
پاکستان قائداعظم کا سنہری کارنامہ اور نعمت عظمیٰ ہے۔ آغاحامدموسوی
قائداعظم کے بعدوطن انگریزوں کے بوٹ پالش ،گھوڑے مالش کرنے والوں کے ہتھے چڑھ گیا ۔قائدملت جعفریہ کابانی پاکستان کی برسی پر دعائیہ تقریب سے خطاب
اسلام آباد( ولایت نیوز) سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علما بورڈ قائد تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ بے بہاقربانیوں سے معرض وجودمیں آنے والا پاکستان قائداعظم کا سنہری کارنامہ اور نعمت عظمیٰ ہے،بابائے قوم نے غلامی کی زنجیروں میں جکڑے مسلمانان برصغیرکواپنی ذہانت اورمحنت سے آزادی دلواکرناممکن کوممکن کردکھایا، قائداعظم کے بعدوطن انگریزوں کے بوٹ پالش ،گھوڑے مالش کرنے والوں کے ہتھے چڑھ گیاجن کی نالائقیوں کی وجہ سے قوم کوگوناگوں مسائل کاسامناہے،ازلی دشمن پاکستان کیخلاف متعددجنگیں مسلط کرچکاہے اسوقت بھی اسکا وزیراعظم مودی ہرفورم پرپاکستان مخالف ہرزسرائی میں مصروف ہے، استعماری سرغنہ کو ذہن نشین رکھے کہ افغانستان کاامن افہام وتفہیم سے وابستہ ہے۔ ان خیالات اظہارانہوں نے بانی پاکستان قائدمحمدعلی جناح ؒ کی برسی کے موقع پردعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آقای موسوی نے باورکرایاکہ بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح ؒ نہایت عظیم انسان تھے جنہوں نے سچی لگن ،نیک نیتی ،خلوص ، بلندفکری اوراعلیٰ نظری سے پرآشوب دورمیں ناسازگارحالات کونہ صرف سازگاربنایابلکہ کٹھن اورمشکل و مضطرب لمحات کواطمینان اورسکون میں بدل کرغلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے مسلمانان برصغیرکواپنی ذہانت اورمحنت سے آزادی دلواکرناممکن کوممکن کردکھایا۔انہوں نے کہاکہ صفحہ ارضی پررقم کردہ نیاوطن قائداعظم کا سنہری کارنامہ اورنعمت عظمیٰ ہے جوبے بہاقربانیوں سے معرض وجودمیں آیا۔آقای موسوی نے کہاکہ بدقسمتی سے 11ستمبر48ء کوقائداعظم کا داغ مفارقت عظیم قومی المیہ تھامگرانہوں نے اپنی ذمہ داریوں کونہایت خوش اسلوبی سے نبھایا۔
انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کے گرداندورنی وبیرونی دشمن کاگھیراؤ ہے جوپاکستان قائداعظم کے دورمیں خوشحال تھا آج اسکابراحال ہے۔ انہوں نے کہاکہ ازلی دشمن پاکستان کیخلاف متعددجنگیں مسلط کرچکاہے اسوقت بھی اسکا وزیراعظم مودی ہرفورم پرپاکستان مخالف ہرزسرائی میں مصروف ہے۔آقای موسوی نے کہاکہ 11ستمبرکونائن الیون کاڈرامہ رچاکرپاکستان کوفرنٹ لائن میں پھنسادیاگیاجس کی آڑ میں ابلیسی قوتوں نے افغانستان ، عراق ، لبیا، شام اوردیگرممالک کوکھنڈرات میں بدل ڈالامگروہ آج تک سیرنہیں ہوئیں ، پاکستان تاحال سزابھگت رہاہے جس نے اربوں کھربوں کانقصان برداشت کیا، ہزاروں جانیں نذرانہ کیں اوراسوقت بھی آپریشن ردالفسادجاری ہے ۔قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہاکہ صدرٹرمپ نے برسراقتدارآکرپاکستان کوہدف تنقیدبنایا، نئی افغان پالیسی دیکرڈرایا، دھمکایاجواپنی ناکامیوں کاملبہ پاکستان پرڈالناچاہتاہے جبکہ سپرپاور کہلانے والا افغانستان میں بری طرح ناکام ہے ،اس جنگ کو17سال ہونے کوہیں ، تقریبا20 کھرب ڈالرخرچ کرنے کے باوجود مگراسے کہیں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ، اس وقت بھی 60فیصدعلاقے پرجنگجووں کاقبضہ ہے ۔