جامعۃ المرتضی میں عشرہ محرم الحرام کی مجالس سے مفسرہ قرآن عبیدۃ الزہرا موسوی کا خطاب

ولایت نیوز شیئر کریں

اذانوں میں رسالت کی گواہی حسین ؑ کی فتح کے اقبالی بیانات ہیں۔ سیدہ عبیدۃ الزہرا موسوی
امام حسین ؑنے  نوک نیزہ پر قرآن پاک کی تلاوت کرکے ثابت کردیا کہ میرے نانا محمد ؐ پر قرآن نازل ہوا تھا۔ مرکزی امام بارگاہ جامعہ المرتضیٰ میں مجلس عزا سے خطاب

اسلام آباد(ولایت نیوز)ام البنین ڈبلیو ایف گرلز گائیڈ‘ سکینہ جنریشن اور انجمن دختران اسلام کے زیر اہتمام جمعرات کو بھی مرکزی امام بارگاہ جامعہ المرتضیٰ جی نائن فور اسلام آباد میں عشرہ محرم کی مجالس کا سلسلہ جاری رہا۔

مفسرہ قرآن نے سورہ نور کی آیات کو عنوان کلام قرار دیتے ہوئے خانوادہ رسالتؐ کی عظمت و رفعت سے سامعین کو روشناس کرایا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مفسرہ قرآن سیدہ عبیدۃ الزہرا موسوی ایڈووکیٹ (گولڈ میڈلسٹ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی)نے کہا کہ بعثت رسول ؐ اعظم سے جہالت کے بت پاش پاش اور مخلوق خداوندی کے دلوں میں توحید کے چراغ روشن ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ کائنات عالم و آدم میں خانوادہ محمدؐ و آل محمدؐ کو جو عز و شرف حاصل ہے وہ کسی اور کو حاصل نہ ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ مخدومہ کونین حضرت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا بزم عصمت کی صدر نشین ہیں جن کی طہارت پر آیہ تطہیر سند ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ تمام عبادتوں کیلئے طہارت اور نیت بنیادی شرط ہے جبکہ پنجتن پاک ؑ باطنی اور ظاہری دونوں نجاستوں سے انسان کو پاکیزگی عطا کرتے ہیں لہذا ہر طرح کی کثافتوں سے بچنے اور محفوظ رہنے کیلئے دامن محمد و آل محمد ؐ سے عملی وابستگی لازم و ضروری ہے۔انہوں نے باور کرایا کہ یزید کے اعلانیہ انکار وحی اور پاکیزہ اسلامی و انسانی اقدار کی پامالی کا نوٹس لیتے ہوئے نواسہ رسول ؐ حسین ؑ ابن علی ؑ نے شیطانی حرکات کو نابود کرنے کیلئے اپنے کردار و عمل کو پیش کیااور نوک نیزہ پر قرآن پاک کی تلاوت کرکے ثابت کردیا کہ میرے نانا محمد ؐ پر قرآن نازل ہوا تھا۔انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ آج اذانوں میں رسالت کی گواہی حسین ؑ کی فتح کے اقبالی بیانات ہیں۔

مجلس عزا سے سیدہ بنت موسیٰ موسوی، پروفیسر انجم نگہت زیدی اور ذاکرہ طاہرہ بلقیس بخاری نے بھی خطاب کیا۔ مجلس کے اختتام پر تابوت شہزادہ عون و محمد برآمد ہوئے اور ماتمداری کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.