یوم یکجہتی کشمیرپر تحریک نفاذفقہ جعفریہ کے  احتجاجی مظاہرے

ولایت نیوز شیئر کریں

راولپنڈی (ولایت نیوز ) قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی کال پر جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پورے ریجن کی جامع مساجد میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر سے آزادی کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کر کے تحریک حریت میں کوشاں مظلومین کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز احتجاج بلندکی گئی۔ تحریک نفاذفقہ جعفریہ راولپنڈی ریجن کے زیراہتمام دربارعالیہ سخی شاہ پیاراکاظمی المشہدی سے یوم یکجہتی کشمیرریلی نکالی گئی جس کی قیادت علامہ سیدابوالحسن تقی ، سیدمحمدعباس کاظمی ،شوکت عباس جعفری،باواسیدقاسم علی شاہ کاظمی ، سیدمجاہدکاظمی اوردیگررہنماکررہے تھے ۔

اس موقع پرعلامہ ابوالحسن تقی نے مقبوضہ کشمیر میں طویل عرصہ سے جاری بھارتی سامراجی مظالم کی پرزورمذمت کی اور دیرینہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ادائیگی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی تمام بڑی طاقتیں کشمیریوں کی آزادی میں رکاوٹ ہیں جنہیں دور کرنے کا واحد راستہ در س کربلا کی پیروی ہے کیونکہ نواسہ رسول امام حسین ؑ نے 72جانثاروں کے ساتھ جس عزم و ثبات کے ساتھ اپنے عہد کے سپر پاور حکمران کو شکست فاش دی وہ ہردور میں مظلومین اور پسے ہوئے طبقات کیلئے روشنی کامینار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کا معیار دوہرا اور منافقانہ ہے ،مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کے حق خود ارادیت کیلئے بے قرار انسانی حقوق کے ٹھیکیداراوں کو کشمیر کے لاکھوں مظلوموں کی چیخ و پکار کیوں نہیں سنائی دیتی ۔

انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق کی بازیابی کیلئے قربانیاں دینا زندہ قوموں کا شیوہ ہے۔انہوں نے عالمی تنظیموں پر زوردیا گیا کہ وہ اپنی روایتی بے حسی ترک کرکے مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمدکو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام عالمی اداروں کا فرض ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت کو مجبور کریں کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے سامنے سرجھکادے،بصورتِ دیگر جنوبی ایشیاء میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

اس موقع پر ایک قراردادکے ذریعے کشمیری حریت پسندوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس یقین کا اعادہ کیا گیا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور پاکستان کی شہ رگ کشمیر کی مقبوضہ وادی سے بھارتی جبرواستبداد کا خاتمہ ہوگا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.