؤ کیلئے بنایا گیا یا صرف اور صرف شاہی خاندانوں کے تحفظ کیلئے وجود دیا گیا ہے،کربلا ظلم ومنافقت کے خلاف ابدی جنگ ہے 10رجب کو امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم ولادت پر منعقد ہونیوالی تقاریب اور عشرہ اجر رسالت کے اختتامی پروگراموں میں استعماری دہشتگردی کیخلاف آوازِ احتجاج بلند کی جائے اور عالم اسلام کی اتحاد و یکجہتی کیلئے دعائیں کی جائیں،محمد ؐ و آل محمد ؐ کی سیرت پر عمل پیرا ہوکر ہی مظلومین عالم کومصائب و آلام سے چھٹکارا دلایا جاسکتا ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ استعماری سرغنہ امریکہ اور اسکے بغل بچے بھارت و اسرائیل دہشتگردی کے موجدہیں،روس کی شکست و ریخت کے بعد عالمی ایجنڈا کی روشنی میں امریکہ نے مسلم ممالک اور مسلمانوں کو ٹارگٹ کرنے کیلئے اپنے تیار کردہ جنگجوؤں کو دہشتگر تنظیموں میں ڈھالا اور نائن الیون کا ڈرامہ رچایااوراسکے بعد صلیبی جنگوں کا نعرہ بلند کرکے دیکھتے ہی دیکھتے افغانستان،عراق ،لیبیا،شام،یمن سمیت درجنوں مسلم ممالک کوکھنڈروں میں تبدیل کردیا،پاکستان کو فرنٹ لائن پر رکھتے ہوئے دہشتگردوں کی ہٹ لسٹ پر رکھ لیا گیا اور پاکستانی سرزمین استعمال کرتے ہوئے افغانستان کو تورا بورا بنادیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جب سے ٹرمپ برسر اقتدار آیا ہے دہشتگردی کی خالق قوتوں کو وارے نیارے ہوگئے ہیں،دہشتگردوں کو پالنے والوں نے سعودی سرزمین پر39ملکی اتحاد بنوا کر مسلمانو ں کو تقسیم کیا ،پھر ایران کو دہشتگردی کا محور اس لیے قراردیاکہ وہ فلسطینیوں کی تحریکِ آزادی کامعاون تھا۔قطر کا بائیکاٹ کروا کے خلیجی مسلم ممالک میں خلیج پیدا کردی گئی اور اپنے اسلحے کی فروخت کیلئے مسلمانوں میں تفریق کی آگ بھڑکائی جاتی رہی،ٹرمپ نے نصف درجن مسلم ممالک کے امریکہ داخلے پر پابندی لگائی اور دہشتگردی کو مسلمانوں سے نتھی کرتے ہوئے اسلامی دہشتگردی قراردیدیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ گجرات کے قتل عام کے کار ہائے سیاہ انجام دینے والے بھارتی وزیر اعظم مودی کیلئے امریکہ بہادر نے اسلحہ خانوں کے منہ کھول دیئے اورنائن الیون کے ڈرامے کی طرح بھارت میں بھی مختلف سانحات کروا کے ملبہ پاکستان پر ڈالا،پلوامہ بھی اسی سلسلے کی کڑی تھی جس کے سہارے مودی جنوبی ایشیاء کو جنگ کے دہانے پر لے آیاہے مودی کے یہ اقدامات بھارتی عوام کوجنون میں مبتلا کرکے انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کی مہم جوئی کا حصہ ہیں، بھارت نے پلوامہ قسم کا سانحہ زاہدان میں بھی کروایا تاکہ چانکیائی سیاست پر عمل کرتے ہوئے ایران پاکستان میں دوریاں پیدا کی جائیں جس میں وہ کسی حد تک کامیاب رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ مغربی اور غیر مسلم ممالک میں ہونیوالے دہشتگردی کے تمام سانحا ت کو ہمیشہ مسلمانوں کی کاروائی قراردیتا رہا اورجب واقعات میں ملوث غیر مسلم پکڑے گئے تو انہیں فاتر العقل قراردیدیا،یہ منافقانہ رویہ بھی دراصل کھلی دہشتگردی تھا،اس سے ایک بار پھر 30سال پہلے کہا جانیوالا ہمارا موقف سچ ثابت ہوگیا کہ دہشتگرد کا کوئی ملک،مسلک ،مذہب نہیں وہ فقط دہشتگرد ہے اسے کسی مسلک،مذہب یا ریاست سے نہ جوڑا جائے۔آج سبھی ہمارے تھوکے ہوئے کو چاٹ رہے ہیں۔

آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا کہ دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کیلئے انتہا پسندی اور آزادی کی تحریکوں میں تفریق کرنی ہوگی اور کشمیروفلسطین کے مسائل کو اقوا م متحدہ کی قراردادوں اورعوامی امنگوں کے مطابق مسائل کو حل کرنا ہوگا۔پاکستان پر پلوامہ یا اس جیسے دیگر سانحات کا ملبہ ڈال کر نائن الیون جیسے ڈراموں کی امید رکھنے والے ذہن نشین رکھیں کہ پوری پاکستانی قوم ہر قسم کے حالات کا سامنا کرنے کو ہمہ وقت تیار ہے جسکا ثبوت افواجِ پاکستان نے بھارتی جنگی طیارہ اورڈرونز کو گراکر فراہم کردیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.