جب ہدایت کے ستون منہدم ہوگئے ؛ کربلا کے مظلوموں کی خدمت میں کائنات کے عادل ترین امام کا پرسہ

ولایت نیوز شیئر کریں

کربلائے معلی (ولایت نیوز) 19 تا 21 رمضان وہ سوگ کے دن ہیں جب پورے کرہ ارض ہی نہیں آسمان والے بھی خیر البشر ھضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصی و ولی کے غم میں غلطاں نظر آتے ہیں ۔

ایام عزائے شہادت علی ؑ کے دوران امیر کائنات کے فرزندان کے مراقد قدسیہ کربلائے معلی میں غم و اندوہ کی عجیب ہی کیفیت ہوتی ہے ہر عاشق اہلبیت ؑ کا دل غم و اندوہ سے پھٹا جارہا ہوتا ہے۔

ایام عزائے شہادت علی ابن ابی طالبؑ میں دنیا بھر سے لاکھوں محبان اہلبیت نے کربلائے معلی میں حاضری دے کر کربلا والوں کو پرسہ پیش کیا۔

21 رمضان المبارک کو علوی زندگی کا وہ صاف و شفاف چشمہ جو دنیائے اسلام کو ہمیشہ سیر و سیراب کر سکتا تھا، ہم سے چھین لیا گيا لہذا یہ مصیبت ایک دائمی مصیبت ہے ۔ لعینہ قطامہ ، اشعث ابن قیس اور چند دیگر منافقوں کی مدد سےعبد الرحمن ابن ملجم شقی نے 19 رمضان سن 40 ہجری کو بوقت سحر حضرت علی علیہ السلام پر زہر آلود تلوار سے مسجد کوفہ میں قاتلانہ حملہ کیا جس سے آپ شدید زخمی ہوئے۔

آپ کے رحم و کرم اور مساوات پسندی کا عالم یہ تھا کہ جب آپ کے قاتل کو گرفتار کر کے آپ کے سامنے لایا گیا، اور آپ نے دیکھا کہ اس کا چہرہ زرد ہے اور آنکھوں سے آنسو جاری ہیں، تو آپ کو اس پر بھی رحم آ گیا۔

آپ نے اپنے دونوں بیٹوں امام حسن علیہ السّلام و امام حسین علیہ السّلام کو ہدایت فرمائی کہ یہ ہمارا قیدی ہے اس کے ساتھ کوئی سختی نہ کرنا، جو کچھ خود کھانا وہ اسے بھی کھلانا، اگر میں صحتیاب ہو گیا تو مجھے اختیار ہے کہ چاہے اسے سزا دوں یا معاف کر دوں اور اگر میں دنیا میں نہ رہا اور آپ نے اس سے انتقام لینا چاہا تو اسے ایک ہی ضربت لگانا کیونکہ اس نے مجھے ایک ہی ضربت لگائی ہے اور ہرگز اس کے ہاتھ پاؤں وغیرہ قطع نہ کرنا کیونکہ یہ اسلامی تعلیم کے خلاف ہے۔

حضرت علی علیہ السّلام دو روز تک بستر بیماری پر کرب و بے چینی کے ساتھ کروٹیں بدلتے رہے۔ آخر کار زہر کا اثر جسم میں پھیل گیا اور 21 رمضان کو نمازِ صبح کے وقت آپ کی روح جسم سے پرواز کر گئی۔ حضرت امام حسن و امام حسین علیہما السّلام نے تجہیز و تکفین کے بعد آپ کے جسم اطہر کو نجف میں دفن کر دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.