بلوچستان میں پاکستانی پرچم اٹھانے والوں کیخلاف انتقامی کاروائیوں کا نوٹس لیا جائے،بھارت نے جھوٹی خبروں سے سقوط ڈھاکہ کی راہ ہموار کی، آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

بھارت نے جھوٹی خبروں سے سقوط ڈھاکہ کی راہ ہموار کی، مکروہ کھیل آج بھی پورے پاکستان میں کھیلا جا رہا ہے،آغا حامد موسوی
تمام قومیتوں کو بھڑکایا جارہا ہے، حکومت بیرونی آلہ کار کالعدم تنظیموں پر شکنجہ سخت کرے محب وطن جماعتوں اور اداروں کو تختہ مشق نہ بنایا جائے
بلوچستان میں پاکستان کا پرچم اٹھانے اور پراکسی وار کے خلاف ڈٹے رہنے والوں کیخلاف انتقامی کاروائیوں کا نوٹس لیا جائے
عرب ممالک کے بھارت اسرائیل سے تعلقات گریٹر اسرائیل و اکھنڈ بھارت کی جانب قدم ہے،مسلم ممالک دشمن کی سازشوں کا شکار نہ ہوں
خلیجی ریاستوں میں پاکستانی محنت کشوں کی بے توقیری افسوسناک ہے خارجہ پالیسی کو مضبوط بنایا جائے، پاکستان نے ہمیشہ عرب ممالک سے دوستی نبھائی
پاکستان ترکی ایران افغان و چین متحدہ محاذ بنالیں استعماری منصوبے خاک ہو جائیں گے، عہدیداران سے خطاب؛ یوم عقیلہ بنی ہاشم و شہدائے حسینی محاذ منانے کا اعلان

اسلام آباد( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ بھارت نے جھوٹی خبروں سے بنگالیوں کو پاکستان کے خلاف اکسا کر سقوط ڈھاکہ کی راہ ہموار کی، دہشت گردی اور جھوٹ کا مکروہ بھارتی کھیل آج بھی بلوچستان سندھ قبائلی علاقہ جات سمیت پورے پاکستان میں کھیلا جا رہا ہے، حکومت بیرونی آلہ کار کالعدم تنظیموں پر شکنجہ سخت کرے محب وطن تنظیموں اور اداروں کو تختہ مشق نہ بنایا جائے، بلوچستان میں پاکستان کا پرچم اٹھانے اور پراکسی وار کے خلاف ڈٹے رہنے والوں کیخلاف انتقامی کاروائیوں کا نوٹس لیا جائے، پاکستان نے ہمیشہ عرب ممالک کے تحفظ کیلئے فرنٹ لائن کردار ادا کیا خلیجی ریاستوں کے بھارت اسرائیل سے تعلقات گریٹر اسرائیل و اکھنڈ بھارت کی جانب قدم ہے، مسلمانوں میں تفریق ڈال کر ایک دوسرے سے مروانے کے منصوبہ پر عمل جاری ہے مسلم ممالک دشمن کی سازشوں کا شکار نہ ہوں، خلیجی ریاستوں میں پاکستانی محنت کشوں کی بے توقیری افسوسناک ہے خارجہ پالیسی کو مضبوط بنایا جائے، آقا غلام کے بجائے برابری کی سطح پر تعلقات رکھے جائیں، پاکستان ترکی ایران افغانستان اور چین متحدہ محاذ بنالیں تو سارے استعماری و صیہونی منصوبے خاک میں مل جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی این ایف جے کے مرکزی و صوبائی عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے 5جمادی الاول کو نواسی رسول ؐ سیدہ زینب بنت علی ؑ کی ولادت پرنور کی مناسبت سے ’یوم عقیلہ بنی ہاشم ؑ‘ اور23دسمبر کو یوم شہدائے حسینی محاذ منانے کا اعلان بھی کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ آج بھی ازلی دشمن بھارت جھوٹ کے زور پر پشتونوں بلوچوں سندھیوں تمام قومیتوں کو پاکستان کیخلا ف بھڑکارہا ہے، نفرتوں