
راولپنڈی کینٹ کی تمام ماتمی تنظیموں کا مشترکہ اعلان
راولپنڈی ( ولایت نیوز) تحفظ عزاداری ایکشن کمیٹی راولپنڈی کینٹ کے زیر اہتمام قصر ابوطالب مغل آباد میں مذہبی و ماتمی تنظیموں کا اک نمائندہ اجلاس ہوا جس کی صدارت ٹی این ایف جے راولپنڈی ریجن کے صدر علامہ سید شبیہہ الحسن کاظمی نے کی جبکہ صوبائی صدر پنجاب علامہ سید باقر علی نقوی سجادہ نشین دربار سخی شاہ پیارا باوا قاسم علی شاہ کاظمی، امام جمعہ الجماعت جامع مسجد قصر ابوطالب علامہ سید محسن علی ہمدانی، چئیر مین مختار فورس اور جنرل سیکرٹری انجمن غلامان ابوطالب چوہدری مشتاق حسین، ٹی این ایف جے راولپنڈی کینٹ صدر سید طیب حسین موسوی مہمانانِ خصوصی تھے۔
کنوینر تحفظ عزاداری ایکشن کمیٹی راولپنڈی کینٹ سید نصیر حسین سبزواری نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے صوبائی اور ریجنل مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ٹی این ایف جے راولپنڈی ریجن کے جنرل سیکرٹری شوکت عباس جعفری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے 23 نومبر کو دربار سخی شاہ پیارا میں ہونے والے ریجنل احتجاجی کنونشن کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی قیادت میں ہونے والے 8 ماہ کے پرامن حسینی محاذ کے ایجی ٹیشن کی تاسی میں سربراہ تحریک آغا سید حسین مقدسی نے پنجاب حکومت کے عزاداری مخالف ایس او پیز کو مسترد کرکے یا ثارات الحسین کا علم بلند کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت عزاداری پر پابندیوں کے خلاف احتجاجی کنونشن کے ذریعے حکومت کو باور کرایا جائے گا کہ ہم سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں لیکن اپنی شہ رگ عزاداری پر کوئی پابندی قبول نہیں کریں گے جو ہمارا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنونشن میں راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع کی نمائندگی ہوگی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ راولپنڈی کینٹ کے عزادار بھی کنونشن میں بھرپور شرکت کریں گے۔ علامہ سید محسن علی ہمدانی، چوہدری مشتاق حسین، باوا قاسم علی شاہ، سالار مرکزی ماتمی دستہ شاہ ہمدان سید اسد عباس ہمدانی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن میں شرکت اور تعاون کی یقین دہانی کرانے والوں میں ماتمی دستہ جوڑیاں، ماتمی دستہ سخی شاہ پیارا، ماتمی دستہ باب الحوائج، ماتمی دستہ الحسین ڈھوک سیداں، ماتمی دستہ امام موسی کاظم، ماتمی دستہ مسافرہ شام، ماتمی دستہ کاروان قلندر کبریا گرجہ روڈ اور دیگر ماتمی دستوں کے سالار اور صدور شامل ہیں۔
مقررین نے احتجاجی کنونشن میں بھرپور شرکت کا یقین دلاتے ہوئے اِس عزم کا یقین دلایا کہ عزائے مظلوم کربلا کے لیے کسی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا اور کینٹ کی مذہبی ماتمی تنظیمیں میزبانی کے فرائض انجام دیں گی۔ اجلاس کے آخر میں یا ثارات الحسین لبیک یا حسین کے پرجوش نعرے بلند کیے گئے۔ اجلاس کے آخر میں اس عہد کا اظہار کیا گیا کہ تحفظ عزاداری اور دینی حقوق کے لیے سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا حسین مقدسی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی تاسی میں جو بھی لائحہ عمل دیں گے اس پر ملت جعفریہ اور پنجاب کے ماتمی عزادار بھرپور لبیک کہیں گے اور دین و وطن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا