پاک فوج کا آپریشن ردالفساددفاع ارض وطن کی ضمانت ہے۔مختار اسٹوڈنٹس کنونشن کا اعلامیہ
علم کے بغیر امن کا دوام نا ممکن ہے راہ علی پر چل کر دہشتگردوں کے خوف کا طلسم توڑا جاسکتا ہے۔ چیئر مین محمد عباس کاظمی، مرکز صدر علی زین العابدین کا خطاب
راولپنڈی(ولایت نیوز ) مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ تنظیمی کنونشن نے پاک فوج کے آپریشن ردالفسا د کو دفاع ارض وطن کی ضمانت قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پاک فوج کی قربانیا ں رنگ لائیں گی عساکر پاکستان کے شانہ بشانہ ارض وطن کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،تعلیمی اداروں میں سیاسی مداخلت بند کی جائے ، مذہبی جماعتوں کی بیرونی امداد پر پابندی عائد کی جائے اور کالعدم گروپوں کو نئے ناموں سے کام کرنے سے روکا جائے ، قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے حکم پر دین و وطن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
مختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر سید علی زین العابدین نقوی نے قدیمی امامبارگاہ راولپنڈی میں منعقدہ دفاع ارض وطن کا اعلامیہ پیش کرتے ہوئے اس عز م کا اظہار کیا کہ آمدہ محرم الحرام کے موقع پر ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع ٹی این ایف جے کے جاری کردہ ضابطہ عزاداری پر بھر پور عملدرآمد کیا جائے گا ۔ تنظیم کے چیئر مین سید محمد عباس کاظمی نے ملک بھر سے آئے ہوئے شرکائے تنظیمی کنو نشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو پروان چڑھانے میں ضیائی آمریت کے بعد سیاسی حکومتوں کی نااہلی اور مصلحتوں نے نمایاں کردار ادا کیا،اسلام تلوار نہیں راہ ولایت پر چلنے والے اولیاء کے کردار سے پھیلا، سائنس اور ٹیکنالوجی کے علم کے بغیر دہشت گردی کا انہدام اور امن کا دوام نا ممکن ہے، فاتح خیبرتاجدار ولایت علی ابن ابی طالب ؑ کی راہ پر چل کر ہی امن اور علم عام کیاجا سکتا ہے اور دہشت گردوں کے خوف کے طلسم کو توڑا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن علم و عمل کا کارواں ہے جو انسانیت کی فلاح اور معاشرے کی بہتری کیلئے کارہائے نمایاں سر انجام دے رہا ہے ، ولایت کا سرچشمہ امیر المومنین علی ابن ابی طالب ؑ کی ذات ہے جنہیں خم غدیر میں نبی کریم ؐ نے تاجدار ولایت ہونے کا شرف بخشا ۔
کنونشن میں ٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹر اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا جس میں اُنہوں نے باور کرایا کہ فرعون کے غرور کو خاک میں ملانے والے حضرت موسی ٰ ؑ جیسے انبیاء بھی علم کے ذریعے رشدو ہدایت کے حصول کیلئے حضرت خضر کے پیچھے چلتے رہے بنی اسرائیل کے کھوئے ہوئے ورثے اور عظمت کا حصول طالوت کی طاقت اور علم کی بنیاد پر ممکن ہواحضرت اما م جعفر صادق ؑ ؑ سے روایت ہے ’’لوگ تین قسم کے ہیں ، عالم ،طالب علم یا خس و خاشاک ‘۔آقای موسوی نے اس امر پر زور دیا کہ قوم کے نوجوان تمام تر توانائیاں تحصیل علم پر صرف کریں اولیاء یعنی علی ولی اللہ کی راہ پر گامزن رہیں اور اس راہ پر چلتے ہوئے علم کو زاد سفربناتے ہوئے انسانیت کی فلاح کو مقدم سمجھتے ہوئے امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے فریضے کو نبھاتے رہیں اور دامن نبیؐ و علیؑ کو مضبوطی سے تھامیں رکھیں دنیا و آخرت میں کامیابی امت مسلمہ کے قدم چومے گی ۔
آقای موسوی نے واضح کیا کہ دفاع ارض وطن کنونشن مختار اسٹوڈنٹس کی مادر وطن کیساتھ محبت ، وابستگی اور وفاداری کا عکاس ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نعمت عظمہ ہے اور نعمت پر شکر واجب ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ شرکائے کنونشن کو دفائے وطن کیلئے عہد کرنا ہو گا کہ وہ خود کو دنیاوی علوم سے بھی آراستہ کریں گے اور علم و حکمت کے آستانے کے سر چشمہ خانوادہ محمد و آل محمد کیساتھ منسلک اور موجود رہیں گے اسطرح یہ وطن بھی نا قابل تسخیر ہو گا اور ہماری دنیا و عاقبت بھی سنور جائے گی ۔ آقای موسوی نے کہا کہ میری فقیرانہ دعائیں ہر دم اور ہر آن کارکنان مختا ر کیساتھ ہیں جنہیں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ردالفساد کی کامیابی کیلئے عساکر پاکستان کا قوت بازو بننا ہو گا ۔کانفرنس میں نتظیم کے مرکزی ، صوبائی اور ریجنل مندوبین نے شرکت کر کے اپنی کارکردگی رپورٹیں پیش کیں۔
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید شجاعت علی بخاری ، سپیکر ٹی این ایف جے سید بو علی مہدی اور دیگر رہنماؤں نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