ہم حسینیؑ و زینبیؑ ہیں دنیا کی کوئی طاقت پاکیزہ اہداف سے نہیں روک سکتی، عقیلہ بنی ہاشم کانفرنس
دین و وطن کی سربلندی کے لئے حسینی و زینبی کردار کی پیروی ضروری ہے۔ آغا حسین مقدسی
عساکر پاکستان دہشتگردوں کی کمر توڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، قوم انکی پشت پر کھڑی ہے۔
حکمران، سیاستدان قیام امن کے لیے موسوی امن فارمولے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
ٹی این ایف جے مشن موسوی کیلئے میدانِ عمل میں ہے، کسی قسم کی سودا بازی نہیں کریں گے۔
علی ؑپوری کائنات کی زینت اور زینب ؑعلی ؑکی زینت ہیں سربراہ ٹی این ایف جے کا عقیلہ بنی ہاشم کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد (ولایت نیوز) سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ دین و وطن کی بقاء و استحکام کے لیے حسینی و زینبی کردار ادا کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں، عساکر پاکستان دہشتگردوں کی کمر توڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں جن کی پشت پر پوری قوم کھڑی ہے، حکمران، سیاستدان، کالعدم گروپوں سے عملی بیزاری کرکے ملک میں پائیدار قیام امن کیلئے موسوی امن فارمولے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے مشن کو امانت و دیانت کیساتھ جاری رکھنے کیلئے میدانِ عمل میں ہے اور کسی کو بھی مرکز کے اصولوں ولائے علء، عزائے حسین، حرمت سادات، احترام مرجعیت و مرکزیت کے خلاف سازش نہیں کرنے دیں گے اور ہم حسینی و زینبی ہیں دنیا کی کوئی طاقت ہمیں دین و وطن کی سربلندی کے پاکیزہ اہداف سے نہیں روک سکتی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت زینب بنت علی کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے مرکزی امام بارگاہ قصر قائم المنتظر ڈی ایچ اے حیدری آباد اسلام آباد میں مختار آرگنائزیشن کی جانب سے منعقدہ عقیلہ بنی ہاشم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جسکی میزبانی الحاج صوبیدار اصغرحیدری اور انکے فرزندان نے کی۔

سربراہ ٹی این ایف جے علامہ مقدسی نے باور کرایا کہ آقائے سید حامد موسوی نے چار عشروں تک مال کے بجائے آل کیلئے کام کیا اور ولایت کے جادہ مستقیم پر ثابت قدم رہ کر مکر و فریب اور وطن دشمن سازشوں کو حسینی جذبے سے ناکام کیا ہم بھی انکے اسی ورثے کی ہر طرح سے حفاظت کریں گے مشن ولا و عزا کیلئے کسی قسم کی سودا بازی نہیں کریں گے اور نہ کسی کو کرنے دیں گے۔ ٹی این ایف جے کے مرکزی صدر نے واضح کیا کہ فرمان رسالت کے مطابق امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب کمالاتانبیاء اور کائنات کی زینت ہیں اور حضرت زینب اپنے بابا علیؑ کی زینت ہیں جنہوں نے یزید اور ابن زیاد کے درباروں اور شام و کوفہ کے بازاروں میں اپنے دل ہلا دینے والے خطبات سے یزیدیت کو لرزہ براندام کر دیا جنکی پیروی کرکے خواتین معاشرے میں آبرو مندانہ مقام حاصل کرسکتی ہیں۔
ٹی این ایف جے فیڈرک کیپیٹل کے صدر علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے کانفرنس میں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے علامہ حسین مقدسی کو فیڈرل کیپیٹل اور ضلعی سطح پر بھرپور عملی تعاون کی یقین دھانی کرائی۔ کانفرنس کے میزبان صوبیدار اصغر حیدری نے کلمات تشکر ادا کیئے۔
کانفرنس سے اسپیکر ٹی این ایف جے سید بو علی مہدی نے بھی خطاب کیا جبکہ سید حسن کاظمی اور ذاکر مطیع الحسن کاظمی نے بارگاہ عقیلہ بنی ہاشم میں منظوم نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر اک قرارداد کے ذریعے اس عہد کا اظہار کیا گیا کہ ٹی این ایف جے کے تمام کارکنان عزاداران ماتمی سالار اور پوری قوم خط موسوی پر گامزن ہو کر علامہ آغا حسین مقدسی کے ہر لائحہ عمل پر لبیک کہنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں.

