یوم باقر العلومؑ عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا،آئمہ معصومین کی توہین کیخلاف پر امن احتجاجی مظاہرے

ولایت نیوز شیئر کریں

یوم باقر العلومؑ عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا،آئمہ معصومین کی توہین کیخلاف پر امن احتجاجی مظاہرے
آئمہ معصومین ؑ اورصحابہ ؓکی توہین میں صرف ایک آدھ مہرے کیخلاف مقدمے کا اندراج نا کافی ہے۔ ٹی این ایف جے
توہین ِ رسالت و اہلبیت و صحابہ میں ملوث سلفی کے پیچھے سازش کے اصل ماسٹر مائنڈ اور محرکین کو بے نقاب کر کے نشان عبرت بنایاجائے
حضرت امام موسیٰ کاظم ؑ کی شان میں گستاخی بیرونی ایجنڈاہے،حکومت اس سنگین واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل تحقیقات کرے۔ علامہ قمرزیدی
فقط ایک شخص کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے اس واقعے کے پس پردہ عوامل، محرکات اور سہولتکاروں کا بھی کھوج لگایاجائے
حضرت باقر العلوم کی تعلیمات کی پیروی انسانیت کی نجات کی ضمانت ہے۔مجالس سے علامہ محسن ہمدانی، مولاناوقارنقوی اورزینب علویہ کاخطاب

راولپنڈی( ولایت نیوز)قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق پانچویں تاجدار امامت حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کا یوم شہادت اتوا رکو عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا۔اس موقع پر امام بارگاہوں میں مجالس عزا ہوئیں جن کے اختتام پر شبیہ تابوت باقر العلوم بر آمد کئے گئے۔ سوشل میڈیاپر حضرت امام موسیٰ کاظمؑ، خانوادہ رسول ؐ کی معصوم ہستیوں اورصحابہ کبارؓ کی توہین کرنے والے گستاخوں کے خلاف زبردست ماتمی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مقررین نے اپنے خطبات میں کہاکہ حضرت امام موسیٰ کاظم ؑ، حضرت امام تقی ؑ حضرت امام حسن عسکری ؑ اور صحابہ کبار ؒ کی شان میں گستاخی بیرونی ایجنڈاہے،حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اس سنگین واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل تحقیقات کرے، فقط ایک شخص کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے اس واقعے کے پس پردہ عوامل، محرکات اور سہولتکاروں کا بھی کھوج لگایاجائے۔

سیدجعفرزیدی، سیدنجم الحسن نقوی، اسدرضازیدی، محمدحسن شیشگری کے زیراہتمام سالانہ مجلس عزازیدی منزل عقب محمدی مسجدنیوکٹاریاں میں علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے خطاب کرتے ہوئے نے کہا کہ پانچویں جانشین رسول ؐ حضرت امام محمد باقر علیہ السلا م کی تعلیمات پر عمل کرکے نہ صرف معاشرے کی اصلاح کو یقینی بنایا جاسکتا ہے بلکہ انسانیت کو درپیش گونا گوں مسائل و مصائب،مشکلات اور حوادثات و سانحات سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے باورکرایا کہ اس وقت عالمی سرغنے اور اسکے ایجنٹوں نے مظلوم اقوام اور عالم اسلام کا جینا دوبھر کررکھا ہے جو تمام مسلم ممالک کو نشانہ بنانا چاہتاہے۔انہوں نے کہا کہ خاصان خدا میں سے ایک عظیم ترین ہستی حضرت امام محمد باقرؑ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امام باقرؑ کو کثرت علم کی وجہ سے باقر العلوم کہا جاتا تھا ۔انہوں نے کہاکہ حضرت امام باقر علیہ السلام کا سینہ علوم کا خزینہ تھا،زمانے نے تھوڑی سی مہلت دی تو درس و تدریس کے بے پایاں سلسلے کا آغاز ہوا، ہزاروں افراد اس چشمہ علم و حکمت سے سیراب ہوئے۔امام زہری،امام عوزاعی،امام مالک اورا مام ابوحنیفہ جیسے بزرگ آپ ہی کی درس گاہ کے خوشہ چینوں میں سے تھے۔آپ ؑ کی خداداد قابلیت کا اپنے پرائے سبھی اعتراف کرتے ہیں۔اختتام مجلس جلوس تابوت امام محمدباقرؑ برآمدہواجواپنے مقررہ راستوں سے ہوتاہوامحمدیہ مسجدمیں اختتام پذیرہواجسمیں راولپنڈی کے گردنواح کے ماتم دستوں نے ماتمداری کی۔

قصرابوطالب ؑمیں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کے علامہ محسن علی ہمدانی نے کہا کہ حضرت امام محمد باقر علیہ السلام نے معارف و حقائق کے وہ دریا بہائے جن سے سوائے دیوانے اور اندھے کے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔۔انجمن کنیزان امام العصروالزمان کے زیراہتمام شعب ابیطالب ؑ میں مجلس عزاسے خطاب کرتے ہوئے خطیبہ زینب علویہ نے کہاکہ حضرت امام محمد باقر ؑ نے علوم و معارف کے اتنے رموز و اسرار کو آشکارہ کیا اور احکام و علوم کے ایسے حقائق بیان فرمائے کہ بصیرت کے اندھوں کے سوا کوئی ان کا انکار نہیں کر سکتا۔لواء زینب کاظمی نے کہا کہ امام محمد باقرؑ علوم و معارف کو کلام الہیٰ سے بطور الہام حاصل کرتے اور نورانی آیات قرآنی سے مدد لیتے آپ ؑعلمی و دینی خدمت کی پاداش میں درجہ شہادت پر فائز ہوئے، امام باقر ؑکی قبر اطہر جنت البقیع میں اپنی دادی زہراؑ کے پہلو میں واقع آج بھی مرجع خلائق ہے۔ہیئت طلبائے اسلامیہ کے زیراہتمام علی ہال میں مجلس سے علامہ سیدوقارنقوی، مولانامیثم عباس نے خطاب کیا۔

عزاخانہ علی اصغر شاہ ریس کورس، مسجدشاہ نجف میں علامہ محمدعباس رضوی نے خطاب کیا۔ اختتام مجلس تابوت باقرالعلوم برآمدہواجس میں راولپنڈی بھرکی ماتمی دستوں نے ماتمداری کی۔

لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، باغ مظفرآباد، گوجوانوالہ،چکوال، لیہ اٹک، لاڑکانہ، خیرپورمیرس، شکارپور، ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ غازی خان میں بھی یوم باقرالعلوم کی مجالس اور ماتمی جلوسوں کاانعقادکیا گیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.