15 رجب یوم شریکۃ الحسین ؑ ۔۔ ہر رسم عزا تجھ سے زمانے میں چلی ہے

ولایت نیوز شیئر کریں

خواتین عالم آج بھی زینبی ؑ کردار پر نازاں ہیں،کشمیری وفلسطین حریت پسندوں سمیت تمام مظلوم قوتوں کیساتھ بھرپور یکجہتی کی جائے۔آپا سیدہ حسین

اسلام آباد( ولایت نیوز)قائد ملت جعفریہ آغا سیدحامد علی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق ثانی زہرا ؑ حضرت سیدہ زینب بنت علی ؑ سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت سے 15رجب’’ یوم شریکۃ الحسین ؑ ‘‘سوموارکو مذہبی جذبے اورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا ۔ٹی این ایف جے کی مرکزی یوم شریکۃ الحسین ؑ کمیٹی کی کنوینر آپا سیدہ حسین کی زیرصدارت باب فضہ رضوان اللہ علیھا میں منعقد ہ اجلاس میں مجالس عزا کے پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی۔آپا سیدہ حسین نے جملہ اہل وطن سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم شریکۃ الحسین ؑ کے موقع پر کربلائے کشمیر میں اپنی گود کے پالوں کو قربان کرنے والی خواتین ،بھارتی مظالم کا مقابلہ کرنے والے حریت پسندوں سمیت تمام مظلوم قوتوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کریں، آپریشن ردالفسادکی کامیابی اور عالم اسلام و وطن عزیز پاکستان کے مصائب کے خاتمہ کیلئے دعائیں کی جائیں۔

انہوں نے باورکرایا کہ اسلام کی تاریخ ان باہمت خواتین کے تذکروں سے لبریز ہے جنہوں نے دین وشریعت کے دائرے میں رہ کر وہ عظیم کارہانمایاں سرانجام دےئے جس کی مثال دنیا پیش کرنے سے قاصر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ثانی زہرا حضرت زینب بنت علی سلام اللہ علیھا نے بعد از شہادت حسین ؑ ظلم و جبر سے لبریز دور میں حسینی مشن کو سنبھالا اور اسلام کو آمریت و ملوکیت کا گہن لگنے سے بچایا۔خواتین عالم آج بھی زینبی ؑ کردار پر نازاں ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کی ڈپٹی کنوینر محترمہ بنت موسیٰ موسوی نے کہا کہ حضرت زینب ؑ کی رگوں میں نبوت و رسالت و ولایت کا خون موجزن تھا آپ کا قلب خزانہ اسرار الہیٰ تھا ،آپ صبر و برداشت اور ہمت و استقلال کی پیکر تھیں جنہوں نے کوفہ و شام کے بازاروں اور یزید و ابن زیاد کے درباروں میں فصاحت و بلاغت سے لبریز خطبات اور تقریرات سے قصر ہائے یزیدیت کی چولیں ہلا کر رکھ دیں،دین و شریعت کی بقا کیلئے اپنے دونوں فرزند حسین ؑ کے قدموں پر نچھاور کر دےئے،دنیا کے تمام مصائب و آلام برداشت کر نے کے باوجود راہ دین و شریعت سے ہٹنا گوارہ نہ کیا اور اپنے عزم اور حوصلے سے دنیائے انسانیت کو حیران و ششدر کر کے رکھ دیا ۔انہوں نے کہا کہ زینبؑ تاریخ کی ایک مثالی خاتون ،عزم و رزم کی ملکہ اور ترجمان حسینیت تھیں جن کی تاسی میں آج بھی خانوادہ نبوت و رسالت و ولایت سے محبت رکھنے والی مظلوم خواتین دنیا کے مختلف علاقوں میں طاقت ا ور خونخواروں کے خلاف مبارزے میں مصرو ف ہیں،حضرت زینبؑ کی محبت میں ڈوبی یہ خواتین تحمل و بردباری ،قناعت و کفایت شعاری ،استقامت و مضبوطی کے ساتھ عالمی استعمار اور اسکے آلہ کاروں کی ریشہ دوانیوں کا گلا گھونٹ رہی ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.