
عزاداروں اورزائرین کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ، وزیر داخلہ کی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کو یقین دہانی
پوری کائنات نواسہ رسول ؐ امام حسین ؑ اوراہل بیت اطہار ؑ کی ممنون احسان ہے امن کیلئے تمامتر توانائیاں بروئے کار لائیں گے ، شہریا رخان آفریدی
ذکرِ حسین ؑ درسِ آزادی وحریت ہے جو عشق رسالتؐ سے معمورہے عزاداروں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں ، سیکرٹری محرم کمیٹی عزاداری سیل بوعلی مہدی
وزیر مملکت کی جانب سے کنٹرول رومز کے قیام جیلوں میں ذاکرین پر پابندی کے خاتمہ کے احکامات، مسائل کے حل کیلئے فوکل پرسن کا تعین
اسلام آباد (ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کی مرکزی محرم کمیٹی عزاداری سیل کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وزارت داخلہ میں کنٹرول رومز قائم کرکے عزادان امام حسین ؑ اور زائرین کودرپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے گا ، پوری کائنات نواسہ رسول ؐ امام حسین ؑ اوراہل بیت اطہار ؑ کی ممنون احسان ہے محرم الحرام کے دوران قیام امن کیلئے تمامتر توانائیاں بروئے کار لائیں گے، وزیر مملکت نے مکتب تشیع کے مسائل کے حل کیلئے فوکل پرسن کے تعین، وزارت داخلہ میں محرم کنٹرول رومز کے نوتٰفیکیشن کے اجراء اور جیلوں میں ذاکرین پر پابندی کے خاتمہ کے احکامات بھی جاری کئے۔
وفدکی قیادت سید بو علی مہدی سیکرٹری ٹی این ایف جے محرم کمیٹی عزاداری سیل کررہے تھے جبکہ علامہ راجہ بشارت حسین امامی اور ذوالفقار علی راجہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔شہر یار آفریدی نے ٹی این ایف جے محرم کمیٹی کے مطالبے پر محرم الحرام اور عزداری سے متعلق مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی ۔
وفد کے سربراہ بوعلی مہدی نے وزیر داخلہ کو باور کرایا کہ ذکر حسین ؑ ایک درس آزادی حریت ہے جو عشق رسالت سے معمور اور کردار سازی کی تبلیغ ہے ملک بھر میں بلاتفریق شیعہ سنی تمام اہل وطن نواسہ رسول امام حسین کا غم مناتے ہیں لہذا عزاداروں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں جیلوں میں ایک عرصے سے عشرہ محرم کے دوران علماء و ذاکرین قیدیوں کی مجالس سے خطاب کرتے ہیں اس سال اڈیالہ جیل میں ذاکر کواس بنیاد پر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی کہ گذشتہ دو سال سے ذاکر نہیں گیا جو سراسرزیادتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بعض مقامات پر نچلی انتظامیہ گھروں امام بارگاہوں کی چار دیواری کے اندر ہونے والی مجالس عزاداریوں کو بھی این او سی کے ساتھ مشروط کررہی ہے اسی طرح کئی عرصے سے نکلنے والے روایتی جلوسوں کو بھی روکا جارہا ہے جو مئی 85کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے ایسے اقدامات سے عزاداروں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔
بوعلی مہدی نے کہا کہ مختلف شہروں میں بعض واعظین وذاکرین پر پابندی عائد کی گئی ہے جس سے بانیان مجالس کو شدید مشکلا ت کا سامناہے ضابطہ عزاداری ٹی این ایف جے پر عملدرآمد کی یقین دہانی کے بعد ان ذاکرین کو مجالس پڑھنے کی اجازت دی جائے ۔ٹی این ایف جے رہنماؤں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ بعض شہروں کی امن کمیٹیوں حتی کہ نظریاتی کونسل میں بھی کالعدم تنظیمو ں کے افراد شامل ہیں حکومت نے بعض علماء کی وفاقی دارلحکومت میں داخلے اور تقاریر پر پابندی عائد کی ہے لیکن یہ امر افسوسناک ہے کہ ان علماء کی تقاریر اور پروگرام مسلسل سرکاری ٹی وی نشر کررہا ہے انتظامیہ کی میٹنگز میں کالعدم جماعتوں کے لوگ شریک ہوتے ہیں جو نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی ہے لہذا کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کو روکا جائے ریاستی اداروں کی تطہیرکی جائے پرامن شخصیات کو شیڈول فور سے نکالا جائے اور کالعدم تنظیمو ں کے رہنماؤں اور کارکنوں کو شیدول فور میں ڈالا جائے ۔
وفد نے وزیر مملت کو آگاہ کیا کہ عاشورہ کے بعد زائرین کا سیلاب ملک میں واپس لوٹ کر آئے گا لہذا ان عزادار زائرین کی بروقت تفتان سے کوئٹہ واپسی کیلئے پہلے کی نسبت زیادہ انتظامات کئے جائیں، ٹرین سروس کا فوری اجراء کیا جائے اسی طرح چہلم اربعین کے موقع پر زائرین کی تعداد کئی گنا بڑھ جانے کے سبب پیشگی انتظامات کرلئے جائیں ۔
وزیر مملکت نے اس یقین دہانی کو دہرایا کہ ٹی این ایف جے کی جانب سے اجاگر کئے گئے تمام امورپر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا انہوں نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے ضابطہ عزاداری اور اخوت و یگانگت کی فضا قائم رکھنے کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی محرم کمیٹی عزاداری سیل کی خدمات کو سراہا ۔وفد نے وزیر مملکت شہر یار آفریدی کا شکریہ ادا کیا۔