
زائرین کی بے مثال پذیرائی پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا عراقی قیادت اور سفارت سے اظہار تشکر
زائرین کیلئے عراقی عوام کی پذیرائی اورجذبہ وارفتگی دیدنی ہے عراقی سفارت کی خدمات بھی لائق تحسین ہیں
حکومت پاکستان بذریعہ سڑک زیارت پر جانے والوں کی کوئٹہ سے تفتان بروقت روانگی کو یقینی بنایاجائے، شجاعت علی بخاری
اسلام آباد ( ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری جنرل سید شجاعت علی بخاری نے کہا ہے کہ نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین ؑ کے اربعین میں شرکت کیلئے جانے والے زائرین کو ویزا فراہمی کی خدمات پر عراقی قیادت اور سفارت کے عملے کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی این ایف جے کے شعبہ حج و زیارات کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شجاعت علی بخاری نے کہا کہ اربعین زائرین کیلئے عراقی عوام کی پذیرائی اور جذبۂ وارفتگی دیدنی ہو تا ہے عراقی عوام اور حکومت کی جانب سے زائرین اربعین کو مثالی خدمات پیش کی جاتی ہیں اربعین میں جانے والے زائرین جس کو دہراتے نہیں تھکتے، امسال زائرین کو ویزہ فراہمی میں تاخیر کی اطلاعات پر قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے پاکستانی وزارت خارجہ اور عراقی قیادت سے مداخلت کا مطالبہ کیا گیا تھا اور ٹی این ایف جے کے نمائندہ وفد نے عراقی سفارت خانہ کے ہیڈ آف مشن اودے عدنان ابراہیم سے بھی ملاقات کی جس سے یہ جان کر دلی اطمینان ہوا کہ عراقی سفارتخانے کا عملہ دن رات پاکستانی زائرین کو ویزا فراہمی کی خدمات فراہم کرنے میں مصروف ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عراقی سفارت کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات سے عراق کے بارے میں پھیلائے جانے والے شکوک و شبہات کو رفع کرنے میں مدد ملی جس سے برادر ملک عراق کے سفارتکاروں کی ساکھ اور نیک نامی میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی سفارت عراق اسی جذبہ اخوت کے ساتھ پاکستانی عوام کو خدمات فراہم کرتا رہے گا۔

شجاعت علی بخاری نے کہا کہ اربعین کی زیارت عالم اسلام کی وحدت یکجہتی اور شوکت کا مظہر ہے جس میں کئی ملین زائرین کرہ ارض کی سب سے بڑی پیدل واک کرکے روضہ امام حسین ؑ پر پہنچتے ہیں یہ روح پرور منظر عالم اسلام کیلئے تقویت کا باعث ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اور بلوچستان کی صوبائی حکومت بذریعہ سڑک زیارت جانے والوں کی بروقت کوئٹہ سے تفتان روانگی کو یقینی بنائے تاکہ جہاز کے سفر کی استطاعت نہ رکھنے والے غریب زائرین نواسہ رسول ؐؐامام حسین ؑ کی چہلم میں شرکت کرسکیں ۔
انہوں نے زائرین سے بھی اپیل کی کہ وہ اربعین کے عظیم اجتماع میں عالم اسلام کی مشکلات کے خاتمے اور کشمیری و فلسطینی مظلومین کی تحاریک حریت کی کامیابی کیلئے دعا ئیں کریں ۔


