قوم کی بیٹیوں کی جانب سے قائد ملت جعفریہ آقای موسوی ؒ کی برسی پر عظیم الشان مجلس

ولایت نیوز شیئر کریں

بیادِ قائد ملت جعفریہ ایام احیائے عزمِ موسوی پر ام البنین ڈبلیو ایف اور دیگر تنظیموں کا زبردست خراج عقیدت
مرکزی امام بارگاہ جامعۃ المرتضی اسلام آباد میں عظیم الشان مجلسِ خواتین کا انعقاد
آقائے موسوی کی پاکیزہ زندگی وصیت ونصیحت کا اعلیٰ نمونہ اور حق پرستوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ سیدہ لبوہ حیدر زیدی
آقائے موسوی مرقع صفات و خصائص حسنہ سیدِ بزرگوار تھے جنہوں نے ہمیشہ نے مشنِ معصومین کو ترجیح دی اور ذات و مفاد کو کبھی پاکیزہ اہداف کے رستے میں حائل نہ ہونے دیا. مقررات وخطیبات
مرکز علی مسجد سے آقائے موسوی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ضابطہ عزاداری جاری کریں گے اس پر عمل کیا جائے گا۔دختر خطیب فاتح فرات اور شرکاء مجلس کا عہد وپیمان

اسلام آباد ( ولایت نیوز) رہبر تشیع قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی النجفی اعلیٰ اللہ مقامہ کی دوسری برسی کے موقع پر ملک بھر سے اپنے محبوب قائد کے افکار ونظریات کو سپاس عقیدت پیش کرنے کے لیے 25 تا 27 ذوالحجہ ایام احیائے عزمِ موسوی کے طور پر منائے جا رہے ہیں ۔

اس مناسبت سے انجمن دختران اسلام، ام البنین ڈبلیو ایف، سکینہ جنریشن گرلز گائیڈز کے زیراہتمام 25 ذو الحجہ کو امام بارگاہ جامعۃ المرتضی جی نائن فور اسلام آباد مدفنِ آقائے موسوی میں خواتین کی عظیم الشان مجلس عزاء منعقد کی گئی۔

مجلس عزاء سے قبل قرآن خوانی اور اجتماعی فاتحہ خوانی ہوئی جس میں عالمات، حفاظ، ذاکرات اور بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ بعدازاں مجلس عزاء سے سیدہ زینب علویہ، مسزام لیلیٰ مشہدی، آپا سیدہ حسین، بنت موسیٰ موسوی، سیدہ لوا زینب، ابتہاج زینب، شذرہ بتول، ذاکرہ تطہیر زہرا جوییہ، تہذیب زہراء بخاری، سیدہ عابدہ تقی، صایمہ سدرہ نقوی، ذاکرہ طاہرہ بلقیس بخاری، ذاکرہ ملاہکہ غفار، شہر بانو نقوی، ام فروا، نگہت زیدی، اور خانم زہراء گل نے نذرانہ عقیدت بحضور امام عالی پیش کیا جبکہ دختر خطیب فاتحِ فرات سید لبوہ حیدر زیدی نے حدیث خوانی و خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں سیدہ لبوہ حیدر نے آقائے موسوی اعلیٰ اللہ مقامہ کی ولولہ وفکر انگیز اور بصیرت افروز روحانی ایمانی قیادت کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی پاکیزہ قیادت کی بدولت وطن عزیز کے نظریہ اساسی کو دوام عطاء ہوا جس کی بنیاد حسینیت ہے۔انہوں نے کہا کہ آقائے موسوی نے عزاداری کے فروغ و دفاع کا لازوال درس اپنے کردار و عمل سے دیا اور ثابت کیا کہ وہ شعائر حسینیہ کے حقیقی پاسدار ہیں.

خطیبہ لبوہ حیدر نے باور کرایا کہ شیعہ قوم نے اسد آباد دینہ کنونشن میں آقائے موسوی کی قیادت کی توثیق کی اور انکے ہر لائحہ عمل پر لبیک کہنے کا عہد کیا، آقائے موسوی مرقع صفات و خصائص حسنہ سیدِ بزرگوار تھے جنہوں نے ہمیشہ مشنِ معصومین کو ترجیح دی اور ذات و مفاد کو کبھی پاکیزہ اہداف کے رستے میں حائل نہ ہونے دیا۔ انہوں نے کہا حیات موسوی پوری قوم وملت کے لیے درس عمل اور سبق آموز ہے۔

سیدہ لبوہ حیدر نے واضح کیا کہ آقائے موسوی کی پاکیزہ زندگی بذات خود وصیت ونصیحت کا اعلیٰ نمونہ اور حق پرستوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، آقائے موسوی کا ہر فرمان، ہر عمل، ہر ہدایت حکمت و دانائی سے لبریز ہے۔ سیدہ لبوہٰ حیدر کا کہنا تھا کہ احیائے عزم موسوی کیلئے ضروری ہے کہ آقائے موسوی کی پاکیزہ شخصیت کو مشعل راہ بناکر اس پر ثابت قدم رہا جائے اور یہ عزم ہمیشہ قائم رہے کہ آنچ آنے نہ دیں گے ہم ہرگز، موسوی تیری استقامت پر۔

سیدہ لبوہ حیدر نے کہا یہ درس موسوی ہے کہ عقیدہ ولایت علی و عزاداری حسین ع ہی ہماری زندگی کی اساس ہے جس پر عمل کر کے بارگاہ معصومین میں سرخروئی کے ساتھ حاضر ہوں گے. اختتام پر عہدو پیمان لیتے ہوئے دختر خطیب فاتحِ فرات نے کہا کہ ہیڈکوارٹرز مکتب تشیع مرکز علی مسجد سے آقائے موسوی کے نقش قدم پر چلتے ہوئےتحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا مقدسی کے اعلان کردہ ضابطہ عزاداری پر بھرپور عملدرآمد کیا جائے گا جس پر شرکائے مجلس نے بھرپور نعروں کی گونج میں لبیک کہنے کا عہد کیا.اختتام مجلس ورثہ دار روحانیتِ موسوی دختران موسوی نے شریک مجلس خواتین کا شکریہ ادا کیا اور دعائیں کیں۔ اس موقع پر انجمن دختران اسلام، ام البنین ڈبلیو ایف، سکینہ جنریشن، گرلز گائیڈز نے سیکورٹی اور دیگر انتظامات سنبھال رکھے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.