آزادی و جمہوریت کو پامال کرکے بھارت کایوم جمہوریہ منانا مذاق ہے،’عشرہ عزائے فاطمیہؑ ‘ کے دوران دنیا بھر کے مظلومین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے ، آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

آزادی و جمہوریت کو پامال کرکے یوم جمہوریہ منانا دھوکہ ہے مودی نے بھارتی دستورکی بنیادیں کھود ڈالی ہیں ، آغا حامد موسوی

کشمیریوں کو تہہ تیغ کرکے دستور کی منظوری کا جشن منانا مذاق ہے بھارت میں تمام مذاہب کے آثار مٹاکر ہندوتوا کا رنگ چڑھایا جارہا ہے

کشمیر میں گورنر راج کے بعد صدارتی راج نافذ کرکے جمہوریت کو ذلیل و رسوا کردیا گیا،گھر واپسی قانون جمہوریت کے منہ پر کالک ہے

کرتار پورہ راہداری کھولنے کے پاکستانی اقدام نے بھارت کو مزید ہزیمت سے دوچار کردیا ہے ،پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے وابستہ ہے

’عشرہ عزائے فاطمیہؑ ‘ کے پروگراموں کے دوران دنیا بھر کے مظلومین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے ، مریدکے کے عزاداروں و مختار فورس رہنماؤں سے خطاب

اسلام آباد( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی و جمہوریت کو پامال کرکے یوم جمہوریہ منانا دھوکہ ہے مودی نے بھارتی دستور کی اساس سیکولرزم کی بنیادیں کھود ڈالی ہیں، کشمیریوں کو تہہ تیغ کرکے دستور کی منظوری کا جشن منانا مذاق ہے ،بھارت میں تمام مذاہب کے آثار مٹائے جا رہے ہیں اور ان پر ہندوتوا کا رنگ چڑھایا جارہا ہے ، لوگوں کو جبری ہندو بنانے کیلئے گھر واپسی قانون بھارتی جمہوریہ کے منہ پر کالک ملنے کے مترادف ہے ،کشمیر میں گورنر راج کے بعد صدارتی راج نافذ کرکے جمہوریت کو ذلیل و رسوا کردیا گیا،’عشرہ عزائے فاطمیہؑ ‘ کے پروگراموں کے دوران دنیا بھر کے مظلومین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک حسن اور نبیل ارشد کی زیر سرکردگی مریدکے سے تعلق رکھنے والے عزاداروں اور مختار فورس رہنماؤں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ بھارتی دستور کی بنیاد یعنی سیکولرازم یعنی کسی بھی مذہب فرقے کو دوسرے پر ترجیح نہیں لیکن مودی جب سے بھارتی حکومت پر مسلط ہوا ’ ہندوتوا‘نے مسلمانوں عیسائیوں یہودیوں دلتوں سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کا جینا حرام کردیا ہے’ گاؤ رکھشا‘ کے نام پر مختلف شہروں میں مسلمانوں کو بدترین تشدد کا نشانہ گیا ہے ، مودی بھارتی دستور کے آرٹیکل 370 کے مطا بق کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے درپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ جولائی 2016میں برہان وانی کو ظلم و بربریت کے ساتھ مار دیا گیا جس کے رد عمل میں جب کشمیری احتجاج کیلئے سڑکوں پر آئے تو انہیں کچلنے کیلئے کئی سو جوانوں کو تہہ تیغ کردیا گیاپیلٹ گن کے وحشیانہ استعمال سے کئی ہزار بچے بوڑھے بینائی سے محروم ہو چکے ہیں ، ہندوستان کے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندو پنڈتوں کو کشمیر میں بسا کر اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مودی نے مسلسل پاکستان کے ساتھ محاذ آرائی شروع کررکھی ہے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق پاکستان پر الزامات کی بو چھاڑ کی جارہی ہے اندرا گاندھی کی طرح مودی نے بھی پاکستان کو دولخت کرنے پر بنگلہ دیش جا کر ڈینگیں ماریں جس سے عالمی اداروں کو سمجھ جانا چاہئے کہ جنوبی ایشیا میں فساد کی جڑ کہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب سے پاکستان نے سی پیک شروع کیا ہے بلوچستان میں دہشت گردی کی کاروائیاں مزید بڑھ گئی ہیں تاکہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے راستے کو مسدود و سبو تاژ کیا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ مودی کی جنونیت کے خلاف بھارت میں بھی آوازیں بلند ہو نا شروع ہو گئی ہیں یہی وجہ ہے کہ اقلیتوں پر ریاستی مظالم کے رد عمل میں بھارتی شہریوں نے اعلی ترین اعزازات واپس کردیئے ہیں ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے وابستہ ہے پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کے نتیجے میں حالیہ افغان مذاکرات کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے پاکستان نے ہمیشہ بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی بابا گورونانک کی پیدائش پر کرتار پورہ راہداری کھولنے کے پاکستانی اقدام نے بھارت کو مزید ہزیمت سے دوچار کردیا ہے بھارت مسلسل افغان سرزمین استعمال کرکے پاکستان پر دہشت گرد حملے کروا رہا ہے ، ضرب عضب کے بعد ردالفساد آپریشن نے دہشت گردی کے بخیے ادھیڑ کررکھ دیئے ہیں ۔

آقائے موسوی نے واضح کیا کہ کشمیر کا مسئلہ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پون صدی سے لا ینحل ہے اور اقوام متحدہ کے چہرے پر بدنما داغ ہے جو کروڑوں کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خود ارادیت فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.