یوم شہدائے حسینی محاذ کے موقع پر ملک بھر میں اجتماعات،ریلیاں؛ علامہ حسین مقدسی کا شہدائ کانفرنس،علامہ محسن ہمدانی کا شہید کے مرقد پر خطاب

ولایت نیوز شیئر کریں

سیاست ِ علویہ کے ورثہ دار ہیں،حقوق سے پہلو تہی اور سودے بازی مومن کی سرشت میں نہیں۔علامہ آغا حسین مقدسی
دین کو سیاسی مفادات کیلئے استعمال کرنیوالے ملک کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، ملک میں سیاسی ابتری قوم سے دشمنی کے مترادف ہے
محب وطن قوتیں عوام کوتحفظ اور ریلیف فراہم کریں، شہدائے ملت جعفریہ نے اساسی نظریہ کی پاسداری میں جام شہادت نوش کیا
شہداء کی لہو رنگ تاریخ کے امین ہیں، کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،خطِ آقائے موسوی پر کاربند ہیں
شہدائے حسینی محاذ شہدائے نظریہ اساسی ہیں،شہیدسید صفدر علی نقوی،شہید اشرف علی رضوی اور محمد حسین شاد شہید قوم کے ہیروز ہیں
یوم شہدائے حسینی محاذ کے موقع پر ملک بھر میں اجتماعات،ریلیاں، علماء و واعظین کا خطاب شہداء کو خراج عقیدت اور فاتحہ خوانی

اسلام آباد (ولایت نیوز ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سیدحسین مقدسی نے کہا ہے کہ سیاست ِ علویہ کے ورثہ دار ہیں قومی و ملی حقوق کے دفاع سے بخوبی آگاہ ہیں،حقوق سے پہلو تہی اور سودے بازی مومن کی سرشت میں نہیں، دین و مذہب کو سیاسی مفادات کیلئے استعمال کرنیوالے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، ملک میں سیاسی ابتری کا ایجنڈا ملک و قوم سے دشمنی کے مترادف ہے، محب وطن قوتوں پر لازم ہے کہ عوام کو امن و امان اور ریلیف فراہم کرے، شہدائے ملت جعفریہ نے اساسی نظریہ کی پاسداری میں جام شہادت نوش کیا،شہداء کے پاک خون سے رقم لہو رنگ تاریخ کے امین ہیں دھرتی کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہدائے حسینی محاذ کی مناسبت سے شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ شیعہ حقوق کے لیے 1985ء میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد شاہ موسوی کے قائم کردہ حسینی محاذ راولپنڈی کے پرامن ایجی ٹیشن نظریہ اساسی کے تحفظ کا ایجی ٹیشن تھاجس میں آمریت کے تشدد کے نتیجے میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سید صفدر علی نقوی، اشرف علی رضوی اور محمد حسین شاد شہید قوم کے ہیروز ہیں۔

آغا مقدسی نے کہاکہ وطن کو دہشت گردوں سے پاک کرنے والے عساکر پاکستان کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے باور کرایا کہ ملت کے حقوق کے حصول کے لیے سن 85 ء میں کامیاب پرامن ایجی ٹیشن کے نتیجے میں حکومت وقت کے ساتھ ہونے والا موسوی جونیجو معاہدہ پاکستان کی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس کی وجہ سے میلادالنبی اور عزاداری سمیت تمام مذہبی جلوسوں کو قانونی تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم مقصد کیلئے بڑی قربانی دینی پڑتی ہے یہی وجہ ہے کہ آقائے موسوی نے اپنے گھر سے یہ روایت ڈالی جس کے بعد چودہ ہزار سے زائد شیعہ سنی بھائیوں نے خود کو اسیری کے لیے پیش کر کے آمرانہ حکومت کو جھکنے پر مجبور کر دیا۔آغا مقدسی نے کہاکہ موسوی امن فارمولہ ہی ملک میں مخلصانہ سیاست کو پروان چڑھا سکتا ہے جو فرقے اورعصبیت کی بنیاد پر عملی سیاست کو زہر قاتل گردانتا ہے، ٹی این ایف کے سربراہ نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شا ہ موسوی کی پالیسی پرعمل پیرا ہو کر عقیدہ و طن پر ہر گز کو ئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہمارا لائحہ عمل خطِ آقائے موسوی کے مطابق اپنے حقوق کے لیے پرامن عملی جدوجہد ہے جس کے لیے ہم پوری امانت و دیانت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں لہذا تمام قوتیں ذہن نشین کر لیں کہ دنیا کی کوئی طاقت اپنے مشن اور اہداف سے ہمیں نہیں ہٹا سکتی۔ علامہ مقدسی نے واضح کیا کہ شہادت مومن کا مطلوب و مقصود ہے مالِ غنیمت یا کشور کشائی نہیں۔

انہوں نے اس عہد کا اظہار کیا کہ دین و وطن کی خاطر خون کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ کانفرنس کے آخر میں شہدائے حسینی محاذ اور دہشت گردوں سے مقابلے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے عسکری سپوتوں کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔یوم شہدائے حسینی محاذ کے موقع پر جامع مساجد میں جمعہ اجتماعات کے دوران خطبا حضرات نے فلسفہ شہادت کے موضوع پر خطاب کیا اورشہدا کے لیے فاتحہ خوانی ہوئی اور ریلیاں نکالی گئیں۔

