مسلم ممالک پاکستان کو آئی ایم ایف کی بلیک میلنگ سے بچائیں آیۃ اللہ خمینی ولایت تکوینیہ کے قائل تھے، خمینی نے مظلومین عالم کو امید و حوصلہ بخشا، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
پاکستان عرب و عجم کیلئے سینہ سپر رہا، مسلم ممالک پاکستان کو آئی ایم ایف کی بلیک میلنگ سے بچائیں، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
عالم اسلام مظلوم کشمیریوں کے ساتھ سوتیلا سلوک ختم کرے عالمی ادارے کشمیر میں استصواب رائے کروا کے تقسیم ہندمنصوبے کو مکمل کریں
آیۃ اللہ روح اللہ موسوی الخمینی ولایت تکوینیہ کے قائل اور وحدت اسلامی کے علمبردار تھے، خمینی نے مظلومین عالم کو امید و حوصلہ بخشا
کوتاہ بینوں نے ایران کے اسلامی انقلاب کو مسلکی انقلاب میں بدلنے کی کوشش کی، پراکسی جنگوں نے پاکستان کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا
مذہبی جماعتوں کو بیرونی مال نہ فراہم کیا جاتا تو تکفیریت و قتل و غارت گری نہ ہوتی، سیاسی جماعتوں کی طرح مذہبی جماعتوں کی فارن فنڈنگ بھی روکی جائے
سیاستدانوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے مفادات کیلئے قومی مفادات کو داؤ پر نہ لگائیں اور ایسے بیانیے اختیار نہ کریں جس سے دشمن کو تقویت حاصل ہو
امام رضا ؑ کے فرمودات کے مطابق امت مسلمہ توحید کے قلعے میں پناہ حاصل کرے، عہدیداران سے خطاب؛ 9تا11 ذیقعدایام ضامن منانے کا اعلا ن
اسلام آباد( ولایت نیوز)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ پاکستان عرب و عجم کے مسلمانوں کیلئے سینہ سپر رہا وسائل سے مالامال مسلم ممالک پاکستان کو آئی ایم ایف جیسے استعماری معاشی اداروں کی بلیک میلنگ سے بچائیں، عالم اسلام مظلوم کشمیریوں کے ساتھ سوتیلا سلوک ختم کرے فلسطین و کشمیر کے مظلوموں کو یکساں ترجیح دی جائے، عالمی ادارے کشمیر میں استصواب رائے کروا کے تقسیم ہند کے منصوبے کو تکمیل تک پہنچائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی این ایف جے پنجاب کونسل کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آیہۃ اللہ خمینی کی برسی کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں ے کہا کہ آیۃ اللہ روح اللہ موسوی الخمینی ولایت تکوینیہ کے قائل اور وحدت اسلامی کے علمبردار تھے کشمیریوں کے ساتھ ان کی والہانہ محبت یادگار رہے گی،کوتاہ بینوں نے ایران اسلامی انقلاب کو مسلکی انقلاب میں بدلنے کی کوشش کی۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ آیۃ اللہ خمینی عالمی رہنماوں کیلئے سادگی کی ایک روشن مثال تھے جنہوں نے محض ڈھائی ہزار سالہ بادشاہت کا خاتمہ نہیں کیا بلک مظلوموں محروموں کو حوصلہ اور امید بخشی جس سے دنیا بھر کے حریت پسندوں کو ایک توانائی ملی۔
انہوں نے کہا کہ نجف اشرف کی مسجد ترک میں آیۃ اللہ خمینی کے تاریخی انقلابی خطاب میں ہم موجود تھے جب انہوں نے یہ فرمایا تھا کہ کشمیر اور فسطین جیسے مسائل کو سلگتا چھوڑ کر استعماری قوتوں نے افراتفری کے دوام کی راہ ہموار کی، آیۃ اللہ خمینی کی تعلیمات کا تقاضا ہے کہ مسلم ممالک القدس و فلسطین کی طرح کشمیر کو بھی اہمیت دیں۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا کہنا تھا کہ پراکسی جنگوں نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، مذہبی جماعتوں کو بیرونی ممالک سے مال نہ فراہم کیا جاتا تو کبھی پاکستان میں تکفیریت و قتل و غارت گری نہ ہوتی، سیاسی جماعتوں کی طرح مذہبی جماعتوں کی فارن فنڈنگ بھی روکی جائے۔
انہوں نے کہا کہ امام رضا ؑ کے فرمودات کے مطابق امت مسلمہ توحید کے قلعے میں پناہ حاصل کرے تو کوئی شیطانی قوت انہیں نقصان نہیں پہنچا سکتی، 9تا11ذی قعد امام علی ابن موسی رضا کی ولادت کی مناسبت سے ایام ضامن منائیں گے پاکستان کی سلامتی و استحکام اور عالم اسلام کی یکجہتی کیلئے دعائیں کی جائیں۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے سیاستدانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مفادات کیلئے قومی مفادات کو داؤ پر نہ لگائیں اور ایسے بیانیے اختیار نہ کریں جس سے دشمن کو تقویت حاصل ہواجو پہلے دن سے پاکستان کے وجود کے درپے ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن عزیز کی سلامتی استحکام کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
