تیری زہراؑ کو زمانے نے ستایا باباؐ۔۔۔۔جنت البقیع کی پکار پر لاہور کے باسیوں کا منفرد احتجاج

ولایت نیوز شیئر کریں

زندہ دلان لاہور نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی کال پر  بھرپور انداز میں لبیک کہا

ماتھوں پر لبیک یا زہراؑ کی پٹیاں باندھے سروں اور سینوں پر ماتم کرتے مظاہرین کی دلدوز صدائیں ہر صاحب دل کا سینہ چھلنی کررہی تھی 

لاہور(رپورٹ ۔جدیر کاظمی )  رسول ؐ کی پیاری بیٹی خاتون جنت شہزادی کو نین حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کے مزار اقدس سمیت دس امہات المومنین ، چار آئمہ اہلبیتؑ ، ہزاروں صحابہ کی قبور کی مسماری کے خلاف قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی کال پر زندہ دلان لاہور نے بھرپور انداز میں لبیک کہا ۔مسافر خانہ بی بی پاکدامن ؒ  پر مجلس عزا کے انعقاد کے بعد جب ہزاروں ماتمی عزادار و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ مختار فورس مختار سٹوڈنٹس ابراہیم سکاؤ ٹس کے کارکنان  لاہور کی معروف و مصروف شاہراہ تاریخی ایمپریس روڈ پر نکلے تو ماتمی احتجاج کرنے والوں کے نعرے بینر اور کتبے دیکھ کر اہلسنت برادران ، تاجر نمائندے بھی اس تاریخی جلوس میں شامل ہو گئے ۔

ایمپریس روڈ ،جو برطانوی راج میں صوبہ پنجاب کے لیفٹیننٹ گورنر  کی ریلورے سٹیشن پر  آمد و رفت کیلئے تعمیر کیا گیا تھا عہد حاضر کے استعماری سرغنہ امریکہ کے قونصلیٹ اور پریس کلب کی تعمیر کے بعد مزید اہمیت اختیار کرچکا ہے، پر نبی کی پیاری بیٹیؑ پر زندگی اور شہادت کے بعد گرائے جانے والے مظالم کی داستان بیان کرتے نوحہ و ماتم کے ساتھ ہونے والے منفرد احتجاج نے مصروف ترین شاہراہ کے ہزاروں راہیوں کے قدم روک دیئے ۔ ماتھوں پر لبیک یا زہراؑ کی پٹیاں باندھے سروں اور سینوں پر ماتم کرتے مظاہرین کی دلدوز صدائیں ہر صاحب دل کا سینہ چھلنی کررہی تھی ۔

وفا کے شہنشاہ حضرت عباس علمدار کی مسافرہ بہن کے مزار سے شروع ہونے والی ریلی میں شریک ہر فرد عشق رسالتؐ کا مظہر اور آل رسول ؐ سے وفا کا پیکر نظر آیا۔ آنکھیں اشکبار اور چہرے سوگوار نظر آئے ۔

تفصیلات کے مطابق مسافر خانہ دربار بی بی پاک دامن پر مجلس عزا بسلسلہ ۸ شوال یوم انہدام جنت البقیع کا آغاز صبح 10:00 بجے تلاوت کلام پاک اور حدیث کساء سے ہوا ، جسکی سعادت تحریک نفاذ فقہ جعفریہ لاہور کے ضلعی صدر علامہ اسد عباس اطہر نے حاصل کی۔ مجلسِ عزا سے نامور علماء و ذاکرین نے خطاب کیا جنمیں ذاکر غلام عباس رتن، ذاکر کامران عباس بی اے، ذاکر غلام عباس جپا، ذاکر عمران خادم بجلی،علامہ اسد عباس اطہر، علامہ حیدر عباس نقوی، شاعرِ آل محمد رائے علی عمران، ذاکر مرتضیٰ حسن رائے،ذاکر غلام عباس سرگانہ،ذاکر امجد سیال،ذاکر ماجد اثر، ذاکر اعجاز رضا نے خطاب کیا، اپنے خطاب میں علماء و ذاکرین نے 8شوال کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی مصائب جناب سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا بیان کیے ۔ مومنین کی بڑی تعداد مجلس عزا میں شریک تھی۔آخری خطاب ذاکر آل محمد کامران عباس بی اے نے کیا۔

