ایجنٹ مافیازائرین کو پریشان اور عراق کو بدنام کررہا ہے روزانہ ہزاروں ویزے جاری کررہے ہیں ، عراقی سفارتکار کی ٹی این ایف جے وفد کو یقین دہانی
وفد نے عراقی قیادت کے نام قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کا مکتوب پہنچایا
تحریک نفاذفقہ جعفریہ کے نمائندہ وفدکی زائرین اربعین کے مسائل کے حل کیلئے عراقی سفارتخانے کے ہیڈآف مشن سے اہم ملاقات
پاکستانی زائرین نے داعشی خوف ختم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا انکے مسائل حل کئے جائیں ،شجاعت بخاری سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے
زائرین کو عاشورہ ، اربعین سمیت تمام اہم مواقع پر تمام سہولیات فراہم کی جائیں،سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے
پاکستان اورعراق اخوت کے مضبوط رشتے میں جڑے ہیں پاکستانی اور عراقی عوام نے ایک ہی جذبے کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، اودے عدنان ابراہیم عراقی ہیڈآف مشن
اسلام آباد( ولایت نیوز) تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل سیدشجاعت علی بخاری کی سرکردگی میں علامہ سیدزاہدعباس کاظمی ، علامہ راجہ بشارت حسین امامی، عمار یاسر، سیداحمدعلی بخاری پرمشتمل قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے نمائندہ وفدنے زائرین کی خواہش پر عراقی سفارت خانے کے ہیڈآف مشن اودے عدنان ابراہیم سے اسلام آبادمیں ملاقات کی۔
وفد نے زیارات کیلئے ویزا کے حصول میں درپیش مشکلات کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی اورانہیں عراقی قیادت کے نام قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کاخصوصی پیغام تحریری طورپر پیش کیا۔
اس موقع پر ہیڈآف مشن نے وفد کوبتایاکہ سفیرعراق ٹی این ایف جے کے وفدسے بذات خودملاقات خواہشمندتھے تاہم پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کیساتھ اسی ضمن میں اچانک ملاقات کیلئے وزرارت خارجہ میں موجودہیں تاہم محترم سفیرکوآقای موسوی کے پیغام اورزائرین کربلاونجف کے مسائل سے آگاہ کیاجائیگا ۔
تفصیلات کے مطابق اودے عدنان ابراہیم نے ٹی این ایف جے کے وفدکویقین دلایاکہ عراقی ویزاکیلئے سفارت عراق کی جانب سے کوئی روکاٹ نہیں بلکہ اس ضمن میں حکومت عراق نے ویزاکی فراہمی کیلئے خصوصی ہدایات جاری کررکھی ہیں تاہم پاکستان میں ویزاکاروبارمیں سرگرم ایجنٹ مافیاویزے حاصل کرنے کے باوجود زائرین سے رقم بٹورنے کیلئے انہیں پریشان اورسفارت عراق کوبدنام کرنے میں مصروف ہے لہذازائرین اس قسم کے قافلہ سالاروں اور ایجنٹوں سے ہوشیاررہیں تاکہ عراقی سفارت خانے کی ساکھ مجروح نہ ہو۔
انہوں نے بتایاکہ اربعین حسینیؑ کیلئے یومیہ تقریبا6سے 12ہزارویزے جاری کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بہترہوگاکہ زائرین قافلہ سالارخودویزاکیلئے درخواستیں جمع کرائیں ۔ عراقی سفارت خانہ کے ہیڈآف مشن نے کہاکہ سفارتی عملہ 18گھٹنے ڈیوٹی انجام دیکرویزے جاری کررہاہے اورصبح جمع ہونے والی فہرست کے تمام زائرین کوشام کے وقت ویزے کلیر کردئیے جاتے ہیں ۔
