صدرکا شیعہ مطالبات پر نوٹس:عملی اقدامات کا انتظار کریں گے امید رکھتے ہیں کہ دوسرا قدم اٹھانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا، قائدملت جعفریہ آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

صدر پاکستان کیجانب سے شیعہ مطالبات پر نوٹس:تمام مسالک و صوبوں کے حقوق کی ادائیگی یقینی بنائی جائے، آغا حامد موسوی
حقوق کی متواتر پامالی کے سبب احتجاج کا راستہ اختیار کیا،عملی اقدامات کا انتظار کریں گے امید ہے کہ قائد اعظم کے ہم مسلکوں کو دوسرا قدم اٹھانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا
حسینیوں نے پرامن ماتمی احتجاج کرکے توڑ پھوڑ اور گالم گلوچ کے کلچر کو کرچی کرچی کردیا،اپنا عقیدہ کسی پر مسلط نہیں کرنا چاہتے کسی دوسرے کو بھی ایسا نہیں کرنے دیں گے
بعثت مصطفوی ص تاریخ انسانی کا سب سے بڑا انقلاب ہے جو صرف ایک ریاست نہیں پوری کائنات میں عدل و انصاف کے قیام کی ضمانت فراہم کرتی ہے
ہر شہری کو اس کے عقیدے مسلک مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کئے جائیں، عید مبعث پر خطاب؛ 28رجب کو ’یوم سفر شہادت‘ منانے کا اعلان

اسلام آباد (ولایت نیوز) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مطالبات پر نوٹس لیتے ہوئے شیعہ مسائل کے حل کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں (تعلیم، مذہبی امور، اطلاعات و نشریات، داخلہ) اور تمام صوبوں کو ہوم ڈیپارٹمنٹس کو احکامات جاری کرنے کے اقدام کو ملت جعفریہ کی بے چینی کے خاتمے کیلئے نیک شگون قرار دیا ہے،اور واضح کیا ہے کہ تمام مسالک مکاتب صوبوں اور قومیتوں کے حقوق کی ادائیگی کے ذریعے ہی پاکستان کومستحکم اورناقابل تسخیر بنایا جا سکتاہے۔

آغا حامد موسوی نے واضح کیا کہ اپنے حقوق کی متواتر پامالی کے سبب احتجاج کا راستہ اختیار کیا،عملی اقدامات کا انتظار کریں گے امید رکھتے ہیں کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے ہم مسلکوں کو دوسرا قدم اٹھانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا، ملک کے طول و عرض میں حسینیت کے پیروکاروں نے پرامن ماتمی احتجاج کرکے توڑ پھوڑ اور گالم گلوچ کے کلچر کو کرچی کرچی کردیا،اپنا عقیدہ کسی پر مسلط نہیں کرنا چاہتے لیکن کسی دوسرے کو بھی ایسا نہیں کرنے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بعثت مصطفوی ص تاریخ انسانی کا سب سے بڑا انقلاب ہے جو صرف ایک ریاست نہیں پوری کائنات میں عدل و انصاف کے قیام کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔عید بعثت الرسول ؐ کے سعید موقع پر محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے  کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فرزند رسول ؐامام حسین علیہ السلام کی مدینہ سے روانگی کی یاد میں بدھ 28رجب کو ’یوم سفر شہادت‘ منانے کا بھی اعلان کیا۔

آغاسید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ قرآن کریم نبی کریم ص کی تعلیمات اور تبلیغ کو ایمان والوں کی زندگی کا سبب قرار دیتا ہے گویا پیغام مصطفوی ؐ اہل اسلام  کیلئے آب حیات اور باعث نجات ہے  پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مدنی ریاست کی بنیاد رکھتے ہوئے غیر مسلموں کی حقوق کے تحفظ کی بھی ضمانت دی، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی یہی فرمایا تھا کہ میں ایک مسلمان کی حیثیت سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ اگر آپ قرآن مجید کو اپنا قطعی اور آخری راہنما تسلیم کر کے صبر و رضا کا مظاہرہ کریں اور اس ارشاد خداوندی کو کبھی فراموش نہ کریں کہ تمام مسلمان بھائی بھائی ہیں تو ہمیں دنیا کی کوئی طاقت، بلکہ کئی طاقتوں کا مجموعہ بھی مغلوب نہیں کر سکتا، گویا قائد اعظم کی تعلیمات یہ تقاضا کرتی ہیں کہ تمام مسلم برادران کو یکساں حقوق فراہم کئے جائیں اور یہی ناقابل تسخیر پاکستان کی ضمانت ہے۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ  بعثت کا فلسفہ، انسانوں کو کتاب و حکمت کی تعلیم، عدل و انصاف کا قیام  اور جبر و استبداد سے انسانیت کو نجات دلوانا تھا پاکستان کے نصاب کو نسلوں کی تعمیر کیلئے موثر بنانے کیلئے قرآنی و مصطفوی تعلیمات اور علامہ اقبال و قائد اعظم ؒ کے تصورات کے سانچے میں ڈھالا جائے، تمام مسالک مکاتب اور صوبوں کے ساتھ عدل و انصاف کا برتاؤ کیاجائے، پاکستان کے ہر شہری کو اس  کے عقیدے مسلک مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ بعثت نبوی نے صدیوں سے تاریکی میں گرفتار معاشرے کو ہدایت کی روشنی سے منور کردیا، ذلت و رسوائی میں پڑی انسانیت کو عظمتوں کی معراج عطا کی،انسان کے تزکیہ نفس کی راہیں کرکے بنی نوع انسان کیلئے انسانوں کی دنیا و آخرت میں نجات کا سامان کردیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.