اختتام مجلس عزا پر یوم انہدام جنت البقیع کا ماتمی احتجاجی جلوس برآمد ہوا جسکی قیادت صوبائی صدر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پنجاب علامہ آغا سید حسین مقدسی ،جلوس کے منتظم اعلیٰ صوبائی ترجمان  حسن کاظمی، ریجنل صدرسید ذوالفقار حیدر نقوی بانی و لائسنسدار مرکزی۹محرم و ۸ ربیع الاول چپ تعزیہ جلوس، علامہ رائے مزمل حسین عابد جانشین علامہ رائے مہدی حسن کمالیہ(مرحوم )، ضلعی صدرعلامہ اسد عباس اطہر، علامہ ذوالفقار حیدر نقوی، سید حیدر نقوی، سید عمرا ن حیدر نقوی، ملک ریاض حسین ، پیر سید علی رضا کاظمی ، ذاکر سید گلفام حسین مہاجر، ذاکر ماجد حسین اثر، ، سیٹھ بشارت حسین، علامہ کرامت دمشقی، علامہ قمر عباس جتوئی، ذاکر کامران عباس بی اے، ذاکر عقیل حسن سندھو، علامہ آصف رضا، علامہ سید علی ضیغم رضوی، سید نجم الحسن زیدی، سید سکندر رضوی، جنرل سیکرٹری جے یو پی ڈاکٹر امجد چشتی ، سید علی نقوی وائس چیئرمین امن کمیٹی دربار بی بی پاک دامن، سید شاہد عباس کاظمی صدر انتظامیہ مرکزیمسجد صاحب الزمان حیدر روڈ اسلام پورہ ، سید اعجاز کاظمی، قمر عباس جدون متولی امامبارگاہ ابوالفضل العباسؑ ، سید آصف شاہ بانی مجلسِ ام المصائب،ؑ سید نوید شاہ، سید الیاس رضوی،سید عروج رضوی کے علاوہ سید عمران حیدر نقوی ماتمی سنگت شباب علی اکبرؑ ، سید ظفریاب نقوی سالار ماتمی سنگت ثانی زہراؑ شیرا کوٹ،سالار سید ناصر شاہ ماتمی سنگت صدائے ماتم ، باوا سید ذوالفی شاہ سالار ماتمی سنگت سپاہ عباس ،اور سالار ماتمی سنگت علی رضا نے کی۔

ماتمی احتجاجی جلوس ایمپریس روڈ پر آیا اور شملہ پہاڑی کی جانب گامزن ہوا، اس موقع پر آلِ سعود کے ہاتھوں مدینہ منورہ و مکہ مکرمہ میں قدیم قبرستان جنت البقیع و جنت المعلیٰ میں مشاہیر اسلام کے مزارات قدسیہ کی تاراجی کے خلاف اور مسمار کیئے گئے مزارات و مقاماتِ مقدسہ کی تعمیر نو کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی گئی جبکہ اس دوران وقفہ وقفہ سے خطابات کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ مظاہرین نوحہ خوانی کے ہمراہ ” یا جناب سیدہ ، آ ئے ہیں پرسے کو ہم ” کے فلک شگاف نعرے کے ساتھ سر کا ماتم بھی کرتے رہے، اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

اس موقع پر جلوس کے روٹ پر پولیس اور دیگر انتظامی اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے موثر انتظامات کیے گئے تھے۔ پاک فوج اور پولیس کی بھاری نفری جلوس کے آگے اور پیچھے چلتی رہی ۔