ٹی این ایف جے اعلامیہ کے مطابق عراقی قیادت کے نام اپنے مکتوب میں آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے باورکرایاکہ پاکستان اور عراق اخوت اور وحدت کے رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں ،جس طرح عراق کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں ویسے ہی پاکستانی عوام بھی عراق سے بے پناہ محبت کرتے ہیں ، آئمہ اطہار ؑ و مشاہیر اسلام کے عتبات عالیہ کے سبب یہ اس محبت میں احترام کا عنصر بھی شامل ہے۔انہوں نے باورکرایاکہ پاکستان سے لاکھوں زائرین ہر سال کربلا نجف کاظمین بغداد شریف سامرا
سمیت تمام مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے عراق جاتے ہیں اور یہ سلسلہ اسوقت بھی جاری رہا جب برادر ملک عراق کو داعش جیسے عفریت کا سامنا تھا۔ انہوں نے یہ بات زوردیکرکہی کہ پاکستان سے لاکھوں زائرین کے سفر سے داعش کے پھیلائے خوف کو کم کرنے میں مدد ملی اور عراق کے بہادر عوام نے جس دلیری کیساتھ داعش کے سفاک دہشت گردوں کو عبرتناک شکست دی اسے پوری دنیا بالخصوص پاکستانی عوام تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں۔
آقای موسوی نے کہاکہ پاکستانی عوام بھی اسی جذبے کیساتھ دہشت گردسے نبر دآزما ہیں۔انہوں نے کہاکہ کچھ عرصہ سے زائرین اربعین کو ویزوں کا اجراء ماہ محرم کے وسط سے ہو جایاکرتا تھا جس سے سڑک کے ذریعے عراق جانے والے غریب زائرین بروقت اربعین میں شامل ہو جاتے تھے۔ لیکن اس سال ویزوں کے اجرا ٗء کا سلسلہ ماہ صفر میں شروع کرنے سے زائرین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
انہوں نے سفارت عراق پرزوردیاکہ زائرین کو درپیش آنے والے مسائل کے پیش نظر عاشورہ ، اربعین ، زیارت رجبیہ، زیارت شعبانیہ ، شہادت مولا علیؑ ؑ رمضان اور عرفہ کے مواقع پر زائرین کی سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں، اربعین کے تمام زائرین کو جلد از جلد ویزے جاری کرنے کا سلسلہ مکمل کیا جائے، زیارت کے حوالے سے عراق ایمبیسی پاکستان کے عوام سے رابطے میں رہے ،اہم مواقع پر سفیر یا قونصلر میڈٰیا کے ذریعے پاکستانی عوام کو سفارت عراق کے اقدامات اور طریقہ کار سے آگاہ رکھیں،چونکہ پاکستان بھی عراق کی طرح دہشت گردوں کے ساتھ حالت جنگ میں ہے لہذا پاکستان میں دہشت گردی کی وجہ سے کالعدم قرار دی جانے والی جماعتوں سے خبردار رہا جائے ۔
انہوں نے واضح کیاکہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مکتب تشیع کی نمائندہ جماعت ہے جس کے شیعہ مسائل کے حوالے سے پاکستان کی حکومت کے ساتھ معاہدے بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سفارت عراق ایسے اقدامات کرے جن سے پاکستان کے زائرین کو بھی فائدہ ہو اور مملکت عراق کی ساکھ کو چار چاند لگیں۔ٹی این ایف جے کے سربراہ نے زائرین کے ویزا اجراء کیلئے 25 افراد کے گروپ کی شرط ختم کرنے پرزوردیتے ہوئے کہاکہ اس سے اپنے پروگرام کے تحت زیارات مقدسہ پر جانے والے افراد اور خاندان زیارت سے محروم رہ جاتے ہیں اور انہیں تجارتی مقاصد کیلئے بنائے گئے گروپوں کا حصہ بننا پڑتاہے ان کے اخراجات میں بھی اضافہ ہو تاہے۔ نیزاہل سنت خاندانوں کیلئے بھی یہ شرط پریشانی کا باعث ہے جو عراق امام حسین ؑ کی زیارت کے مشتاق ہوتے ہیں۔
قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے اس امیدکااظہارکیاکہ سفارت عراق کی جانب سے ٹی این ایف جے کی تجاویزپرہمدردانہ غوراورعملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ پاکستان و عراق کی دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہو ، یہ دونوں ممالک اور پورا عالم اسلام ہر سازش شرارت سے مامون محفوظ رہے۔

