میلادالنبیؐ کے جلوسوں میں شیعہ سنی اتحاد و یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ ؛ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پیغام مصطفی ؐ کو عام کرنا ہوگا، آغا حامد موسوی
دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پیغام مصطفی ؐ کو عام کرنا ہوگا، آغا حامد موسوی
وحدت واخوت کمیٹی ٹی این ایف جے کی میلاد النبیؐ کے جلوسوں میں بھرپور شرکت،
سیرت نبویؐ پرعمل پیراہوکردہشت گردی کوجڑسے ختم کرکے دنیاکوامن کاگہوارہ بنایاجاسکتاہے۔ عالمگیرہفتہ وحدت اخوت کے آغازپرپیغام
میلادمصطفی ؐکے جلوس شیعہ سنی اتحاد کے عملی مظاہرے ہیں۔ علامہ قمرزیدی
اُسوۂ رسول ؐدہشتگردی سے نجات کی ضمانت ہے ۔ مختلف میلاد اسٹالوں پر علامہ کاظمی، علامہ ہمدانی، شوکت جعفری کا خطاب ، غلام فریدکی نعت خوانی
راولپنڈی( ولایت نیوز) ملک کے تمام شہروں سے نکالے جانے والے میلاد النبیؐ کے جلوسوں میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی وحدت و اخوت میلاد کمیٹیوں نے بھرپور شرکت کرکے دنیا پر یہ ثابت کردیا کہ دنیا کی کوئی طاقت شیعہ سنی برادران میں تفریق نہیں ڈال سکتی ۔
راولپنڈی میں میلاد کا مرکزی جلوس جامع مسجدحنفیہ سے نکالا گیا۔اس موقع پر پیر نقیب الرحمن،پیر سرکار جی آف گلشن آباد اورشیخ طارق مسعوداور دیگر ہنماؤں نے مرکزی جلوس کا افتتاح کیا۔مرکزی کنوینرہفتہ وحد ت اخوت کمیٹی شوکت جعفری، علامہ محسن ہمدانی،آغا سید محمد مرتضیٰ موسوی ایڈووکیٹ ، علامہ زاہد کاظمی، علامہ ظہیرعباس نقی ، مولاناملک اجلال حیدرالحیدری، شہاب مہدی ،سیدبوعلی مہدی نے مرکزی جلوس میلاد النبیؐ کی افتتاحی تقریب میں ٹی این ایف جے کی نمائندگی کی ۔
جلوس کے آغاز سے قبل ٹی این ایف جے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے جامع مسجدحنفیہ کے سامنے مرکزی جلوس میلادالنبی ؐ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا پیغام شرکائے جلوس کو پڑھ کر سنایا۔
عالمگیرہفتہ وحدت واخوت کے آغاز پر سرپرستِ اعلیٰ سپریم شیعہ علما ء بورڈاور تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا کہ ختمی مرتبت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دنیامیں قدم رنجہ فرماکرجہالت وگمراہی کی تاریکیوں کوپردہ چاک کردیااورکائنات بقعہ نوربن گئی ، سیرت نبویؐ پرعمل پیراہوکردہشت گردی کے ناسورکوجڑسے ختم کرکے دنیاکوامن کاگہوارہ بنایاجاسکتاہے ۔
آقای موسوی نے اپنے پیغام میں عزاداری امام عالی مقامؑ اورمیلادمصطفی ؐکے جلوسوں کو شیعہ سنی اتحاد اورشوکت اسلام کے پرامن مظاہرے قراردیتے ہوئے اس عہدکااظہارکیاکہ نانااورنواسے کی یادگاروں کوجاری وساری رکھاجائیگا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ آمد مصطفیٰ سے محروموں اور مظلوموں کو امان ملی اور انسانیت کے درد کا درماں ہوگیا ،انسان کو انسانیت سکھانے اور تہذیب و تمدن کی بنیاد رکھ کر صفحہ ہستی پر مدینہ منورہ میں پہلی اسلامی ریاست کی داغ بیل ڈال کر حبیبِؐ کبریا نے رہتی دنیا تک کے انسانوں کو فلاحی اسلامی ریاست کے قیام کا مژدہ سنایا ۔


