شاہینوں کے شہر میں بقیع کی اجڑی قبروں کا احتجاج
شاہینوں کے شہر میں بقیع کی اجڑی قبروں کا احتجاج
سرگودھا(عرفان نقوی رپورٹ )قائدملتِ جعفریہ آغاسیدحامد علی شاہ موسوی کےاعلان کے مطابق 8شوال کو عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر تحریک نفاذفقہ جعفریہ ریجنل کونسل سرگودھا کیجانب سے پریس کلب سے پر امن احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ٹی این ایف جے پنجاب کے رہنما علامہ سیدتصورحسین نقوی،TNFJ سرگودھا ریجن کےصدرعلامہ سیدغضنفرعباس کاظمی،شفقت ترابی، اکمل حسین جعفری،مختارایس اوسرگودھا کے صدر سیدعرفان حیدر نقوی٬علامہ ضمیر حسین شیرازی ٬علامہ سیدناصرعباس نقوی٬ سیدحسن طاھرکرمانی٬علامہ منظرعباس کاظمی ٬ علامہ محمد سبطین بھٹی٬ سید مسعودترمذی اور دیگر رہنما کررہے تھے۔مظاہرین نے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی تصادیر، مختلف بینر اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر جنت البقیع کی ازسرنوتعمیر کیلئے مطالبات درج تھے۔
ریلی نے حسین چوک پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کر لی جہاں شرکاء خطاب کرتے ہوئے علامہ تصور حسین نقوی نے کہا کہ اگر امت مسلمہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کی مسماری کا راستہ روک لیتی تو کسی کو بیت المقدس کو آگ لگانے کی جرات نہ ہوتی ۔
علامہ سیدغضنفر عباس کاظمی نے کہا کہ 8شوال کا احتجاج کسی ذات یا جماعت کیخلاف نہیں بلکہ عظیم اسلامی اور انسانیت کے ورثے کے تحفظ کے لئے ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ بزرگانِ دین کی عزت و حرمت ان کی زند گی میں واجب ہے اسی طرح بعدازحیات انکے مقابر اور مزارات کی تعظیم بھی لازم ہے۔
اس موقع پر شرکائے مظاہرہ نے پُرجوش نعروں کی گونج میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کی جس میں مسلم حکمرانوں پر زوردیا گیا کہ وہ جنت البقیع اور جنت المعلی کی ازسرنوتعمیر کیلئے برادر اسلامی ملک سعودی عرب پر سفارتی دباؤ ڈالیں ۔
قرارداد میں باورکرایا گیا کہ سفیر امن قائد ملت جعفریہ آغا سیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان پر لبیک کہتے ہوئے عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر تمام مکاتب فکر کا مشترکہ اور نمائندہ اجتماع اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ و سعودی عرب پر سفارتی سطح پر دباؤ ڈالے کہ وہ مزاراتِ مقدسہ کی عظمتِ رفتہ کو فوری بحال کرے کیونکہ مشاہیر اسلام کے آثار اسلام کی شان و شوکت کے وہ مراکز ہیں جہاں سے دنیا بھر کو درسِ ہدایت ملتا ہے ۔
قرارداد میں اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں پر زوردیاگیا کہ وہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے تاریخی اسلامی آثار کی عزت رفتہ کی بحالی کیلئے فوری عملی اقدامات کریں بعد ازاں جلوس کے شرکاء پر جوش نعرے لگاتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔ماتمی سنگتیں دعائے علی اکبر ، شہزادہ علی اکبر نے بھی شرکت کی اور جناب سیدہ ع کے حضور پرسہ پیش کیا#