شعائر حسینیہ علم و تعزیہ کی عظمت و منزلت ازروئے قرآن: سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ حسین مقدسی کا 72 تابوت کی برآمدگی پرہزاروں عزاداروں سے خطاب

ولایت نیوز شیئر کریں

ذکر حسین ؑ آزادی و حریت کا درس جاودانی ہے ،سربراہ تحریک نفاذفقہ جعفریہ علامہ حسین مقدسی
درس حسینیت بیمار اقوام کیلئے شفا ہے، استعماری طاقتوں کے ظلم کا شکار ممالک حسینیت کا دامن تھام لیں
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مطالبہ پر پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے عزاداروں کے مسائل کے حل کا اعلان خوش آئند ہے
آغا موسوی کے پیغام وحدت و اخوت کو عام کرتے رہیں گے،ایام عزا کے دوران شیعہ سنی یکجہتی کا مظاہرہ لائق تحسین ہے
شعائر حسینیہ علم ذوالجناح تعزیہ کے سبب آج بھی امام حسین ؑ کے پیغام پر تروتازگی ہے ،72تابوت کی برآمدگی کے موقع پر کلمہ چوک میں ہزاروں عزاداروں سے خطاب

راولپنڈی (ولایت نیوز ) اگر یوسف ؑ سے نسبت رکھنے والا کپڑا حضرت یعقوب ؑ نبی کی بینائی لوٹا سکتا ہے تو سبط رسول اعظمؐ امام حسین ؑ و باب الحوائج حضرت عباس ؑ کی نسبت والا علم اور تعزیہ شفا کیوں نہیں بانٹ سکتے ؟ شعائر عزاداری پر اعتراضات دین کی تبلیغ کو مسدود کرنے کے مترادف ہے ۔

ان خیالات کا اظہار تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حسین مقدسی نے انجمن حسینیہ ؑ کے زیر اہتمام کلمہ چوک کمال آباد راولپنڈی کینٹ میں شہدائے کربلا کی یاد میں 72تابوت کی برآمدگی کے موقع پر ہزاروں عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شعائر حسینیہ کی عظمت و اہمیت پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر یوسف نبی کے حسن سے متاثر ہو کر مصر کی خواتین اپنی انگلیاں کاٹ دیں ایسے ہی عشق حسینیؑ میں عزادار اپنے اجساد کو زخموں سے گلنار کر ڈالتے ہیں اور یہ اعلان کرتے ہیں کہ مولا اگر ہم کربلا میں آپ کے ساتھ ہوتے تو اپنے خون کا آخری قطرہ بھی آپ کی نصرت میں بہا دیتے ۔

علامہ حسین مقدسی نے شعائر حسینیہ کے بارے میں نجف اور قم کے بزرگ ترین مراجع کے اقوال بھی عزاداروں کے گوش گزار کئے ۔

علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ ذکر حسین ؑ آزادی و حریت کا درس جاودانی ہے ، درس حسینیت بیمار اقوام کیلئے شفا کا درجہ رکھتا ہے استعماری طاقتوں کے ظلم کا شکار ممالک حسینیت کا دامن تھام لیں ، شعائر حسینیہ علم ذوالجناح تعزیہ کے سبب آج بھی امام حسین ؑ کے پیغام پر تروتازگی ہے ، ، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مطالبہ پر پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے عزاداروں کے مسائل کے حل کا اعلان خوش آئند ہے ، قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے پیغام وحدت و اخوت کو عام کرتے رہیں گے، عزاداری کے دوران شیعہ سنی یکجہتی کا مظاہرہ لائق تحسین ہے ۔

علامہ حسین مقدسی نے کہا کشمیر و فلسطین میں گولہ و بارود کے سامنے ڈٹے ہوئے نہتے حریت پسند کو حوصلے کربلا کے درس کے سبب سربلند ہیں ، کربلا مظلومین کا حوصلہ ہے کربلا آزادی کا سرچشمہ ہے ۔ علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ کہ جس طرح حضرت یوسسف کے پیرہن نے حضرت یعقوب ؑ کی بینائی لوٹا دی ویسے ہی نبی کریم ؐ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے اہلبیتؑ سے وابستہ تبرکات حیرت انگیز معجزات سموئے ہوئے ہیں ۔

علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ عزاداری تحفظ اسلام کا عملی درس ہے ، مراجع عظام اور علمائے کرام نے پیغام حسیینیت کو عام کرنے میں عظیم کردار ادا کیا ، علماء نے عرق ریزی کر کے حسینی افکار کے موتی جمع کئے اور ماتمی عزاداروں ذاکرین نے گلی گلی اس حسینیت کو عام کیا ۔م علامہ حسین مقدسی نے شہدائے کربلا کے مصائب بیان کئے ۔ جلس عزا سے ذاکر جابر عباس نیئر اور سید امتیاز حسین شاہ ہمدانی نے بھی خطاب کیا اس موقع پر راولپنڈی ڈویژن کے درجنوں ماتمی دستوں نے پرسہ داری میں حصہ لیا۔انجمن حسینیہ چہان ، ماتمی تنظیم حیدر کرارؑ کی جانب سے عزاداروں کی تواضع کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.