سانحہ کوچہ رسالداراورمکتب تشیع کو درپیش مسائل: تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے وفد کی خیبر پختونخواہ کے ہوم سیکرٹری سے ملاقات
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے صوبائی صدرکی سرکردگی میں وفد کی صوبائی ہوم سیکرٹری سے ملاقات
سانحہ شیعہ جامع مسجد کیلئے جوڈیشنل انکوئری بورڈتشکیل دیاجائے جومکمل تحقیقات کرکے پس پردہ محرکات سہولتکاروں کو بے نقاب کرے
سانحہ کے وقت ملت جعفریہ نے پرامن رہے کرصبروتحمل کاجومظاہرہ کیاہے وہ لائق تحسین ہے۔ ہوم سیکرٹری
شہداء،زخمیوں کیلئے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان کیا جائے، متاثرہ خاندانوں کی کفالت کیلئے ملازمتیں فراہم کی جائیں۔ سیدغضنفرعلی شاہ ایڈووکیٹ
دہشتگردی کے دلخراش واقعے پر ہر محب وطن کا دل خون کے آنسورورہاہے، پشاورسمیت صوبہ بھر میں سرچ آپریشن کا مطالبہ،انتظامیہ کی چشم پوشی افسوسناک ہے
ہوم سیکرٹری خیبر پختونخواخوشحال خان نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے وفد کے مطالبات پر مثبت عملدرآمد کی یقین دہانی،
پشاور( ولایت نیوز)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ خیبر پختونخوا کے نمائندہ وفد نے صوبائی صدر سیدغضنفرعلی شاہ ایڈووکیٹ کی سرکردگی میں ہوم سیکرٹری خوشحال خان سے ملاقات کی۔وفدمیں تحریک کے سینئر نائب صدر مولانا ملک اجلال حیدر الحیدری، سیکرٹری جنرل ابوجعفرکیانی،سیکرٹری عزاداری حیات علی میر، امتیاز علی بنگش، مولاناجوہرعباس میر؛ذیڈ حیدرجمیل ایڈووکیٹ بھی شامل تھے۔
وفد نے صوبائی سطح پر مکتب تشیع کو درپیش مسائل،متعصبانہ رویے اور حقوق کی محرومی کے حوالے سے ملت جعفریہ کی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ جمعہ 4مارچ کو پشاورکی شیعہ جامع کوچہ رسالدارپر دہشتگردی کے دلخراش واقعے پر ہر محب وطن کا دل خون کے آنسورورہاہے۔ بقول قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی شیعہ جامع کوچہ رسالدار پشاور میں نمازجمعہ کے دوران بدترین دہشت گردی اسلام و پاکستان پر حملہ ہے۔ ملک دشمنوں کی سازشوں کے پیشِ نظر ایسے ٹھوس اقدامات اٹھانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جن سے بلا امتیاز قانونی کاروائی کے ذریعے تمام کالعدم دہشتگرد گروپوں کو شکنجے میں جکڑ کر انسداد دہشتگردی کو ممکن بنایا جاسکے۔
ٹی این ایف جے کے صوبائی صدر سیدغضنفرعلی شاہ ایڈووکیٹ نے ہوم سیکرٹری کو بتایاکہ سانحہ شیعہ جامع مسجد کیلئے جوڈیشنل انکوئری بورڈتشکیل دیاجائے جواس سانحہ کی مکمل تحقیقات کرکے پس پردہ محرکات اور نہ صرف مجرموں بلکہ سہولتکاروں کو بھی بے نقاب کرے، شہدائے سانحہ مرکزی شیعہ جامع مسجد پشاورکے شہداء کے لواحقین اورزخمیوں کی دادرسی کی جائے۔ شہداء اور زخمیوں کیلئے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان کیا جائے، اور متاثرہ خاندانوں کی کفالت کے لیئے ملازمتیں فراہم کی جائیں۔

انہوں نے پشاورسمیت صوبہ بھر میں سرچ آپریشن کامطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کالعدم تکفیری عناصر جب اور جہاں چاہیں جلسوں اور ریلیوں میں مکتب تشیع کے خلاف کافر کافرکے نعرے لگاتے ہیں لیکن قانون انکے خلاف حرکت میں نہیں آتا جس سے شدت پسندوں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے،انہوں نے شیعہ جامع مسجدپشاورکی تعمیروتزئین کیلئے بھی اقدامات کرنے کامطالبہ کیا، سانحہ پشاور کے وقت ہسپتالوں میں طبی سہولیات ناقص تھیں جسکے باعث زخمیوں کے علاج میں دقت کا سامنا رہا اورکئی زخمیوں کے آپریشن تاحال ممکن نہیں ہو سکے،خیبرپختونخوامیں حساس مقامات پر قبل از وقت حفاظتی اقدامات کیے جائیں، آمدہ پروگراموں بشمول رمضان المبارک میں مجالس،جلوسوں، اور محافل کیلئے روشنی و صفائی اور حفاظت کے انتظامات کیے جائیں۔
وفد نے صوبائی سطح پر رویت ہلال کمیٹی، نظریاتی کونسل، قران بورڈ اور دیگر امور میں مخصوص طبقہ فکر اور مسالک کے غیر نمائندہ افراد کی پذیرائی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے باورکرایا کہ اس غلط روایت کی وجہ سے مسالک کی صحیح ترجمانی نہیں ہوتی۔نیز اختلافی امور کو ہوا دیکر فرقہ واریت کو ہوا دی جاتی ہے،اگر مسالک کے حقیقی نمائندوں کو ان کمیٹیوں کا حصہ بنایا جائے تو فرقہ واریت کی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔

ہوم سیکرٹری خیبر پختونخوا خوشحال خان نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے وفد کے مطالبات پر مثبت عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی اورکہاکہ سانحہ کے وقت ملت جعفریہ نے پرامن رہے کرصبروتحمل کاجومظاہرہ کیاہے وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام مجرموں کوگرفتارکرکے کیفرکردارتک پہنچایاجائے گا۔۔ وفدنے کہا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی قیادت میں ہمیشہ کی طرح امن و امان کے قیام، سنی شیعہ بھائی چارے کے فروغ کیلئے ہمہ وقت تعاون کیلئے تیار ہے۔