یمنی عوام کو کچلنے سے ایران کونقصان نہیں سارا فائدہ اسرائیل کو پہنچ رہا ہے،آغا حامد موسوی
زمینی فضائی بحری محاصرے نے یمن کو ہولناک انسانی المیے سے دوچار کردیا،مسلم حکمران مکروہ شیطانی جال سے باہر نکلیں
امریکہ سعودیہ کے ساتھ صدام والا کھیل کھیل رہا ہے جمال خاشقجی کا قتل امریکی چال ہے یمن میں فرقہ وارانہ جنگ کا تاثر غلط ہے
بین الاقوامی تنازعات میں ثالث کا غیرجانبدار ہونا ضروری ہے یمن تنازعہ کے حل کیلئے اقوام متحدہ اور اوآئی سی کو آگے آنا ہوگا
یمن ہولناک انسانی المیے سے دوچارہے عالمی ادارے اور مسلم ممالک پتے ابال کر کھاتے ہوئے معصوم بچوں کی حالت زار پر توجہ دیں، زائرین اربعین سے کا خطاب
اسلام آباد( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی ٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ صیہونیت مخالف یمنی عوام کو کچلنے سے ایران کو کوئی نقصان نہیں سارا فائدہ اسرائیل کو پہنچ رہا ہے مسلم حکمران ضد وانا کے خول اور مکروہ شیطانی جال سے باہر نکلیں، یمن تنازعہ دو ملکوں کے مابین نہیں غیر آئینی حکومت کے خلاف سر اٹھانے والے یمنی عوام کی اکثریتی جماعت کو بیرونی مداخلت سے کچلا جارہا ہے ، امریکہ سعودی عرب کے ساتھ صدام والا کھیل کھیل رہا ہے جمال خاشقجی کا قتل سراسر امریکی چال ہے، بین الاقوامی تنازعات میں ثالث کا غیرجانبدار ہونا ضروری ہے یمن تنازعہ کے حل کیلئے اقوام متحدہ اور اوآئی سی کو آگے آنا ہوگا، پاکستان ثالثی کے دعوے کرنے سے قبل یمن تنازعہ کو سمجھے یمن میں فرقہ وارانہ جنگ کا تاثر غلط ہے زمینی فضائی بحری محاصرے نے یمن کو ہولناک انسانی المیے سے دوچار کردیا ہے عالمی ادارے اور مسلم ممالک پتے ابال کر کھاتے ہوئے یمن کے معصوم بچوں کی حالت زار پر توجہ دیں، اربعین حسینی ؑ کا اجتماع مسلمانوں کے بین الاقوامی پلیٹ فارم کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے علاقہ بنگش سے تعلق رکھنے والے زائرین اربعین کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ امریکہ نے سعودی عرب کو یمن میں اسی طرح پھنسادیا ہے جیسے صدام کے ذریعے عراق کو کویت میں الجھا یا تھا اور پورے مشرق وسطی میں اپنے پنجے مضبوط کرلئے ، سعودی ولی عہد کھلم کھلا یہ اعلان کرچکے ہیں کہ ریاض حکومت نے امریکی مفادات کیلئے انتہا پسندی کی فنڈنگ کی سعودی حکمران ایک صدی تک استعماری مفادات کیلئے استعمال ہوتے رہے بالآخر امریکہ انہیں بھی استعمال کرکے ٹشو پیپر کی طرح پھینک دے گا ۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی افواج نے تین برس سے زیادہ عرصے سے یمن کا زمینی، بحری اور فضائی محاصرہ کررکھا ہے اور اس ملک میں کوئی بھی امدادی جہاز نہیں آنے دے رہا ہے ۔ اقوام متحدہ کی جانب سے یمن کے محصور عوام کی امداد روکنے پرانتباہات کے باوجود یمن کی الحدیدہ بندرگاہ کو کہ جو اس ملک میں انسانی امداد پہنچنے کا واحد ذریعہ ہے، ہمہ گیر حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، یمن پر مسلسل سعودی حملوں کے نتیجے میں اس ملک کو بڑے پیمانے پر بھوک ، بیماری اور اموات نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ عالمی دنیا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنٹونیو گوترش کے انتباہ کا نوٹس لے کہ یمن دنیا کے سب سے بڑے انسانی المیے کا شکار ہے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ صلح میں خیر ہے اسلام صلح کو جنگ پر ترجیح دیتا ہے رسول خدا نے کفار سے صلح حدیبیہ اور امام حسن ؑ نے صلح مدینہ کرکے انسانیت کو جنگ کی تباہیوں سے بچایا، بڑی بڑی جنگوں کا خاتمہ مذاکرات کے بعد صلح پر ہی ہوا یمن تنازعہ کے خاتمہ کیلئے کوئی حکومت یا فرد نہیں اوآئی سی آگے بڑھے جسے امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے وجود دیا گیا تھااور صرف یمن نہیں شام لیبیا افغانستان بحرین نائیجیریا میں بھی امن کیلئے اقدامات کئی جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ جب تک مسلمان سربراہان اپنے ممالک کے اندر انسانی حقوق کی پامالیاں نہیں روکیں گے امت مسلمہ فلسطین کشمیر روہنگیا مسلمانوں کیلئے آواز بلند نہیں کرسکتی ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے واضح کیا کہ ابلیسی قوتیں مسلم ممالک کو بالعموم اور عرب ریاستوں کو بالخصوص دباؤ میں رکھ کر اپنے اولین ہدف گریٹر اسرائیل کا قیام اور دائمی تحفظ چاہتی ہیں ،مسلم حکمران اپنی ریاستوں کا تحفظ اور عزت و سرخروئی چاہتے ہیں تو قرآن و سنت کے احکام کے مطابق ایک اور نیک ہو جائیں ایک دوسرے کے ممالک میں مداخلت ختم کردیں اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق دیں ۔