
پنجاب میں مجالس و جلوسہائے عزاکیخلاف درج ایف آئی آرختم کی جائیں ، ٹی این ایف جے وفد کی صوبائی وزیر قانون سے ملاقات
عاشورہ محرم کی طرح اربعین حسینی کیلئے بھی خصوصی انتظامات اور عام تعطیل کا اعلان کیا جائے
موسوی-جونیجو معاہدے کے مطابق مجالس عزا و ر لائسنسی و روایتی ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے
امن و امان برقرار رکھنے کیلئے حکومت قائد ملت جعفریہ آغاسید حامد موسوی کے ضابطہ عزاداری پرمکمل عملدرآمدکرے
ٹی این ایف جے پنجاب کے وفد کی صوبائی وزیر قانون و داخلہ راجہ بشارت سے ملاقات، صوبائی وزیر کی مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی
لاہور ( ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پنجاب کے نمائندہ وفد نے نائب صدر پنجاب علامہ سید زاہد عباس کاظمی کی قیادت میں لاہور میں وزیر قانون و داخلہ راجہ محمد بشارت سے ملاقات کی۔ملاقات میں صوبہ پنجاب میں ایام عزا کے دوران پیش آنیوالے معاملات، آمد ہ اربعینِ حسینی کے لیئے خصوصی انتظامات اور مکتب تشیع کے حقوق سے متعلق دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا اور تحریری طور پر سفارشات و تجاویز پیش کی گئیں۔
صوبائی وزیر قانون و داخلہ راجہ بشارت کیجانب سے ٹی این ایف جے کے پیش کردہ مطالبات پر عملدرآمد اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی گئی۔ٹی این ایف جے پنجاب کے وفد میں علامہ زاہد عباس کاظمی کے ہمراہ سید حسن کاظمی ، علامہ رائے مزمل حسین، اور سید ذوالفقار حیدر نقوی بھی شامل تھے۔
ملاقات میں ٹی این ایف جے کے وفد کی جانب سے باور کروایا گیا کہ محسنِ انسانیت امام حسین ؑ کی یاد میں منعقد ہ مجالس و جلوسہائے عزا ؑ وحدتِ انسانیت کے مظاہر ہیں جنمیں ہر مذہب و مسلک کا پیروکارشریک ہوتاہے ۔یکم محرم سے جاری ایام عزائے حسینی کے پروگرام 8 ربیع الاول تک تواتر کے ساتھ جاری رہیں گے لہٰذا 21 مئی1985کے جو نیجو- موسوی معاہدے کے تحت تمام مجالسِ عزا اور لائسنسی و روایتی جلوسوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور صوبہ بھر میں میں عزاداری کے پروگراموں کے خلاف درج کی گئی بے جا ایف آئی آرز کا خاتمہ کیا جائے۔
وفد نے واضح کیا کہ ٹی این ایف جے کے مطالبے پر عزاداران و بانیان کے مسائل کے حل کیلئے حکومت کی جانب سے تیرہ سال قبل ایام عزا کے دوران محرم کنٹرول رومز قائم کرنے کا آغاز ہوا جوہر سال باقاعدگی سے قائم ہوتے ہیں تاہم کچھ عرصہ سے پنجاب حکومت کی جانب سے قائم کردہ کنٹرول رومز کو مربوط نہیں بنایا گیا جسکے باعث صوبائی دارالخلافہ سے لیکر جنوبی پنجاب کے قصبوں تک عزاداران و بانیان کو مسائل کا سامنا ہے جبکہ معمولی نوعیت کے انتظامی مسائل پیچیدہ اور گھمبیر صورتحال میں تبدیل ہوگئے لہٰذ ا مسائل کے تدارک اور سدباب کیلئے وزارتِ داخلہ میں قائم کنٹرول رومز کو ٹی این ایف جے کے عزاداری سیل کے ساتھ مربوط رکھا جائے۔
ملاقات میں پر امن علماء و ذاکرین پرضلع بندیاں، اور شیڈول فور کی فہرست سے امن پسند اور محب وطن شہریوں کے نام خارج کرنے پر بھی زور دیا گیا ۔ ٹی این ایف جے پنجاب کے وفد نے صوبائی وزیر قانون کی توجہ کالعدم دہشتگرد گروپوں کی سرگرمیوں کی جانب مبذول کرواتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت ذاتی و مفاداتی مصلحتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کالعد م گروپوں اور انکے سربراہان پر عملی پابندی عائد کرے جو دہشتگردی و تخریبی کاروائیوں میں اہم ترین سہولتکار اور معاشرے میں شدت پسندی کے رجحانات کو فروغ دیکر دہشتگردی کے لیئے ایندھن کی تیار ی میں مصروف ہیں۔
وزیر قانون راجہ بشارت نے ٹی این ایف جے پنجاب کے وفد کو یقین دلایا کہ صوبے بھرمیں اربعین حسینی کے پروگراموں کیلئے ٹھوس اقدامات سمیت ٹی این ایف جے کی جانب سے پیش کردہ دیگر مطالبات پر بھی عمل درآمد کروایا جائیگا۔
