دربار بی بی پاک دامنہ ؑ کو زائرین کیلئے کھولا جائے، تعمیر نو اصل نقشے کے مطابق یقینی بنائی جائے، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ
دربار بی بی پاک دامنہ ؑ کو زائرین کیلئے کھولا جائے، میلاد و عزاداری کے پروگراموں کا انعقاد یقینی بنایا جائے
دربار کی تعمیر نو اصل نقشے کے مطابق یقینی بنا کر زائرین کیلئے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں
خانوادہ ِاہلبیت ؑ کی شہزادیوں کے نقش ِپا ملک بھر کیلئے باعث عز و شرف ہیں۔ترجمان ٹی این ایف جے پنجاب
لاہور (ولایت نیوز ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ دربار بی بی ؑپاک دامنہ کو زائرین کے لیے فوری طور پر کھولا جائے تاکہ مزار کی بندش کے باعث تعطل کا شکار محافل میلاد و عزاداری کا سلسلہ بھی اپنی روایات کے مطابق جاری ہو سکے، جبکہ مزار کی توسیع و تعمیر نو حکومت ِ پنجاب سے منظور ہونیوالے اصل نقشے کے مطابق یقینی بنائی جائے تاکہ اسلامی فن تعمیر کی حامل تمام ضروری سہولیات سے مزین عمارت تیار ہو۔
ترجمان نے کہا کہ امیر المومنین حضرت علی ؑ ابن ابی طالب ؑکی دختر اور سپہ سلار لشکر حسینی ؑ حضرت عباس ؑ علمدار کی ہمشیرہ جناب سیدہ رقیہ بنت علی ؑ سے منسوب مزار اقدس دربار بی بی ؑپاک دامنہ بلا تفریق مکتب و مسلک مرجع خلائق اور سالکان ِحق و صداقت کیلئے مشعل راہ ہے، جبکہ خانوادہ اہل بیتؑ کی ان پاکیزہ شاہزادیوں کے نقش ِپا نہ صرف لاہور بلکہ پورے پاکستان کیلئے باعث عز و شرف ہیں، تاہم یہ امر باعث ِ صد افسوس ہے کہ مزار اقدس دربار بی بی پاک دامنہ کی تعمیر نو کا منصوبہ طویل عرصہ سے ارباب اختیار و ذمہ داران کی بے توجہی کا نشانہ ہے جس کے باعث تعمیرا تی کام متنازعہ اور انتہائی سست روی کا شکار رہا، جبکہ تعمیراتی منصو بے کی تکمیل کی متعدد ڈیڈ لائنز گزر جانے کے باوجود اسے تاحال مکمل نہیں کیا جا سکا۔ تعمیراتی کام کے نتیجہ میں دربار کو زائرین کے لیئے بند کر دیا گیا جس کے باعث دور دراز سے آنیوالے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور دربار پر محافل میلاد اور عزاداری کے مجالس و جلوس کا سلسلہ بھی تعطل کا شکار ہے۔
دربار بی بی پاک دامنہ پر حاضر ہونیوالے زائرین کیلئے بنیادی سہولیات کے فقدان کی نشاندہی کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہر سال ملک بھر سے لاکھوں زائرین کی آمد کے نتیجہ میں محکمہ اوقاف کو حاصل ہونیوالی خطیر آمدن کے باوجود دربار بی بی پاک دامنہ پر زائرین کیلئے نہ تو رہائش کا کوئی مناسب انتظام موجود ہے اور نہ ہی طہارت خانے و غسل خانوں کی سہولیات دستیاب ہیں جبکہ پارکنگ کیلئے بھی بہتر انتظامات کی ضرورت ہے۔
ترجمان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تعمیر نو کے منصوبے میں زائرین کیلئے جملہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے اور مرحلہ وار تعمیر کرتے ہوئے مزار اقدس دربار بی بی پاک دامنہ کو زائرین کیلئے فی الفور کھولا جائے۔
ٹی این ایف جے پنجاب کے ترجمان کا مذید کہناتھا کہ میلاد النبیؐ کی محافل اور عزاداری حسین ؑ کے مجالس و جلوس کا انعقاد دربار بی بی ؑپاک دامنہ کا خاصا اور زائرین و حاضرین کی روحانی و ایمانی تربیت کا ذریعہ ہے لہٰذا رواں ماہ ذوالقعدہ اور آمدہ ذوالحجہ کے دوران مزار بی بی ؑپاک دامن پر میلاد و عزاداری کے روایتی پروگراموں کے انعقاد کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں اور سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کیئے جائیں۔
