قائد ملت جعفریہ کے زیر اہتمام جلوس ذوالجناح میں ہزاروں افراد کی شرکت؛ قربانی حسینؑ نے اسلام کو زندہ جاوید کردیا، آغا سید حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

اسلام اور پاکستان کی بقا حسینیت میں ہے ،آغا حامد موسوی

ایکشن پلان میں ترمیم یا تبدیلی نہیں مکمل عملدرآمد کی ضرورت ہے ،سی پیک زندگی موت کا مسئلہ ہے ہم اس سے ہر گز پیچھے نہیں ہٹ سکتے

کشمیری پاکستان کے حق میں فیصلہ دے چکے ہیں ہر شہید کا پاکستانی پرچم میں لپٹا جنازہ اس کا گواہ ہے ، اقوا م متحدہ کی قراردوں پر عمل کیا جائے

عرب و عجم مسالک مکاتب کو لڑانے کی سازش ہو رہی ہے جب تک دم میں دم ہے شیعہ سنی وحدت پر آنچ نہیں آنے دیں گے ،قائد ملت جعفریہ کی میڈیا سے گفتگو

علم مبارک ،ذوالجناح ، گہوارہ شہزادہ علی اصغر ؑ کے تبرکات شامل ، محمدی چوک میں زنجیر زنی،سیکیورٹی اداروں مختار فورس ابراہیم سکاؤٹس کے بہترین انتظامات

اسلام آباد (ولایت نیوز )نواسہ رسول ؐ امام حسین علیہ السلام اور آپ ؑ کی اولاد و اصحاب و انصار کی لہو رنگ قربانی کی یاد میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مرکزی مسجد و امامبارگاہ امام بارگاہ جامعۃ المرتضی جی نائن فور اسلام آباد سے 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس ذوالجناح برآمد ہوا جلوس میں درجنوں ماتمی دستوں سمیت ہزاروں عزادارانِ مظلوم کربلا نے شرکت کی۔

جلوسِ ذوالجناح کی قیادت کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اسلام اور پاکستان کی بقا حسینیت میں ہے اسلام کربلا کے بعد تا ابد زندہ جاوید ہو گیا ،عرب و عجم مسالک مکاتب کو لڑانے کی سازش ہو رہی ہے جب تک دم میں دم ہے شیعہ سنی وحدت پر آنچ نہیں آنے دیں گے امریکہ کو دنیا کی سپر پاور بنانے والا پاکستان ہے ضیاء الحق کے دیئے ہوئے دہشت گردی کلاشنکوف کے تحائف پاکستان کا پیچھا نہیں چھوڑ رہے امن کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عمل کرنا ہوگا نیشنل ایکشن پلان سپریم کورٹ میں پیش کردہ ہمارے امن فارمولے کا عکس ہے ایکشن پلان میں ترمیم یا تبدیلی نہیں مکمل عملدرآمد کی ضرورت ہے ،سی پیک ہماری زندگی موت کا مسئلہ ہے ہم اس سے ہر گز پیچھے نہیں ہٹ سکتے، کشمیری پاکستان کے حق میں فیصلہ دے چکے ہیں ہر شہید کا پاکستانی پرچم میں لپٹا لاشہ اس کا گواہ ہے قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیا تھا لہذا ہم کسی صورت میں بھی مسئلہ کشمیر سے دستبردار نہیں ہونگے۔

میڈیا نمائندوں کے ایک سوال کے جواب میں آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہاللہ اور سول ؐ اس سے محبت کرتے ہیں جو حسین ؑ سے محبت کرتا ہے ،حسین ؑ ابن علی ؑ نے اسلام کی سربلندی کیلئے یزید کی بیعت سے انکار کیا اور ارشاد فرمایا مجھ جیسا یزید جیسے علی الاعلان فسق کا ارتکاب کرنے والے کی بیعت نہیں کرسکتا،سوال بیعت کے بعد امام عالی مقام ؑ نے مدینہ سے رخت سفر باندھااور کربلا روانہ ہوئے اور روز عاشورہ اپنی اولاد ،اصحاب و انصارؓ کے ہمراہ لازوال قربانی پیش کرکے اسلام کو ہمیشہ کیلئے زندہ جاوید کردیا،پاکستان لاالہ کے نام پر وجود میں آیالاالہ کی بنیادقربانی حسین ابن علی ؑ ہے ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ امام حسینؑ کی عزاداری مظلوموں کا موثر ترین احتجاج ہے جسے ہماری نسلیں بھی جاری رکھیں گی ۔

درایں اثناء قائد ملت جعفریہ آغا سیدحامد علی شاہ موسوی کی قیادت میں ماتمی جلوس نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتا ہوا اپنے مقررہ راستوں سے گزر کر محمدی چوک جی نائن ٹو پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کرگیاجہاں ہزاروں عزاداران حسین ؑ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید قمرحیدرزیدی نے کہا کہ مظلوم کربلا کا غم حیات ہے نجات ہے ۔اس موقع پر عزاداران حسین ؑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام کی سربلندی ،وطن عزیز کے دفاع اور شیعہ سنی اخوت و یگانگت کے فروغ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور آٹھ ربیع الاول تک جاری ایام عزاء کے دوران قائد ملت جعفریہ آغا سیدحامدعلی شاہ موسوی کے ضابطہ عزاداری پرکاربند رہیں گے۔

بعدازاں عزاداروں نے زنجیر زنی کرکے مظلوم کربلا کا پرسہ پیش کیا۔جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کراچی کمپنی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح کے درجنوں ماتمی دستوں نے ماتمداری میں شرکت کی۔جلوس کے تبرکات میں شبیہ ذوالجناح،علم مبارک،گہوارہ علی اصغر ؑ اور مہندی شہزادہ قاسم ؑ شامل تھے۔مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن،ایم او ،ابراہیم سکاؤٹس،مختار جنریشن ،مختار فورس نے جلوس کے انتظامات میں حصہ لیا جبکہ خواتین کیلئے ام البنین ڈبلیو ایف کی رضاکاروں نے سیکیورٹی فرائض سر انجام دیئے ۔

دورانِ جلوس مختار سٹوڈنٹس ٓرگنائزیشن نے سبیل حسینی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ اسلام آباد کی محرم کمیٹی عزاداری سیل کے اراکین اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے علاوہ پولیس کی بھاری جمعیت تمام راستے جلوس کے ہمراہ موجود تھی۔

اختتامی دعا علامہ سیدزاہد عباس کاظمی نے کرائی ۔اختتام پر جلوس کے منتظم اعلی ٰ سید شجاعت علی بخاری نے جلوس کے شرکاء ،ماتمیوں ،عزاداران اورضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.