وفاقی دارالحکومت میں چہلم شہدائے کربلا کے مرکزی جلوس کی برآمدگی،کالعدم جماعتوں کی سرگرمیاں تشویشناک ہیں، علامہ بشارت امامی
وفاقی دارالحکومت میں چہلم شہدائے کربلا کے مرکزی جلوس کی برآمدگی،ہزاروں سوگواران کی شرکت
درجنوں تنظیمیں کالعدم ہونے کے باوجود سر عام کام کررہی ہیں کالعدم لیڈر نظریاتی کونسل سمیت تمام اداروں میں شامل ہیں۔ علامہ بشارت امامی
20صفر کوملک بھر میں چہلم کے جلوسوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ اسلام آبادکے مرکزی چہلم میں ٹی این ایف جے کے ضلعی صدرکی میڈیاسے گفتگو
اسلام آبا د( ولایت نیوز)سید الشہداء حضرت امام حسین ؑ کے چہلم کے سلسلے میں سوموار کووفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی جلوس برآمد ہواجس میں ہزاروں سوگواروں نے شرکت کرکے رسول ؐ خدا کو انکے پیارے نواسے اور دیگر شہدائے کربلا کا پرسہ پیش کیا۔مرکزی جلوس کا آغاز امامبارگاہ جی سکس ٹو سے ہوا جس میں دیگر مقامات سے برآمد ہونیوالے ذوالجناح کے جلوس بھی شامل ہوگئے۔تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی محرم کمیٹی عزاداری سیل کے عہدیداران ، علمائے کرام اورمرکزی عمائدین نے جلوس میں خصوصی شرکت کرکے تبرکات کا زیارت کی۔
ٹی این ایف جے فیدرل ایریااسلام آبادکے صدرعلامہ راجہ بشار ت حسین امامی نے دوران جلوس میڈیا کے نمائندوں اورٹی این ایف جے کے عزاداری کیمپ پر عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیغام حسین ؑ امن ہے ۔انہوں نے حکومت پر زوردیا کہ وہ منگل20صفر کوملک بھر میں چہلم شہدائے کربلا کے جلوسوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے اور ذرائع ابلاغ عاشورہ کی طرح اربعین حسینی ؑ کے پروگراموں کو بھر پور کوریج دیں ۔ نظریاتی کونسل سمیت اسلامائزیشن کیلئے قائم تمام ادارے سودابازی کیلئے استعمال ہو رہے ہیں جو عوام اور اسلام کے ساتھ زیادتی و مذاق ہے۔ انہوں نے کہاکہ کالعدم تنظیموں کے محض نام پر نہیں کام پر پابندی لگائی جائے ، درجنوں تنظیمیں کالعدم ہونے کے باوجود نئے و پرانے ناموں سے سر عام کام کررہی ہیں وزراء سے ملتی ہیں حتی کہ کالعدم لیڈر نظریاتی کونسل رویت ہلال سمیت تمام اداروں میں شامل ہیں کالعدم رہنما مکمل پروٹوکول لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج کی قربانیاں سیاسی مفادات کی بھٹی میں نہ جلائی جائیں ۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ راہ حسینیت پر چلتے ہوئے کلمہ حق سربلند کرتے رہیں گے ۔۔انہوں نے واضح کیا کہ نواسہ رسول ؐمکاتب و مسالک سے بالا ہستی ہیں اسی لئے حسین ؑ سب کے اوررب کے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی افق پر رونما ہونے والے مسائل عروج پر ہیں ،وطن عزیز عالمی شیطانی طاقتوں کا مرکزی ٹارگٹ اورمسلم امہ کو درپیش سب سے بڑا چیلنج دہشتگردی ہے جسے بنیاد سے اکھاڑنے کیلئے افواج پاکستا ن نے آپریشن ردالفساد کے ذریعے قوم کو سربلند کر دیا ہے اور اسکی کامیابیاں لائق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اگر سوشل میڈیا ہی پرکربلا جانے والے زائرین کا جائزہ لیاجائے تو ان میں بلا تفریق تمام مذاہب و مسالک سے تعلق رکھنے والے کروڑوں زائرین شامل ہیں، اربعین حسینی ؑ کی اہمیت کے پیش نظر حکومتِ عراق نے بھی خصوصی انتظامات کئے ہیں اور زائرین کیلئے راستے کھول دیئے ہیں ۔انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ہم 8ربیع الاول تک اپنے غموں کو پس پشت ڈال کر صرف امام حسین ؑ کے غم کو ترجیح دیتے ہیں اورکوئی ذاتی احتجاج نہیں کرتے کیونکہ تمام غم غمِ حسین ؑ کے سامنے ہیچ ہیں اور سب سے بڑا احتجاج عزاداری امام حسین ؑ ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کو کشمیر وفلسطین سمیت دیرینہ اسلامی مسائل کے حل کیلئے جادہ حسینیت ؑ پر گامزن ہونا ہوگا۔انہوں نے اہل وطن پر زور دیا کہ وہ اتفاق و اتحاد کو ہر شے پر ترجیح دیں۔
انہوں نے کہاکہ کہ استعماریت آمریت دہشت گردی کا توڑ صرف حسینیت میں مضمر ہے۔ علامہ سیدرفاقت حسین نقوی نے بھی خطاب کیا۔ اسلام آباد کے مرکزی جلوس چہلم کے دوران مختارسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور ابراہیم اسکاؤٹس کی جانب سے عزاداری کے استقبالیہ اور طبی امداد کی فراہمی کیلئے میڈیکل کیمپ لگائے گئے تھے۔مختارفور س کے رضا کاران پولیس کے ہمراہ سیکیورٹی فرائض سرانجام دے رہے تھے۔