علامہ حسین مقدسی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ منتخب ؛ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے خط پر قائم رہنے کے عزم کااعادہ
حجة الاسلام و المسلمین علامہ آغا سید حسین مقدسی کو تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا سربراہ منتخب کرلیا گیا
قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسویؒ کی رحلت کے بعد ٹی این ایف جے کی سپریم کونسل نے متفقہ طور پر نئے صدر کا انتخاب کیا
ٹی این ایف جے کی صوبائی تنظیموں، ذیلی شعبہ جات ، فرزندان قائد اور مرکزی شعبہ جات نے علامہ حسین مقدسی کی سربراہی کی توثیق کی
نفرتوں کے خاتمہ ، اتحاد و یکجہتی کے فروغ اور عقائد و نظریات کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ علامہ حسین مقدسی
صدارتی خطاب میں علامہ حسین مقدسی کا قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے خط پر قائم رہنے کے عزم کااعادہ
راولپنڈی ( ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے قائمقام صدر سید مظہر علی شاہ ایڈووکیٹ کی زیرصدارت سپریم کونسل ٹی این ایف جے کے اعلیٰ سطحی میںحجة الاسلام و المسلمین علامہ آغا سید حسین مقدسی کو تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا سربراہ منتخب کرلیا گیا ۔
سپریم شیعہ علماءبورڈ کے سرپرست ِ اعلیٰ وقائد ملت جعفریہ آغاسید حامدعلی شاہ موسوی ؒ کے سانحہ ارتحال کے بعد محرم الحرام و ایام ِ عزائے حسینی کو ترجیح دیتے ہوئے نئے سربراہ کا انتخاب معرض ِ التواءمیں تھا۔ دستور العمل تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے تحت قائمقام صدر بزرگ رہنما سید مظہر علی شاہ ایڈووکیٹ نے سپریم کونسل ٹی این ایف جے کا اجلاس طلب کیا جس میں ٹی این ایف جے کی تمام صوبائی تنظیموں، ذیلی شعبہ جات ، فرزندان قائدبزرگوار آقای موسوی آغا سید محمد مرتضیٰ موسوی ایڈووکیٹ ، آغا سیدعلی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ اور مرکزی شعبہ جات نے شرکت کی اور علامہ آغا سیدحسین مقدسی کی سربراہی کی توثیق کی ۔
اس موقع پرقائم مقام سربراہ ٹی این ایف جے سید مظہر علی شاہ ایڈووکیٹ نے علامہ آغا سید حسین مقدسی سے حلف لیا۔ اجلاس سے صدارتی خطاب میں علامہ سید حسین مقدسی نے اس عہد کا اظہار کیا کہ پاکیزہ مشن ِ محمد و آمحمد ؑ کے فروغ اور تحفظ کے قائدِ بزرگوارآقای آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے خط پر قائم رہتے ہوئے نفرتوں کے خاتمہ ، اتحاد و یکجہتی کے فروغ اور عقا ئد و نظریات کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

علامہ مقدسی نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی النجفی ؒ کی بے لوث،ولولہ انگیز، مدبرانہ اورروحانی قیادت کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی رحلت کو عظیم قومی و ملی سانحہ فاجعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا آقائے موسوی کے کردار کے پاکیزہ نقوش اور اسوہ ہمارے لئے مشعل راہ اور جادہ کامیابی وکامرانی ہے۔ سپریم کونسل سے اپنے خطاب میں بزرگ رہنما سیدمظہرعلی شاہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ علامہ آغا سید حسین مقدسی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی ؒکے تلامذ و رفقاءمیں نمایاں مقام رکھتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ علامہ حسین مقدسی نے قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی کی قیادت راہ ولا و عزا میں حسینی محاذ ایجی ٹیشن میں فعال کردار ادا کیا،میلاد النبی و عزاداری کے تحفظ کیلئے علامہ آغا سیدحسین مقدسی نے ضیائی مارشل لاءمیں قیدو بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں ۔ واضح رہے علامہ آغا سید حسین مقدسی نے حوزہ علمیہ قم و دمشق میں نابغہ روزگار مراجع وفقہاءسے کسبِ وفیض وتحصیل علم کیا،انکے اساتذہ میں آیت اللہ سید محمد حسینی شیرازی ،آیت اللہ بہجت ، آیت اللہ وحید خراسانی ،آیت اللہ صادق شیرازی، آیت اللہ نا صر مکارم ، آیت اللہ ابو القاسم کوکبی ، آیت اللہ مفتی الشیعہ ، آیت اللہ فہری جیسی جید ہستیاں شامل ہیں ۔ٹی اینا ایف جے کے سپریم کونسل کے اجلاس کے شرکاءنے نو منتخب سربراہ آغا سید حسین مقدسی کو اپنے غیر متزلزل اعتماد کا یقین دلایا اور پاکیزہ مشن ولاءو عزا حرمت سادات احترام مرجعیت و مرکزیت کے دفاع و ترویج کے ہر قربانی کے دینے کے عہد کاا ظہار کیا۔اجلاس میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے علوِ درجات اور جملہ شہدائے دین و وطن عساکر وسیلاب زدگان بشمول ذاکر شہید نوید عاشق بی اے اورمسجدجمکران قم المقدسہ کے خطیب علامہ سیدابوالحسن نقوی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