
مودی کی شہ پر توہین رسالتؐ کی گئی، مسلم ممالک بھارت کا معاشی بائیکاٹ کریں، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
مودی کی شہ پر توہین رسالت ؐ کی گئی، شاتمان رسالت کی سزا تک مسلم ممالک بھارت کا معاشی بائیکاٹ کریں، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
نئی حکومت کالعدم جماعتوں کے سامنے گھٹنے نہ ٹیکے!بنیاد اسلام جیسے بل اورقرآن و سنت سے متصادم یکساں نصاب گذشتہ حکومت کے زوال کا باعث بنے
کالعدم جماعتوں کو گلے لگایا گیا تو حکومت آئی ایم ایف کے بعد ایف اے ٹی ایف کے چنگل میں پھنس جائے گی،ایٹمی قوت پاکستان کے تحفظ کی ضمانت ہے
دفا ع کو ختم کرکے معیشت مضبوط بنانے کی باتیں کرنے والے یوکرین سے عبرت لیں، ایٹمی قوت کے متعلق ایسے بیانات سے پرہیز کیا جائے جو دشمن کو فائدہ دیں
خانوادہ رسالت ؐ کی پیروی مسلمانوں کی سرخروئی کی ضمانت ہے شاتمان رسالت ؐ کے مقابلے کیلئے سیرت امام ضامن ؑ ؑ پر عمل کیا جائے، ایام ضامن کمیٹی سے خطاب
اسلام آباد( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ بی جے پی کے رہنماؤں نے مودی کی شہ پر توہین رسالت ؐ کی شاتمان رسالت کی سزا تک مسلم ممالک بھارت کا معاشی بائیکاٹ کریں ،اوآئی سی عرب لیگ اور مسلم ممالک مذمتوں سے آگے بڑھیں اور توہین رسالت ؐ کے خلاف ایسا لائحہ عمل تیار کریں کہ کسی شیطانی قوت یا اس کے فرستادے کو آئندہ ایسا کرنے کی جرات نہ ہو،نئی حکومت کالعدم جماعتوں کے سامنے گھٹنے نہ ٹیکے، بنیاد اسلام جیسے متعصبانہ بل اورقرآن و سنت سے متصادم یکساں نصاب گذشتہ حکومت کے زوال کا باعث بنے، کالعدم جماعتوں کو گلے لگایا گیا تو حکومت آئی ایم ایف کے بعد ایف اے ٹی ایف کے چنگل میں پھنس جائے گی،ایٹمی قوت پاکستان کے تحفظ کی ضمانت ہے، پاکستان کی ایٹمی قوت کے متعلق ایسے بیانات سے پرہیز کیا جائے جو پاکستان کے دشمنوں کیلئے فائدہ مند ہوں،دفاعی بجٹ کو ختم کرکے معیشت کو مضبوط بنانے کی باتیں کرنے والے یوکرین کی درگت سے عبرت حاصل کریں، شاتمان رسالت ؐ کے مقابلے کیلئے سیرت امام ضامن علی ابن موسی الرضا ؑ پر عمل کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی ایام ضامن کمیٹی کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ عالم اسلام کے سینے میں خنجر کی طرح پیوست اسرائیل کی سائنسی و معاشی ترقی اس کے مضبوط دفاعی صلاحیت کے باعث ہے ۔سابق اسرائیلی وزیر اعظم گولڈا میئر نے اعتراف کیا کہ انہوں نے رسول کریم کے سیرت سے یہ سیکھا کہ مضبوط حربی صلاحیت ہی مضبوط ریاست کی ضمانت ہے شمشیر وسناں اول کااصول اسرائیل کے منصوبہ سازوں نے پیغمبر اسلام کی سیرت سے حاصل کیا، نبی کریم ؐ کی سیرت سے استفادہ کرکے آج اسرائیل جیسی معمولی ریاست پوری دنیا کو خاطر میں نہیں لاتی جبکہ مسلمانوں دنیا کے وسیع رقبوں، ان گنت قدرتی وسائل اورعظیم افرادی قوت کے باوجود استعماری قوتوں کے دست نگر ہیں جس کی بنیادی وجہ اسلام کے بتائے ہوئے اصولوں سے روگردانی ہے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ توہین رسالتؐ حرام ہے حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خاتم الانبیاء اور سردار انبیاء ہیں، ان کی توہین کا قضیہ کسی کو پارٹی سے خارج کرنے سے ختم نہیں ہوتا، گستاخ رسول ؐ کو قرار واقعی سزا دی جائے توہین رسالت ؐ کے متواتر واقعات عالمی سازش ہیں،جو اٹھتا ہے رسول کی توہین شروع کردیتا ہے ایک عالمی سازش کائنات کے مصلح اعظم کے خلاف تیار کی گئی ہے جس کا قلع قمع امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے، تمام مسلم ممالک مغربی دنیا میں توہین کے خلاف موثر اقدامات اٹھاتے تو آئے روز مسلمانوں کی غیرت پر حملے نہ ہوتے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ امام ضامن امام علی رضا علیہ السلام کا دور امامت اس زمانے سے قریب تر تھا جسے افکار و عقائد و نظریات کے ٹکراؤاور انہیں دوسری زبانوں میں منتقل کرنے بالخصوص یونان و سکندریہ کی تصنیفات و تالیفات کے عربی تراجم کا دور کہا جاتا ہے۔اس دور میں مختلف قسم کے نظریات اسلام میں پھیلنے لگے جس سے عقائد و نظریات میں تضا د اور ٹکرا ؤ کی شکلیں بھی سامنے آنے لگیں۔اس دور میں اسلام دشمنوں کو جواب دینے کیلئے مسلمانوں کی واحد مرجع گاہ امام رضا علیہ السلام کا پرنور وجود تھا۔امام علیہ السلام اس دور میں مذاہب و ادیان کے مختلف علماء کو دین اسلام کے حقائق سے روشناس فرماتے اور مناظروں و مباحثوں میں انہیں لاجواب کردیتے۔آپ ؑ نے ان مباحث میں تثنیت (دو خداؤں)تثلیث (تین خداؤں کا عقیدہ رکھنے والے عیسائی)‘یہودیوں‘دہریوں‘بے دین کمیونسٹوں کو یوں لاجواب کردیاکہ وہ بے زبان ہو کر رہ گئے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ خانوادہ رسالت ؐ کے کردار کی پیروی ہر عہد میں مسلمانوں کی سرخروئی کی ضمانت ہے۔
