ڈیرہ اسماعیل خان : تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے سب سے پہلے دہشتگردی کیخلاف آواز بلندکی، کالعدم جماعتوں کو جکڑا جائے ، شجاعت بخاری

ولایت نیوز شیئر کریں

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے سب سے پہلے دہشتگردی کیخلاف آواز بلندکی،سپریم کورٹ کے ازخو د نوٹس پر انسداد دہشتگردی کیلئے موسوی امن فارمولہ پیش کیا
پاکستانی حکمرانوں،سیاستدانوں کی مفادت پرستی نے مسائل سے دوچار کررکھا ہے،باطل کے مقابلے میں قوم کو سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا
ہم نے ہمیشہ دین و وطن کے مفادات کو ہر شے پر ترجیح دی ہے شہدائے ڈی آئی خان کوسلام عقیدت پیش کرتے ہیں، حکومت لواحقین کی داد رسی کرے
عزاداری ،ولائے علی ؑ ،حرمتِ سادات،احترام مرجعیت اور مرکزیت کا تحفظ ہمارا نصب العین ہے۔سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے کا پریس کانفرنس سے خطاب

ڈیرہ اسماعیل خان( )تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید شجاعت علی بخاری نے کہا ہے کہ پوری دنیا دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی مقروض ہے،بہادر مسلح افواج پاک دھرتی سے دہشتگردوں کا صفایا کرنے میں مصروف ہیں،بچے کھچے دشمن موقع ملنے پر چھپ کر وار کردیتے ہیں،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے سب سے پہلے دہشتگردی کیخلاف آواز بلندکی،سپریم کورٹ کے ازخو د نوٹس پر انسداد دہشتگردی کیلئے موسوی امن فارمولہ پیش کیا،پاکستانی حکمرانوں،سیاستدانوں کی مفادت پرستی نے مسائل سے دوچار کررکھا ہے،باطل کے مقابلے میں قوم کو سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا،شہدائے ڈی آئی خان کے لواحقین کی داد رسی کی جائے،عزاداری ،ولائے علی ؑ ،حرمتِ سادات،احترام مرجعیت اور مرکزیت کا تحفظ ہمارا نصب العین ہے جس کیلئے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی قیادت میں عملی جدوجہد امانت و دیانت کیساتھ جاری رکھی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امامیہ مسجد محلہ جوگیاں والا میں ٹی این ایف جے کے مرکزی ،صوبائی اورریجنل عہدیداران کے ہمراہ صوبائی تنظیمی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شجاعت بخاری نے باورکرایا کہ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے ہمیشہ دین و وطن کے مفادات کو ہر شے پر ترجیح دی ہے،یہ بات ریکارڈ پر موجود ہے کہ دہشتگردی کیخلاف سب سے پہلے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے آواز بلند کی اوراسکے انسداد کیلئے سابق چیف جسٹس آف پاکستان سید سجاد علی شاہ کے از خود نوٹس پر ٹی این ایف جے نے 20اگست 1997ء کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے دہشتگردی کے اسباب اور انسداد کیلئے 850سے زائد صفحات پر مشتمل موسوی امن فارمولا پیش کیا جسے عدالت عظمیٰ نے بے حد سراہا ،مذکورہ فارمولے میں انتہا پسند گروپو ں کی بیرونی امداد بند کرنے ، فرقہ ورانہ ، لسانی بنیاد پر عملی سیاست میں حصہ لینے اور کسی مسلمہ فرقے کو غیر مسلم کہناقابل تعزیر جرم قرار دینے کے علاوہ انتہا پسند دہشتگرد گروپوں کو ممنوع قرار دینے کی تجویز بھی شامل تھی ، بعد ازاں سابق وفاقی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر کی دعوت پروزارت داخلہ اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں تحریری سفارشات کے طور پر موسوی امن فارمولا پیش کیا گیا جسے وزیر داخلہ نے بذریعہ خصوصی مکتوب نہ صر ف سراہا بلکہ ملک میں امن کیلئے نہایت کارآمد قرار دیا ، جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور حکومت میں ابتدائی طور پر16انتہاپسند گروپوں کو سرکاری طور پر ممنوع قرار دیا گیا جو نئے ناموں سے کام کرتے رہے اور حکومیتں آتی جاتی رہیں اور کالعدم گروپوں کی تعداد میں سرکاری طور پر اضافہ بھی ہوا۔