لاہور پریس کلب شملہ پہاڑی پہنچنے کے  بعدجلوس نے جلسے کی شکل اختیار کرلی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے کے صوبائی صدرعلامہ سیدحسین مقدسی نے  مسلم حکمرانوں پر زوردیا کہ اگر وہ سعودی عرب میں منہدم شدہ مزارات مقدسہ کی عظمت رفتہ کو بحال کرادیں تو القدس شریف کی یہودیوں کے چنگل سے بازیابی اور کشمیرکی آزادی سمیت تمام عالمی اسلامی مسائل کے حل کی ہم ضمانت دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بزرگانِ دین کی عزت و حرمت ان کی زند گی میں واجب ہے اسی طرح بعدازحیات انکے مقابر اور مزارات کی تعظیم بھی لازم ہے۔

علامہ سیدذوالفقارحیدرنقوی نے کہا کہ آج دنیا بھر کی طرح پنجاب کے صوبائی دارلحکومت لاہور میں سفیر امن قائد ملت جعفریہ آغا سیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان پر لبیک کہتے ہوئے یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر تمام مکاتب فکر کا یہ مشترکہ اور نمائندہ اجتماع اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ  سعودی حکومت پر سفارتی دباؤ ڈالے کہ وہ مزاراتِ مقدسہ کی عظمتِ رفتہ کو فوری بحال کرے کیونکہ مشاہیر اسلام کے آثار اسلام کی شان و شوکت کے وہ مراکز ہیں جہاں سے دنیا بھر کو درسِ ہدایت ملتا ہے ۔

علامہ رائے مزمل حسین نے اپنے خطاب میں باور کرایا کہ ۸ شوال یوم انہدام جنت البقعیع تمام امت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہے جسکے لیے آواز اٹھانا عین اجر رسالت ہے، انہوں نے اس موقع پر موجود ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے احتجاجی پروگراموں کا بھرپور ابلاغ کر کے اپنی صحافتی ذمہ داری ادا کریں۔ علامہ اسدعباس اطہرنے کہاکہ جو ہستیاں حرمت کعبہ کی ضمانت ہیں ان کے مزارات کو منہدم کرنا انتہائی شرمناک ہے لہذا تمام عالم اسلام کا شرعی و ایمانی فریضہ ہے کہ وہ توحید کا چراغ روشن کرنے والے ہادیان دین کے مقدس مقامات کی تعمیر نوکیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں اور انسانی حقوق کے دعویدار اس ظلم و زیادتی کا سخت نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ 8شوال تاریخ اسلام کا سیاہ ترین دن ہے اور تمام انسان بنتِ پیغمبر ؐ حضرت فاطمہ زہرا ؐ ،امہات المومنینؓ ،اہلبیت اطہار ؑ اور صحابہ کبارؓ کے مزارات مقدسہ کی شہادت پر سوگوار اور اشکبار ہیں۔

حسن کاظمی نے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں پر زوردیا کہ وہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے تاریخی اسلامی آثار کی عزت رفتہ کی بحالی کیلئے فوری عملی اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ تمام مسلمان مقدس مقامات کو احترام و تقدس کو اپنا جزوِ ایمان بنائیں اور جنت البقیع اور جنت المعلی کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صر ف کردیں ،بصورت دیگر انہیں مزید امتحان اور آزمائش کیلئے تیار رہنا ہوگا۔

بعدازاں جلوس میں شامل ماتمی حلقوں نے ماتمداری و نوحہ خوانی کی اور جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا واپس امام بارگاہ مسافرخانہ دربار بی بی پاک دامن پہنچا جہاں پر اختتامی خطاب میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ لاہور ڈویژن کے صدر سید ذوالفقار حیدر نقوی نے تمام شرکاء جلوس اور انکے ساتھ ساتھ پولیس اور دیگر انتظامی اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے موثر انتظامات پر شکریہ ادا کیا ، جبکہ اختتامی دعا تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ضلع لاہور کے صدر علامہ اسد عباس اطہر نے کروائی۔

لاہور

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.