پاک ایران سرحدی کمیشن کے اجلاس میں صلح و صفائی کیساتھ فیصلے ہونا نیک شگون ہے، آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

اسلام میں عہد و پیمان کی اہمیت مسلم ہے ،پیغام رسالت کے ابلاغ ، ایام قدسیہ کو اجاگر کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہفتہ عہدو پیمان کی مناسبت سے خطاب

اسلام آباد (ولایت نیوز ) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ استعماری سرغنہ بھارت کو اپنا فطری اتحادی قرار دیکر پاکستان کی کڑی نگرانی پر مامور کر کے اسے اس خطے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے تاکہ اپنے مفادات پورے کر سکے لہٰذا علاقائی ممالک باہمی دوستی کا ہاتھ بڑھا کر متحدہ دفاعی محاذ تشکیل دیں ، عالمی سرغنہ اور اُسے پٹھو یا د رکھیں کہ پاکستان نے بھارتی بالادستی نہ پہلے کبھی قبول کی نہ آئندہ کرے گا، اسلام میں عہد و پیمان کی اہمیت مسلم ہے جسکی خلاف ورزی مفافقت کا شعا ر ہے ،مسلمان اپنے وعدے سے پیچھے نہیں ہٹتا اسی لئے ایفائے عہد کرنے والے کو کریم گردانا گیا ہے ، پیغام رسالت کے ابلاغ، اہلبیت اطہارؑ کے ایام قدسیہ کو اجاگر کرنے اور اُنکے فروغ کیلئے جد وجہد جا ری رکھی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ہفتہ عہد و پیمان کی مناسبت سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

آقای موسو ی نے باور کرایا کہ ازلی دشمن بھارت پاکستا ن کو تنہا کرنے کیلئے ہر قومی و عالمی فورم پر دہشتگردی کے الزامات لگا کر اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہا ہے، کچھ عرصہ قبل نریند مودی نے عرب امارات اور سعودیہ سمیت مختلف مسلم ممالک کے دورے کر کے اُن کا اعتماد حاصل کیا اور جس قدر بھی ہو سکا پاکستان مخالف ہرزہ سرائی کی ۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارتی اثر و رسوخ کا یہ عالم ہے کہ ابو ظہبی نے بھارت کو پوجا پاٹ کیلئے مندر بنانے کی جگہ دی اور سعودیہ نے تو مودی کو سب سے بڑے سول ایوارڈ سے نوازا جبکہ یہ ممالک پاکستان کو ثانوی حیثیت دیتے ہیں اور بھارت کیطرف زیادہ جھکاؤ رکھتے ہیں ۔ آقای موسوی نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں کی کاہلی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت سندھ طاس معاہدے کی دھجیاں بکھیر کر ہمارے حصے کے دریاؤں کے پانی پر بھی قابض ہو گیا ہے ، افغانستان پہلے ہی بھارت کی گود میں منی بھارت بن چکا ہے اور اب امریکہ نے اُسے مزید اتھارٹی دے کر زیادہ طاقتور بنا دیا ہے ، افغان سر زمین پر 64کے قریب بھارتی قونصل خانے دہشتگر دی کے تربیت خانے ہیں جو پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں مکمل ملوث ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ برکس کانفرنس میں بھی پاکستان پر دہشتگردی کا الزام لگا گیا، جاپان اور بنگلہ دیش جیسے ممالک نے بھی پاکستان مخالف بیان دیئے غرضیکہ بھارتی مشینری پاکستان کیخلاف زور شور کیساتھ کام کر رہی ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں تمام ٹرانسپورٹ اور بس اڈے آزاد بلوچستان تحریک کے پوسٹروں سے بھر پڑے ہیں جبکہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا مگر ہمارے حکمرانوں کی لا پرواہی کی وجہ سے عدالت نے اُس کی سزا معطل کر دی اُنہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی زیر سرپرستی سعودی اتحاد کی ریاض کانفرنس میں بھارت کی پذیرائی جبکہ پاکستان کو دھمکیاں دی گئیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اب افغانستان کی جنگ پاکستان منتقلی کے پلان سامنے آ رہے ہیں جبکہ پاکستان کا خیر خواہ اور دیرینہ دوست چین ہے جس نے ہر موقع پر ہماری مدد کی ،اسوقت پاکستان میں 65ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف کا ایران سمیت مختلف مسلم ممالک کا دورہ خوش آئند ہے کیونکہ ایران وہ دست ملک ہے جس نے سب سے پہلے پاکستا ن کو تسلیم کیا ، حال ہی میں گوادر میں پاک ایران مشترکہ سرحدی کمیشن کے اجلاس میں بہت سے اُمور پر صلح و صفائی کیساتھ فیصلے ہونانیک شگون ہے لیکن برادر پڑوسی ملک افغانستان آغا زہی سے پاکستان کیلئے تکلیف دہ بنا ہوا ہے جو آج بھی بھارت کی زبان بولتا ہے ، امریکی وزیر خارجہ نے بھی اپنے حالیہ دورہ بھارت و پاکستان میں پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے بصورت دیگر سخت نتائج کی دھمکیاں دیں ، اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ امر یہ ہے کہ بھارت کو پاکستان پر مسلط کرنے کے منصوبے تشکیل دیئے جا رہے ہیں لہٰذ ا حکومت موجودہ صورتحال میں وطن عزیز کی بقا و استحکام اور دفاع کیلئے دیرینہ دوستوں کو ساتھ ملا کر جرات مندانہ اقدامات اور خارجہ پالیسی ترتیب دے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.