تحریک نفاذفقہ جعفریہ صوبائی کونسل خیبرپختونخواکا اہم اجلاس، صوبہ بھرسے مندوبین کی شرکت
تنظیمی فعالیت کیلئے پورے صوبے میں رکنیت سازی مہم تیز کی جائے گی۔سیدغضنفرعلی شاہ ایڈووکیٹ
سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغاسیدحسین مقدسی کی سربراہی میں عملی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا
مشن ولاء وعزا کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے ٹی این ایف جے کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ صوبائی صدرکااجلاس سے خطاب
عساکرپاکستان سے مکمل اظہاریکجہتی،حسینی راہ پر چلتے ہوئے وطن کے، دفاع، سالمیت کیلئے ہمہ وقت تیارہیں،شرکاء اجلاس کا عہدوپیمان۔
پشاور (ولایت نیوز)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ صوبائی کونسل خیبرپختونخوا اہم اجلاس صوبائی دفتر امام بارگاہ سردار علی گل پشاو میں صوبائی صدر سیدغضنفرعلی شاہ ایڈووکیٹ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں صوبائی، ریجنل اور ضلعی مندوبین نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تنظیمی فعالیت کو مزید بہتر بنانے کیلئے پورے صوبے میں رکنیت سازی مہم تیز کی جائے گی اور اس ضمن میں تحریک اور تمام شعبہ جات کے صوبائی سربراہان ریجنل اور ضلعی سطح پر دورے کرینگے۔
صوبائی صدر سیدغضنفرعلی شاہ ایڈووکیٹ نے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے تحریک کے اغراض و مقاصد اوراہداف کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالی اورقائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے وضع کردہ پانچ اصولوں ولایت علی ؑ، عزائے حسین ؑ، حرمت سادات،مرکزیت اور احترام مرجعیت پر کاربند رہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان پاکیزہ اہداف سے ہم ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اس بارے میں ہرگز کوئی سودا بازی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے صوبہ بھر سے آئے ہوئے مندوبین کو تاکید کی کہ وہ تنظیم کے آئین کے مطابق اپنی منصبی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے مزید جاں فشانی، محنت اور لگن کیساتھ عملی جدو جہد جاری رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے عملی طور پر ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مکاتب آپس میں شیر و شکر ہیں، جو مل جل کر میلاد النبی اور عزاداری کے جلوسوں میں شرکت اور ان کا اہتمام کرتے ہیں۔ ان جلوسوں کو دنیا کی کوئی طاقت محدود یا مسدود نہیں کر سکتی۔ انہوں نے صوبہ بھر سے آئے ہوئے مندوبین اجلاس کی کارکردگی کو سراہا اور دور دراز سے شرکت کرنے پر اظہار تشکر کیا۔

اجلاس کے شرکا ء نے ٹی این ایف جے کے پی کے کے صوبائی جنرل سیکرٹری زیڈاے جمیل کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی جس میں تحریک نفاذفقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی کے حکم پر ملی اہداف کے حصول کیلئے انکی پکار پر لبیک کہتے ہوئے مشن ولایت علی ابن ابی طالب ؑ،عزاداری سید الشہداء کے دفاع و فروغ کیلئے ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کے عہد کا اظہار کیاگیا۔ قراردادمیں وطن کے دفاع کیلئے عساکرپاکستان سے مکمل اظہاریکجہتی کرتے ہوئے باورکرایاگیاکہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اپنے وطن کی خودمختاری اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کیلئے تیار ہے۔ قراردادمیں تمام جماعتوں اور اداروں نے مل کر سانحہ اے پی ایس کے بعد نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیا تھا لیکن افسوس کے آج تک اس کی تمام شقوں پر عمل نہیں ہوسکا اور اسی کوتاہی کی سزا پوری قوم اب تک بھگت رہی ہے۔ ایک دفعہ پھر قدرت نے عساکر پاکستان کی فتوحات کے ذریعے قوم کو متحد کردیا ہے تو حکومت کو چاہئیے کہ دہشت گردوں کو صرف دہشت گرد سمجھتے ہو بلا کسی رعایت پاکستان کو ان کے نجس وجود سے پاک کرے۔ کالعدم جماعتوں کو ہی نہیں ان میں موجود افراد کے خلاف عملی اقدامات کرے اور انہیں امن کمیٹیوں میں بٹھا کر ان سے امن کی بھیک نامانگے۔ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور خوارج کے خلاف بھرپور آپریشن کی حمایت کرتی ہے۔
اجلاس سے صوبائی سینئرنائب صدر مولاناملک اجلال حیدرالحیدری، نائب صدراسدعلی حسنی، صادق علی حیات میر، ایبٹ آباد کے صدر نذرعلی جدون کوہاٹ کے صدر سیدباسط علی شاہ ایڈووکیٹ، مردان کے صدر نفیس احمدرضوی، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، ٹانک، پاراچنار اور دیگراضلاع مندوبین نے کارکردگی رپورٹس پیش کی۔۔اجلاس میں قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے قائم کردہ اور سربراہ تحریک علامہ آغاسیدحسین مقدسی کی خصوصی ہدایت پر مرکزمکتب تشیع ہیڈکوارٹر علی مسجد کی جانب سے اعلان کردہ 21تا23ذیقعدایام عزا بسلسلہ شہادت حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا ؑ،25تا29ذیقعد ایام تقویٰ بسلسلہ شہادت حضرت امام محمد تقی ؑ،یکم ذوالحجہ ’یوم خاتون جنت‘،5ذی الحجہ یوم صحابیت ؓبسلسلہ وفات حضر ت ابوذر غفاری ؓ،7ذی الحجہ یوم باقر العلوم بسلسلہ شہادت حضرت امام محمد باقر ؑ،9ذ ی الحجہ یوم سفیر حسینیت بسلسلہ شہادت حضرت مسلم ابن عقیل ؑ،16ذوالحجہ یوم شریکۃ الحسینؑ بسلسلہ شہادت نواسی رسول سیدہ زینب بنت علی ؑ، 17تا 24ذی الحجہ عید غدیر ومباہلہ کی مناسبت سے عالمگیر ہفتہ ولایت کے پروگراموں صوبہ بھر میں انعقادکیا جائیگا
