آفتوں کا بنیادی سبب اللہ کی نشانیوں کی بے حرمتی ہے، آغا حامد موسوی
امریکہ مخالف ممالک میں کورونا وائرس کا زیادہ پھیلاؤ سوالیہ نشان! دال میں ضرور کچھ کالا ہے، آغا حامد موسوی
آفتوں کا بنیادی سبب اللہ کی نشانیوں کی بے حرمتی ہے، افغان معاہدے پر بغلیں نہ بجائی جائیں امریکہ کو امن نہیں مفادات عزیز ہیں
مفاد پورا ہونے پر امریکہ ایک بار پھرپاکستان کو تنہا کردے گا، گرے لسٹ سے اخراج کا معاملہ لٹکائے رکھنا اس کا ثبوت ہے
سوشل میڈیا کو بند کرنامسئلے کا حل نہیں مقدسات کی توہین کرنے والوں کو سزائیں دی جائیں، دہلی فسادات گھناؤنی سازش ہے
اسلام آباد کے بانیوں کے وقف پر تالے اور ناجائز قابضین کے ساتھ مذاکرات‘ دوہری پالیسی ہے، کالعدم جماعتوں سے رعایت نہ برتی جائے
امام علی الہادیؑ نے اسلام پرحملوں کو ناکام کیا، امت مسلمہ قرآن و اہلبیتؑ سے ناطہ جوڑ کر مسائل سے نجات پاسکتی ہے، محفل میلاد سے خطاب
اسلام آباد(ولایت نیوز )سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ امریکہ مخالف ممالک میں کورونا وائرس کا زیادہ پھیلاؤ سوالیہ نشان ہے دال میں ضرور کچھ کالا ہے، آفتوں کا بنیادی سبب اللہ کی نشانیوں کی بے حرمتی ہے بنی نوع انسان اللہ سے رجوع کرے توبہ و استغفار کرکے خدا سے گناہوں کی بخشش طلب کی جائے،جنت البقیع جنت المعلی سمیت تمام مقامات مقدسہ کی عزت رفتہ بحال کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عشرہ اجررسالتؐ کے دوران امام علی الہادی علیہ السلام کی محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ نے خبردار کیا کہ افغان امن معاہدے پر بغلیں نہ بجائی جائیں امریکہ کو امن نہیں اپنے مفادات عزیز ہیں، مفاد پورا ہونے پر امریکہ ایک بار پھرپاکستان کو تنہا کردے گا ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے اخراج کا معاملہ لٹکائے رکھنا اس کا ثبوت ہے،سوشل میڈیا کو بند کرنامسئلے کا حل نہیں سوشل میڈیا پر خرافات پھیلانے والوں اور مقدسات کی توہین کرنے والوں کو سزائیں دی جائیں، اسلام آباد کے بانیوں کے وقف پر تالے اور ناجائز قابضین کے ساتھ مذاکرات‘حکومت کی دوہری پالیسی ہے، کالعدم جماعتوں سے رو رعایت نہ برتی جائے۔
انہوں نے کہا کہ امام علی الہادی النقی علیہ السلام نے اپنے دور امامت میں اسلام پر ہونے والے حملوں کو ناکام کیا، جابرسلطانوں کے سامنے کلمہ حق سربلند رکھا،قرآن و تعلیمات مصطفویؐ ؐومرتضوی ؑکے ذریعے پوری دنیاپر اسلام کی دھاک بٹھا دی،امت مسلمہ قرآن و اہلبیتؑ سے ناطہ جوڑ کر مسائل کے گرداب سے نجات پاسکتی ہے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں پاکستان کو مزید چار ماہ کیلئے شامل کئے رکھنا خطرے سے خالی نہیں اس معاملے پر غیروں کی دشمنی کے ساتھ ساتھ اپنی کوتاہیوں پر بھی نظر رکھی جائے کہ ایف اے ٹی ایف کے تمام سوالوں کا جواب کیوں نہ دیا گیا؟اوردہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دینے کے باوجود عالمی فورموں پر پاکستان کا کیس کیوں صحیح نہیں لڑا جارہا؟۔انہوں نے کہا کہ کالعدم جماعتیں آج بھی دندناتی پھر رہی ہیں اور وفاقی دارالحکومت میں بھی حکومت کے سینے پر مونگ دل رہی ہیں جس کی بنیادی وجہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل نہ ہونا ہے خدارا پاک فوج اور قوم کے شہیدوں کی قربانیاں را ئیگاں نہ کی جائیں ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ عدل و انصاف ہماردے دین کا ستون ہے جبکہ ظلم عدل کی ضد ہے آج پوری دنیا کو ظلم و بربریت کا سامنا ہے بدقسمتی سے مسلم حکمران بھی ظلم کو عام کرنے میں عالمی شیطانوں کا ساتھ دے رہے ہیں یمن شام بحرین افغانستان لیبیا عراق میں تباہی و بربادی پھیلانے میں استعماری قوتوں کو مسلم حکمرانوں کا پورا تعاون حاصل رہا، اکثرمسلم ممالک میں بھی انسانی حقوق ناپید ہیں حق کی آواز بلندکرنیو الوں کے سر قلم کردیئے جاتے ہیں یمن وحشت و بربریت کی ہولناک تصویر پیش کررہا ہے شام میں انسانیت سسک رہی ہے جب تک امت مسلمہ اپنا ریکارڈ بہتر نہیں کرے گی دوسروں سے عدل انصاف کی توقع فضو ل ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی قوتوں اور اداروں کا بھی مسلمانوں کے ساتھ دوہرا اور مخاصمانہ رویہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، کشمیر و فلسطین کے جلتے ہوئے خطے عالمی بے حسی کا ماتم کررہے ہیں، اقوام متحدہ نے مشرقی تیمور اورجنوبی سوڈان کو حق خودارادیت دلوانے میں جو پھرتی دکھائی اس کا مظاہرہ کشمیر اور فلسطین میں بھی کرے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ دہلی فسادات گھناؤنی سازش ہے لیکن عالمی امن کے ٹھیکیداروں کی بھارتی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر خاموشی مجرمانہ فعل ہے اگر ایسا کسی مسلم ملک میں ہوا ہوتا تو اس پر فوج کشی ہو چکی ہوتی۔انہوں نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ تعلیمات محمد وآل محمد ؐ پر گامزن رہتے ہوئے کلمہ حق سربلند کرتے رہیں گے۔