انہوں نے کہاکہ جب دنیا کفر و ظلم کے اندھیروں میں پڑی تھی اور جہالت نے معاشرے کو فساد بازاری کے پنجوں میں جکڑ رکھا تھا تو قدرت کو انسانیت پر ترس آیا اور فاران کی چوٹیوں سے وہ آفتابِ عالم تاب طلوع ہوا جس کی کرنیں سینہ ظلمت میں اس طرح اُتریں کہ تاریکیوں کا دامن سمٹتا چلا گیا ۔انہوں نے کہا کہ آغوش آمنہ میں آنے والے بطحا کے چاند نے صحن کائنات کو اپنے نور سے منور کردیا ۔
قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے یہ بات زور دے کر کہیکہ پیغام مصطفی ؐ کو عام کرکے دنیا بھر سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیماتِ نبویؐ کی اساس عدل و انصاف پر ہے لہذا دنیا سے معاشرتی ناہمواریوں کے خاتمے اور تمام کے حقوق برابری کی سطح پر ادا کر کے عالمی امن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے ۔
لیبک یا رسول اللہ میلاد اسٹیج بنی چوک، آواز خلق آرگنائزیشن، تنویر شیرازی میلاد اسٹیج سید پوری گیٹ میں ہزاروں عاشقان مصطفی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قمر حیدر زیدی نے کہا کہ عشق رسول ایسا جذبہ ہے جسے سے انسانیت کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے دلوں کو مسخر کیا جاسکتا ہے اور ہر طاغوت کی سازش کو ناکام بنایا جا سکتا ہے مسلمانوں کی کمزوری کی سب سے بڑی وجہ تعلیمات رسول سے دوری اور ان کے پاکیزہ ورثہ سے بیگانگی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عزاداری کے جلوسوں کی طرح میلاد کے جلوسوں میں بھی شیعہ سنی بھائیوں کے اتحاد کے مظاہرے سے دشمن کے عزئم ناکام ہو کر رہ گئے ہیں آئندہ بھی اسی جذبہ پر گامزن رہیں گے ۔

علامہ قمر زیدی نے کہا کہ حضورپاک ؐ نے محض مسجدنبوی کی چاردیواری میں محدودہوکرتبلیغ دین کا فریضہ سرانجام نہیں دیابلکہ طائف کے بازاروں اورشاہراہوں پردین خداوندی کاابلاغ فرمایااور اپنے دونوں کاندھوں پرپیارے نواسوں حسنین کریمین ؑ کوسوارکرکے پہلی اسلامی ریاست مدینہ پاک میں جلوس نکالنے کی بنیادی رکھی جس کی تاسی میں دنیابھرمیں میلادالنبی ؐ اورعزاداری حسین کے جلوس برآمدہوتے ہیں جوآمریت ویزیدیت کیخلاف مظلومیت کاابدی وسرمدی احتجاج ہے ۔
مری روڈ کمیٹی چوک، اقبال روڈ ، فوارہ چوک اورراجہ بازار میں علامہ زاہد عباس کاظمی، علامہ سیدمحسن علی ہمدانی ، شوکت جعفری نے مختلف میلاد کمیٹیوں کے اسٹیج پرخطاب کیا۔ دوران مرکزی جلوس تمام راستے ذاکر غلام فریدجعفر ، شان علی جعفری کی نعتوں نے سماں باندھ دیااور ہرسو لبیک یا رسول اللہ کی صدائیں بلند ہونے لگیں۔
ٹی این ایف جے کی وحدت و اخوت کمیٹی کی نعت خوانی کمیٹی کی قیادت آغاسید علی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ ، جون علی مشہدی ، بحرالعباس موسوی ، حسنان محمدموسوی ، کنوینرشفقت ترابی ، سیدعابدحسین شاہ ، سیدثمرالحسن نقوی ، سیدمسیب کاظمی ، سائیں عنایت حسین ، عاصم جعفری ، تبیان عباس زیدی، سیدفرخ کاظمی اور دیگر رہنماؤں نے کی ایم ایف پی اورابراہیم سکاؤٹس اوپن گروپ (رجسٹرڈ) کے رضاکارسیکورٹی کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے میلادالنبیؐ کے جلوسوں میں ہراول دستے کے طورپرآگے چلتے رہے ۔