آغاز محرم پرکالعدم جماعتوں کی سرگرمیاں تشویشناک ؛ خیبر پختونخواہ کے حساس علاقے فوج کے حوالے کئے جائیں ، ٹی این ایف جے رہنماؤں کا ہوم سیکرٹری سے ملاقات میں مطالبہ
پشاور ( ولایت نیوز ) عزاداروں کو درپیش مسائل اور امن و امان کی فضا قائم رکھنے کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ خیبر پختونخواہ کے وفد نے صوبائی صدر سید غضنفر علی شاہ ایڈووکیٹ کی قیادت میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز ڈیپارٹمنٹ) اکرام اللہ خان سے ملاقات کی ۔
تحریک کے زعماء نے سیکرٹری ہوم سے مطالبہ کیا کہ عزاداروں کے مسائل کے حل کیلئے صوبائی ڈویژن اور ضلع کی سطح پر فوری محرم کنٹرول روم قائم کئے جائیں اور انہیں ٹی این ایف جے کے محرم کنٹرول رومز عزاداری سیل سے مربوط کیا جائے۔ذرائع ابلاغ میں ان کنٹرول رومز اور ان کے فوکل پرسنز کے نام و نمبرزمشتہر کئے جائیں تاکہ کسی ایمرجنسی میں ان سے رابطہ کیا جا سکے ۔
سید غضنفر علی شاہ نے مطالبہ کیا کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے ناپاک عزائم کے پیش نظر پاراچنار، مردان، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت تمام حساس علاقے محرم الحرام کے دوران فوج کے حوالے کے جائیں۔ انہوں نے سیکرٹری ہوم کو آگاہ کیا کہ کالعدم تنظیمیں نام بدل کر منافرت انگیزی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں، کوہاٹ سمیت مختلف شہروں کالعدم تنظیموں کی جانب سے ریلیاں بھی نکالی گئیں، نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے ان امن دشمن جماعتوں کی کاروائیوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ وہ امن سے کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکیں ۔
غضنفر علی شاہ ایڈووکیٹ نے ایام عزا کے آغاز پر کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کالعدم تنظیموں کو نام بدل کر کام کرنے سے روکنے کیلئے صوبے بھر میں تھانے کی سطح تک کالعدم جماعتوں اور ان کے لیڈران کی فہرستیں پہنچائی جائیں۔اس اقدام سے کالعدم جماعتوں کے رہنماؤں کی امن کمیٹیوں میں شمولیت سے روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ لکی مروت اوربعض دیگر علاقوں میں میں انتظامیہ کی جانب سے عزاداروں سے سرد مہری کا رویہ اختیار کیا جارہا ہے جس کا نوٹس لیا جائے۔
غضنفر علی شاہ ایڈووکیٹ نے 21مئی 85ء کے موسوی جونیجو معاہے کے تحت حکومت تمام لائسنسی و روایتی جلوسوں کو تحفظ فراہم کرنے کی پابند ہے لیکن یہ امر باعث افسوس ہے کہ ہزارو ڈویژن اور دیگر علاقوں میں بعض روایتی جلوسوں اور مجالس پر بھی ایف آئی درج کی جارہی ہیں جس سے عزاداروں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اس سلسلے کو رکوایا جائے۔
تحریک نفاذ جعفریہ ہمیشہ امن کی پرچارک رہی ہے اور اس پر کبھی پابندی نہیں لگی، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ہری پور کے رہنما ماتمی سالارسید طاہر عباس بخاری کو ایک کالعدم جماعت کے ساتھ نتھی کرکے شیڈول فور میں ڈال دیا گیا ہے جبکہ وہ زمانہ طالبعلمی سے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ سے منسلک ہیں لہذا ان کا نام شیڈول فور سے خارج کیا جائے۔
ٹی این ایف جے کے صوبائی صدر نے ہوم سیکرٹری کو آگاہ کیا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حسین مقدسی نے ضابطہ عزاداری کا اعلان کردیا ہے ہم خود بھی اس پر عمل کریں گے انتظامیہ کو بھی اس ضابطہ پر عمل کی ہدایات جاری کی جائیں۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز ڈیپارٹمنٹ) نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی مثبت اور وطن دوست پالیسی کو سراہا ، عزاداروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور واضح کیا کہ کسی قوت کو امن و امان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تمام مسالک و مکاتب کی مذہبی آزادی کو یقینی بنایا جائے گا۔
وفد میں صوبائی سرپرست سردار ابو الحسن قزلباش، ذوالفقار علی جمیل ،جواد حیدر سعید ، ذیشان حیدر اور دیگر عمائدین شامل تھے ۔
