تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا ’یوم شہداء‘: حسینیت کے سائے میں پلی قوم کو شہادتوں سے خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا، امن کیلئے بھیک نہیں آہنی ہاتھ استعمال کریں،آغا حامد موسوی ،سانحہ کیچ کے شہداء کو سپاس
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کاملک گیر ’یوم شہداء‘: حسینیت کے سائے میں پلی پاکستانی قوم کو شہادتوں سے خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا،آغا حامد موسوی
افواج پر حملے، دہشت گردی میں اضافہ اور کالعدم و تکفیری جماعتوں کا سر اٹھانا ایک ہی سازش کی کڑیا ں ہیں،شہیدوں کا مقدس لہوقوم کی تقویت کا باعث ہے
حکومت کو امن کے قیام کیلئے بھیک نہیں آہنی ہاتھ استعمال کرنا ہوگا،کالعدم جماعتوں کے ساتھ معذرت خواہانہ رویہ شہداء کے لہو کے ساتھ غداری ہے
کلبھوشن کے پرزے انتظامیہ و اداروں کے اندر گھس چکے جنھیں فوج اور ریاست کے خلاف نفرت بڑھانے کیلئے استعمال کیاجارہا ہے وزیراعظم اور آرمی چیف نوٹس لیں
چانکیہ کے چیلے جنوبی ایشیاکو ایٹمی جنگ میں جھونکنا چاہتے ہیں،ِ سانحہ کیچ پر بھارتی میڈیا پر خوشی کے شادیانوں نے ازلی دشمن کامکروہ چہرہ بے نقاب کردیا
عالمی معیشت پر چین کی حکمرانی اور پاکستان کے معاشی استحکام کے خوف نے استعمار کو بے چین کررکھا ہے، شہیدوں کی قربانیاں پوری پاکستانی قوم پر قرض ہیں، دعائیہ اجتماع سے خطاب
پاکستان بھر میں احتجاجی مظاہرے، دعائیہ اجتماعات اور شہداء کی یاد میں شمعیں روشن؛ صوبائی صدور کا مختلف شہروں میں اجتماعات سے خطاب، ذیلی تنظیموں کی جانب سے شہداء کو خراج تحسین
اسلام آباد (ولایت نیوز )سانحہ کیچ سمیت بلوچستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں متواتر دہشت گردحملوں کے رد عمل میں سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی کال پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اور اس کی ذیلی تنظیموں کی جانب سے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور دہشت گردی کی مذمت کیلئے ’یوم شہداء‘ جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
اس مو قع پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے، دعائیہ اجتماعات منعقد کئے گئے اور شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں، اور سانحہ کیچ ،ڈیرہ بگٹی سمیت دہشت گردی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ہیڈکوارٹر مکتب تشیع میں دعائیہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ حسینیت کے سائے میں پلی پاکستانی قوم کو شہادتوں سے خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا،افواج پاکستان پر حملے دہشت گردی کا بڑھنا اور کالعدم و تکفیری جماعتوں کا سر اٹھانا ایک ہی سازش کی کڑیا ں ہیں، شہیدوں کا مقدس لہو پاک وطن کے رکھوالوں اور قوم کی تقویت کا باعث ہے، سانحہ کیچ کے بعد بھارتی میڈیا پر خوشی کے شادیانوں نے ازلی دشمن کے گھناؤنے اور مکروہ چہرے کو بے نقاب کردیا، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں بھارت کو پاکستان کی سرزمین میں مداخلت سے روکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو امن کے قیام کیلئے بھیک نہیں آہنی ہاتھ استعمال کرنا ہوگاکالعدم جماعتیں دہشت گردوں کی سہولت کار ہیں جن کے ساتھ معذرت خواہانہ رویہ شہداء کے لہو کے ساتھ غداری ہے اور شہیدوں کے ورثا کے زخموں پر نمک پوشی ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں آج بھی بیرونی ملکوں کے ایجنٹوں کے ہاتھوں بلیک میل ہو رہی ہے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ہم بارہا ارباب اقتدار کو متوجہ کرچکے ہیں کہ کلبھوشن نیٹ ورک کے پرزے انتظامیہ اور اداروں کے اندر گھس چکے ہیں جن سے ایسے اقدامات کروائے جا رہے ہیں جن سے فوج اور ریاست کے خلاف نفرت کو بڑھایا جائے، وزیر اعظم، وفاقی و صوبائی حکومتوں اور آرمی چیف نوٹس لیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی کہ اہنسا کے نام نہاد پجاری چانکیہ کے چیلے جنوبی ایشیاکو ایٹمی جنگ میں جھونکنا چاہتے ہیں، استعماری قوتیں عالمی طاقت بننے کے خواب دیکھنے والے بھارت کو کرائے کے قاتل کے طور پر استعمال کررہی ہیں،سی پیک کے ذریعے عالمی معیشت پر چین کی حکمرانی اور پاکستان کے معاشی استحکام کے خوف نے استعماری و صیہونی قوتوں کو بے چین کررکھا ہے۔
قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ شہیدوں کی قربانیاں پوری پاکستانی قوم پر قرض ہیں ان تما م ماؤں بہنوں بیٹیوں کے غم میں شریک ہیں جن کے پیارے پاکستان کے امن اور دفاع کی خاطر قربان ہوگئے۔
اس مو قع پر انہوں نے شہداء کی بلندی درجات، عالم اسلام کی یکجہتی، پاکستان کے امن و استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دعا کی۔درایں اثنا ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں آمدہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے تمام شہروں میں ’یوم شہدا‘ کے موقع پر احتجاجی مظاہرے اور دعائیہ اجتماعات منعقد ہوئے۔
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پنجاب کے صدر علامہ حسین مقدسی نے 26ایریا گدوال واہ کینٹ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اور بیرونی ایجنٹوں کے مقابلے میں پوری پاکستان سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی۔
ٹی این ایف جے بلوچستان کے صدر ہادی عسکری اور سردار طارق جعفری نے ہزارہ ٹاؤن میں دعائیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین عالمی سازشوں کا مرکز بن چکی ہے بیرونی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر بلا رورعایت عمل کرنا ہو گا۔
ٹی این ایف جے سندھ کے صدر علامہ اصغر نقوی نے شہدائے شکار پور کی برسی کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔
ٹی این ایف جے خیبر پختونخواہ کے صدر غضنفر علی شاہ ایڈووکیٹ نے قومی امام بارگاہ شیر کوٹ کوہاٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا بچہ بچہ شہیدوں کا ممنون احسان ہے شہدا ء کی قربانی قوموں کی تابندگی کی علامت ہے۔
ٹی این ایف جے آزادکشمیر کے صدر نے حیدری امام بارگاہ باغ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت آزاد کشمیر کی فضا کو نفرتوں سے آلودہ کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہے جسے ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
درس آل محمد ؐ فیصل آباد میں آغا حجت علی، مرکزی امام بارگاہ ممتاز آباد ملتان میں سید قمر الحسنین نقوی و احتشام نقوی، 45بلک ڈیرہ غازی خان میں سید ظفر عباس نقوی، 18ہزاری جھنگ میں سردار نوید عباس بلوچ، قدیمی امامبارگاہ چنیوٹ میں علی حسین، علی چک گجرات میں چوہدی اکرم طاہر، محلہ رسی وٹاں پشاور صوبائی دفتر ٹی این ایف جے میں علامہ جو ہر عباس میر، حیدر آباد میں مخدوم عبدالقادر، خیر پور میں استاد ابو الحسنین زیدی، راجن پور میں اقبال جعفری نے دعائیہ مجلس سے خطاب کیا۔ کراچی لاہور لاڑکانہ خیر پور جیکب آباد سکھر بہاولپوردینہ اٹک ہری پور ایبٹ آبادمظفر آباد میرپور آزاد کشمیرمختلف شہروں میں یوم شہداکی مناسبت سے پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔
ٹی این ایف جے کی ذیلی تنظیموں ام البنین ڈبلیو ایف، مختار آرگنائزیشن، مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، ابراہیم سکاؤٹس کی جانب سے بھی شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