سیکرٹری جنر ل ٹی این ایف جے نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج اور عوام نے پون لاکھ سے زائد جانوں کے نذرانے پیش کیے ،اربوں کھربوں کا نقصان برداشت کیا،فرنٹ کلائن کردار ادا کرکے دہشتگردی کے سیلاب کو روکا،پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے پاک دھرتی سے دہشتگردوں کی پنا ہ گاہوں کا صفایا کرنے میں مصروف ہیں جبکہ امریکہ اور اُسکی اتحاد افواج افغان فورسسز کی مدد اور تمام تر ہتھیاروں اور مادی قوت کے باوجود افغانستان سے دہشتگردوں کا خاتمہ نہیں کر سکے۔انہوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ اسو وقت بھی کالعدم تنظیمیں نئے و پرانے ناموں سے کھل کھلا کر کام کررہی ہیں جو نیشنل ایکشن پلان کے منافی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آپریشن ردالفساد کا دائرہ کار ڈیرہ اسماعیل خان سمیت پورے ملک میں پھیلایا جائے ،دہشتگردی کومسالک مکاتب کیساتھ نہ جوڑاجائے یہ استعماری قوتوں کا ایجنڈا ہے دہشتگرد کو دہشتگرد سمجھ کر نمٹا جائے ۔

سید شجاعت علی بخاری نے ماضی میں ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ اورخودکش بم دھماکوں کے شہداء کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ لواحقین کی دادرسی کرے ،تمام بے گناہ لا پتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے ۔انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ حکومت کی روش پر چلتے ہوئے قومی ایکشن پلان کو محض غریب علماء اور مذہبی کارکنوں کو بند کرنے اوربلاجوازفورتھ شیڈول میں ڈالنے تک محدود کر دیا ہے حالانکہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ کالعدم گروپوں کو شکنجے میں جکڑے انکی نئے ناموں سے سرگرمیوں اور میڈیا کوریج پر پابندی لگائے۔انہوں نے کہا کہ ممنوعہ تنظیموں کی پذیرائی دہشتگردی کے شہداء کے لواحقین و متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی ہے، سو سو افراد کی شہادت پر جشن منانے والوں کو دورے کروا کر انعامات اور شیلڈیں دینا ناقابل فہم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست منافقت سے لبریز ہوچکی ہے ،نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق کرنے والے روڑے اٹکارہے ہیں، اقتدار و اختلا ف دونوں اطراف کے سیاستدانوں کے کالعدم تنظیموں کیساتھ یارانے ہیں ایکشن پلان پر عمل کرکے قوم کے زخموں پر مرہم رکھا جا سکتا ہے ، حکومت ٹی این ایف جے کے مطالبے پر عمل کرتے ہوئے مذہبی رہنماؤں کے اثاثوں کی بھی پڑتال کرے، قوم پاک فوج کے جوانوں اور بے گناہ پاکستانیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیگی۔

شجاعت بخاری نے واشگاف الفاظ میں اعلان کیا کہ ٹی این ایف جے کے قیام کا مقصد مکتب تشیع کے حقوق کا حصول ہے اور فقہ جعفریہ کے نفاذ کا مطالبہ مکتب جعفر ابن محمد ؐ کے پیروکاروں کیلئے ہے ،ہم کسی دوسرے پر اپناعقیدہ مسلط نہیں کرنا چاہتے اور نہ کسی کا عقیدہ اپنے اوپر مسلط ہونے دیں گے ،ہر مسلک ہر صوبے ہر قومیت کے حقوق کی پاسداری ہمارا مطمع نظر ہے ۔انہوں نے کہا کہ آقای موسوی نے اپنی قوم کو ہر مقام پر سرخرو کیا ہے ،عساکر پاکستان کی ہمیشہ حمایت کی ہے،ضرب عضب ہو یا رد الفساد ہر جگہ قوم کا شملہ بلند کیا لیکن کیا وجہ ہے کہ دہشتگردی جاری ہے؟حقیقت یہ ہے کہ ہمارے حکمرانوں، سیاستدانوں کے دہشتگردوں کیساتھ یارانے ہیں ،ساتھ اٹھتے بیٹھتے ہیں ۔چینلوں میں انہیں جگہ دی جاتی ۔انہوں نے یہ بات زوردیکر کہی کہ اگر قوم اپنے مسائل کا حل چاہتی ہے تو اسے مرکز کا ساتھ دینا ہوگا۔فرمان معصوم ؑ ہے کہ اوپر والا ہاتھ نیچے والے ہاتھ سے بہترہے۔ہم نے کسی سے بیرونی امداد نہیں لی تاکہ آپ کاسر اونچا رہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان :تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری جنرل شجاعت علی بخاری امامیہ مسجد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں ۔
ڈیرہ اسماعیل خان :تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری جنرل شجاعت علی بخاری امامیہ مسجد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں ۔
ڈیرہ اسماعیل خان :تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری جنرل شجاعت علی بخاری امامیہ مسجد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں ۔
ڈیرہ اسماعیل خان :تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری جنرل شجاعت علی بخاری امامیہ مسجد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.