عصبیتوں فرقہ واریت کی ابھارا جارہا ہے کلبھوشن نیٹ ورک اس کی سب سے بڑی مثال ہے، ایران افغانستان کے ساتھ تعلقات میں جھوٹ کی بیاد پر دراڑیں ڈالی گئیں اب بھارت عرب ریاستوں کو مکاری سے دام فریب میں لار ہا ہے انڈین آرمی چیف کا دورہ سعودی عرب و امارات لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں بھارت کی اینٹ کا جواب پتھر سے دینا ضروری ہے وہیں دشمن کو ناکام بنانے کیلئے داخلی استحکام اشد ضروری ہے، کالی بھیڑیں انتظامیہ کی صفوں میں بھی گھس چکی ہیں جو وطن کے وفاداروں کو شیڈول فور میں ڈال کر دشمن کی تقویت کا باعث بن رہی ہیں کالعدم جماعتوں اور ان کے رہنماؤں کو چھوٹ دلوا رہی ہیں، خدارا دوست دشمن میں تمیز کی جائے، دشمن کے ایجنڈوں کو ناکام کرنے کیلئے تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر مربوط و متفقہ پالیسی اپنائی جائے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ پاکستان وجود بھی نہیں آیا تھاتب سے مہاسبھائی دشمنی کی زد میں ہے جنہوں نے پاکستان کا قیام روکنے کیلئے قائد اعظم کو راہ سے ہٹانے کی بھرپور کوشش کی مسلممذہبی رہنماؤں کو اسلام کے نام پر بننے والی ریاست سے متفر کیا گیا اور پاکستان قائم ہوتے ہی پاکستانی اثاثوں کی عدم فراہمی مہاجرین پر مظالم اور کشمیر حیدر آباد جو ناگڑھ مناوادر پر تسلط جیسے اقدامات سے نوزائیدہ ریاسست کی بنیادیں ڈھانے کی بھرپور کوشش کی گئی اور یہ سلسلہ متواتر جنگوں سقوط مشرقی پاکستان ایٹمی دھماکوں آبی جارحیت دہشت گردی کی افزائش سی پیک کے خلاف سازشوں جیسے اقدامات کی صورت آج بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عرب اسرائیل جنگیں ہوں، خانہ کعبہ پر دہشت گردوں کا قبضہ ہو، صدام حسین کا حملہ ہو یا عربوں کی تعمیر و ترقی، ہر موقع پر پاکستان نے عرب ممالک سے دوستی نبھائی پاکستان نے جب ہر مشکل مرحلہ میں کھل کر عرب ممالک کاساتھ دیا توکشمیر کے معاملے پر بھی برادر مسلم ممالک کو ایسے ہی رویے کا مظاہرہ کرنا چاہئے،عربوں کی کمزور پالیسیوں اور امریکی کاسہ لیسی کی سبب نہ صرف اسرائیل کی ناجائز ریاست نے جنم لیا بلکہ رفتہ رفتہ بیت المقدس کو دارالحکومت قرار دینے اور اردن لبنان شام کے علاقوں پر بھی اسرائیلی قبضہ مستحکم ہو چکا ہے اور وہ متواتر گریٹر اسرائیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ بدقسمتی سے اقوام متحدہ کی طرح او آئی سی بھی استعماری قوتوں کی مددگار ثابت ہورہی ہے اگر اوآئی سی اپنے قیام کے مقاصد پورے کرتی تو عالم اسلام پر مایوسیوں کا راج نہ ہوتا، مسلم ممالک استعماری خوف سے باہر نکلیں مسلم فرمانروا خدا کے سوا کسی سے نہ ڈریں موت حق ہے جس نے ایک نہ ایک دن آنا ہے اگر خدا کی راہ میں جان جائے تو شہادت ہے جو مسلمانوں کیلئے باعث سعادت ہے، مسلمانوں کے تمام قومی امراض کا علاج اتحاد اور حیدری جرات کے مظاہرے کے سواکچھ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.