بری شاہ لطیفؒ کی نگری میں امن کانفرنس : چینی انجینئروں پر حملہ پاکستان دشمن قوتوں کی کارستانی ہے،جادہ امام حسن ؑ پر چلنا ہو گا، علامہ مقدسی
شانگلہ میں چینی انجینئروں پر خودکش دھماکہ پاکستان دشمن قوتوں کی کارستانی ہے۔ علامہ آغا سید حسین مقدسی
دہشت گردوں کو ناکام و نامراد کرنے کیلئے جادہ امام حسن ؑ پر چلنا ہو گا، حکومت کالعدم گروپوں کو آہنی شکنجے میں جکڑے
دہشتگردی ناسور بن چکی ہے جو لمحہ فکریہ، حکومتی کمزوری اور ناقص سیکیورٹی کا نتیجہ ہے، دشمن کی ہر سازش کو باہمی اتحاد کے ساتھ ناکام کر دیں گے
حکومت اپوزیشن قومی وقار سربلند کرنے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھیں، ملک دشمن عناصر نئے سیٹ اپ کو ناکام کرنا چاہتے ہیں، دہشتگردوں کے ہاتھ کاٹ دیے جائیں
نواسہ رسولؐ حضرت امام حسنؑ کی صلح اور تاریخِ بشریت و شریعت کی جرأت و شجاعت آمیز دلیرانہ نرم روش نے بنی امیہ کی سازش کا پردہ چاک کر دیا
مظلومین کی حمایت اور ظالمین سے بیزاری کیلئے عملی جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔ سربراہ ٹی این ایف جے کا دربارِ ولایت بری امامؒ میں امن کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد(ولایت نیوز ) تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ شانگلہ میں چینی انجینئرز کی گاڑی پر خودکش دھماکہ پاکستان دشمن قوتوں کی کارستانی ہے، دہشت گردوں کو ناکام و نامراد کرنے کیلئے جادہ امام حسنؑ پر چلنا ہو گا، حکومت کالعدم گروپوں کو آہنی شکنجے میں جکڑے، دہشت گردی ناسور بن چکی ہے جو تمام اہلِ وطن کیلئے لمحہ فکریہ ہے حکومتی کمزوری اور ناقص سیکیورٹی کا نتیجہ ہے، مشترکہ دشمن کی ہر سازش کو باہمی اتحاد کے ساتھ ناکام کر دیں گے، حکومت اپوزیشن ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے بجائے قومی وقار سربلند کرنے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھیں، ملک دشمن عناصر نئے سیٹ اپ کو ناکام کرنا چاہتے ہیں دہشت گردوں کے ہاتھ کاٹ دیے جائیں، دہشت گردی میں بھارت کھلم کھلا ملوث ہے جسے بے نقاب کِیا جائے، نیا حکومتی سیٹ اپ بننے کے باوجود مسائل جوں کے توں بلکہ ان میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، ملکی معیشت اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے اور اقتصادی مسائل کا ایک بڑا پہاڑ لمحہ فکریہ ہے، بدترین مہنگائی کے خاتمے کیلئے حکومت اپنے وعدوں کی پاسداری کرے، قرآنِ مجید کے سورہ شُوریٰ میں حکمِ الٰہی کی رو سے مودت و محبتِ اہلبیتؑ کا وجوب ضروریاتِ دین میں سے ہے، نواسۂ رسولؐ حضرت امام حسنؑ کی صلح اور تاریخِ بشریت و شریعت کی جرأت و شجاعت آمیز دلیرانہ نرم روش نے بنی امیہ کی سازش کا پردہ چاک کر دیا، امام حسنؑ کے بعد امام حسینؑ نے بھی اپنے بڑے بھائی کی روش اختیار کی اور اسکی تفسیر و توضیح فرمائی اور اپنے دور کے طاغوت کے چہرے پر پڑے اسلام کے مصنوعی نقاب کو نوچ کر پھینک دیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آستانۂ عالیہ باوا سید ولایت حسین شاہ کاظمی المشہدی دربارِ عالیہ سرکار بری امام کاظمی المشہدیؒ نواسہ رسولؐ الثقلین شہزادہ صلح و امن حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی ولادتِ پُرنور کے موقع پر امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کِیا۔

علامہ آغا مقدسی نے واضح کِیا کہ حضرت امام حسن مجتبیٰؑ کی دانشمندی کی بدولت امام حسینؑ نے جو عظیم انقلاب برپا کِیا وہ آج بھی دنیائے مظلومیت کیلئے سبق آموز ہے، امام حسنؑ بن علیؑ بہت سے اخلاقی امتیازات اور فضائل انسانی کے مالک اور بے حد متین و سنجیدہ، باوقار اور انتہائی سخی تھیاسی بِناء پر بِلا استثنیٰ تمام امت کے لیے آپؑ لائقِ ستائش و صد احترام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حدیثِ رسولؐ کی رو سے حسنؑ و حسینؑ جوانانِ جنت کے سردار ہیں اور ان چار افراد میں شامل ہیں جنہیں حضورؐ اپنے ہمراہ میدانِ مباہلہ میں نصارائے نجران کے مقابلے میں لے کر گئے اور اسلام کی صداقت کا لوہا منوایا۔ آپؐ آلِ اطہارؑ اور آئمہ عشر میں سے ایک ہیں جو آیہ قرآنی کی رو سے وجبِ اطاعت اولی الامر ہیں اور آپؑ کی اطاعت و فرمانبرداری سب پر واجب ہے۔ آپؑ کی کنیت ابو محمدؐ ہے جو رسولؐ پاک نے تعین فرمائی۔ مجتبیٰ، سید، سِبط، زاہد، طیب آپؑ کے القاب ہیں۔ 15 رمضان الکریم سن 3 ہجری اور بعض روایات کے مطابق سن 2 ہجری صحنِ علیؑ میں آغوشِ فاطمہؑ میں آپؑ نے ورودِ مسعود فرمایا۔ انہوں نے شہزادہ سبز قبا نواسہ رسول خدا امام حسن مجتبیٰؑ کے ورُودِ مسعود پر حُجتِؑ دوراں اور پیروانِ رسولؐ و آلِؑ رسولؐ کی خدمت میں ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے اس عہد و پیمان کا اظہار کِیا کہ مظلومین و محرومین کی حمایت اور ظالمین سے بیزاری کیلئے عملی جدوجہد امانت و دیانت کیساتھ جاری رکھی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے رہنما اصول ہمارے لِئے مشعلِ راہ ہیں جن پر ہمیشہ کاربند رہتے ہوئے مکتبِ تشیُع کے دینی حقوق اور عقیدہ و وطن کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
کانفرنس سے سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ راجہ بشارت حسین امامی، اسپیکرٹی این ایف جے سید بوعلی مہدی، سیدحسن کاظمی اور دیگرمقرین نے بھی خطاب کیا۔ آستانہ عالیہ ولایت حسین کاظمی کے سجادہ نشین سیدمہدی شاہ کاظمی نے شرکاء کاشکریہ اداکیا۔