شہدائے حسینی محاذ شہدائے حسینیت ہیں جن کی شہادت سے آمرانہ سازش ناکام ہوئی۔علامہ سید محسن علی ہمدانی
شہید کی موت قوم کی حیات ہے اورشیعہ مطالبات کیلئے جام شہادت نوش کرنے والے عظیم سپوت تھے۔شوکت عباس جعفری
یوم شہدائے حسینی محاذکے موقع پر شہید صفدر علی نقوی کے مرقد پر باوا سید فرزند علی شاہ اور دیگر عمائدین کی چادر پوشی، شہدائے دین ووطن کوخراجِ عقیدت

راولپنڈی..قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق شیعہ مطالبات کیلئے1984ء میں ایجی ٹیشن کے دوران جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء سید اشرف علی رضوی اور سید صفدر علی نقوی شہید کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے یوم شہدائے حسینی محاذ کی مناسبت سے تحریک نفاذفقہ جعفریہ کی ضلعی یوم شہداء کمیٹی کے زیراہتمام کمیٹی چوک سے دربار شاہ دی ٹاہلیاں تک شہداء ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت ٹی این ایف جے کے مرکزی رہنما علامہ سیدمحسن علی ہمدانی،علامہ وقار حسین نقوی،علامہ فخر عباس عابدی،راجہ محمداشرف، باواسیدقاسم علی شاہ کاظمی، مرکزی کنوینرشوکت عباس جعفری،ضلعی کنوینرشفقت ترابی،چوہدری مشتاق حسین،سیدبوعلی مہدی،سیدثمرالحسن نقوی،سیدظہیرالحسن شاہ، علی ابوذرچوہان، اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ شہیدصفدر علی نقوی کے مزار واقع قبرستان شاہ دی ٹاہلیاں میں تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے پاکسیان کے مرکزی سیکریٹری تعلیم تربیت علامہ سید محسن علی ہمدانی نے کہاکہ شہدائے حسینی محاذ شہدائے حسینیت ہیں جن کے خون سے عزاداری کے خلاف آمرانہ سازش ناکام کی گئی۔علامہ ہمدانی نے کہا کہدینی اقدار کے فروغ اور تحفظ کے لیے امانت و دیانت کے ساتھ ہم اپنی عملی جد و جہد جاری رکھیں گے، عقیدہ و طن پر ہر گز کو ئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ علامہ ہمدانی نے کہا کہ شہید صفدر نقوی،شہید اشرف علی رضوی اور محمد حسین شاد شہید قوم کے سروں کے تاج ہیں جن کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دینگے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شوکت عباس جعفری نے شہدائے حسینی محاذ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے اورشیعہ مطالبات کیلئے جام شہادت نوش کرنے والے عظیم سپوت تھے جن کی قربانیوں کے نتیجہ میں فقہ جعفریہ کے حقوق اور ہماری شہ رگ عزاداری امام مظلوم کے تحفظ کیلئے حکومتِ وقت کے ساتھ 21مئی 85ء کو جونیجو موسوی معاہدہ عمل میں آیا۔انہوں نے کہاکہ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی بصیرت افروز قیادت میں مکتب تشیع کے حقوق اور عقائدِ حقہ کی ترویج کیلئے عملی جدوجہد جاری رہے گی اور اس راہ میں کوئی بڑی سے بڑی قربانی پیش کرنے سے بھی ہر گز دریغ نہیں کیا جائیگا۔اس موقع شیخ عقیل حسین نے پرسوز آواز میں سلام و نوحہ پیش کیا،۔عمائدین تحریک مرکزی نائب صدر ٹی این ایف جے باوا فرزند علی شاہ کاظمی،چوہدری مشتاق حسین، مرکزی کنوینر یومِ شہدا کمیٹی شوکت عباس جعفری، ضلعی کنوینر شفقت ترابی،سجادہ نشین دربار سخی شاہ پیارا باوا قاسم علی شاہ، مولانا وقار حسین نقوی محاذِ حسینی ایجی ٹیشن کے ہراول دستے میں شامل انجمن غلامانِ اہلبیت ڈھوک رتہ راولپنڈی کے راجہ اشرف حسین، عابد رضا، ملک مظہر حسین، مظہر عباس اور دیگر عمائدین، عزاداران اور بانیانِ مجالس و لائسنس داران کی سرکردگی میں شہید سید صفدر علی نقوی کے مزار پر چادر چڑھائی اور نوحہ خوانی و فاتحہ خوانیکی گئی۔علامہ سید محسن علی ہمدانی نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی دعا اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر شہید کے پسماندگان نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بالخصوص رہبر شیعیان پاکستان قائد ملت جعفریہ آغا حامدعلی شاہ موسوی کی جانب سے یوم شہداء منانے کا اعلان کرنے پر دلی تشکر کااظہار کرتے ہوئے ان کے حکم پر دینی حقوق کے حصول کیلئے ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کا عہد کیا۔شرکائے اجتماع نے ٹی این ایف جے کے اہداف ولاء و عزاء کیلئے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی قیادت میں عملی جدوجہد جاری رکھنے اور ان کے ہر لائحہ عمل پر ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کے عہد کا اظہار کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.