یہ کون جواں ہیں ارض وطن !!! شیعہ رضا کار پانچ دن اہلسنت کے درسِ قرآن کی پاسبانی کرتے رہے

ولایت نیوز شیئر کریں

شکر گڑھ نارووال (ولایت نیوز رپورٹ ۔ تصاویر و معلومات بشکریہ عمران علی عارف) 1986ء میں  مختار فورس کے قیام کے وقت عالم ربانی آقای سید حامد علی شاہ موسوی ؒ نے  بلا تفریق شعائر اللہ کی حفاظت کا منشور  قوم کے جوانوں کے ہاتھوں میں تھمایا تھا  جس  پر آج بھی  مختار فورس والنٹیئرز کے جوان علامہ حسین مقدسی کی سربراہی میں  عزم و ثبات کے ساتھ عمل پیرا نظر آتے ہیں ۔

سانحہ راجہ بازار میں دشمنان دین ووطن  کی سلگائی گولہ و بارود کی فضا میں  تمام تبرکات کو امام بارگاہوں میں بحفاظت پہنچانا ہو ،  متعدد بار ہنگامی حالات میں عیسائی عبادتخانوں اور چرچوں کی حفاظت کی خدمات ہوں ، کورو نا کے دوران گلی گلی  سپرے کے تاریخی  مناظر ہوں ، لاک ڈاؤن میں گھر گھر راشن پہنچانا ہو،  میلاد النبیؐ و عزاداری کے پروگراموں کے آگے سینہ سپر ہو نا ہو  ، خود کش بمباروں سے آلودہ  فضاؤں میں بے خوف و خطر سرچ ڈیوٹی ہو یا افواج پاکستان و سیکیورٹی اداروں کی جانب سے تعاون کی پکار  ہر جگہ مختار فورس  والنٹیئرز کے جوان اپنی مدد آپ کے تحت  ابراہیم سکاؤٹس  کے ہمراہ  قوم کے دلوں میں اطمینان  ہی نہیں تفاخر  کا احساس بھی پیدا کئے ہوئے ہیں ۔

ایسا ہی منظر پاکستان کے سرحدی علاقے  شکر گڑھ  میں اس وقت نظر آیا  جب مختار فورس والنٹیئرز  کے جوانوں نے رانا محسن علی بلال کی قیادت  میں پانچ روز مسلسل اہلسنت برادران کی جانب سے  منعقدہ عرفان القرآن اجتماع کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دے کر وَ  اعْتَصِمُوْا  بِحَبْلِ  اللّٰهِ  جَمِیْعًا  وَّ  لَا  تَفَرَّقُوْا۪ کی عملی تفسیر پیش کردی ۔

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ  کے ذیلی شعبہ  مختار فورس  کی جانب سے  اس اقدام کو نہ صرف  تمام مکاتب اور زندگی کے مختلف شعبوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے وہیں اس اقدام نے  قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اس  موقف کی تائید کردی کہ پاکستان میں کوئی شیعہ سنی لڑائی نہیں اور جب تک ہمارے دم میں دم ہے کسی مائی کے لعل کو ایسا کرنے بھی نہیں  دیا جائے گا ۔ رانا محسن علی بلال کی قیادت میں مختار فورس کے سیکشن نے ثابت کردیا کہ آقای موسوی ؒ کی تعلیمات آج بھی پورے دم خم کے ساتھ  زندہ و جاوید ہیں  اور ان کے اثرات کبھی موالیان حید کرار ؑ و عزاداران امام حسین ؑ کے دلوں سے محو نہیں کئے جا سکتے ۔

پانچ روزہ اجتما ع کے اختتامی روز  ناظم تحریک منہاج القران محمد فیصل رفیق قادری نے  اجتماع کے  سیکیورٹی انچارج مختار فورس کے  رانا محسن علی بلال سمیت انکی پوری ٹیم کا  زبردست  الفاظ میں شکریہ ادا کیا مقامی اسسٹنٹ کمشنر خضر ظہور گورائیہ نے بھی جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور پھولوں کے ہار پہنا کر ان کی عزت افزائی کی  ۔

پانچ روزہ پروگرام میں بہترین ڈیوٹیوں پر مختار فورس والنٹیئرز کے ریجنل کمانڈر مخدوم رفاقت علی شمسی نے بھی رانا محسن علی بلال کی سرکردگی میں مختار فورس کے سیکشن کو خصوصی اسناد سے نوازا ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.