مکتب تشیّع کے حقوق کے دفاع کا فریضہ سر انجام دیتے رہیں گے؛ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی مرکزی کابینہ کا اجلاس، علامہ مقدسی کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار
حکومت IMF اور ملکی دفاع سے متعلق پیداشدہ سنگین خدشات پر قوم کو اعتماد میں لے۔ علامہ آغا حسین مقدسی
پائیدار معیشت کیلئے میثاقِ معیشت صائب تجویز ہے، حکومت قومی مسائل کے حل کیلئے وسیع النظری کا ثبوت دے
حکومت فوجداری ایکٹ 298۔۱ے میں ترمیم پر اپنی پوزیشن واضح کرے، ماہِ مبارک رمضان میں عوام کیلئے آسانیاں فراہم کی جائیں
موسوی جونیجو معاہدے کی رو سے حکومت جداگانہ شیعہ اوقاف بورڈ تشکیل دے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل کِیا جائے
عساکرِ پاکستان کی عزت پاکستان کی سالمیت کی توقیر ہے، مکتب تشیّع کے حقوق کے دفاع کا فریضہ سر انجام دیتے رہیں گے
افکارِ موسوی کو مینارہئ نور بنا کر ملت کے حقوق کا دفاع کِیا جائے گا، سربراہ ٹی این ایف جے کا مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب
تحریک کے سینیئر نائب صدر بزرگ رہنما سید مظہر علی شاہ کی خصوصی شرکت، کابینہ کا علامہ حسین مقدسی کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار
راولپنڈی ( ولایت نیوز) تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (IMF) اور ملکی دفاع سے متعلق پیدا شدہ سنگین خدشات پر حکومت قوم کو حقیقت سے آگاہ کر کے اعتماد میں لے، تا کہ سلامتی امور پر پوری قوم یک جان دو قالب ہو اور گمراہ کن پروپیگنڈے کو ناکام کِیا جا سکے، مکتب تشیّع کے دفاع و پاسداری کا فریضہ سر انجام دیتے رہینگے، حکومت فوجداری ایکٹ 298۔۱ے میں ترمیم پر حکومت اپنی پوزیشن واضح کرے، ایک طرف آئینی حقوق کی ادائیگی کی یقین دہانیاں اور دوسری طرف بنیادی حقوق پر نقب لگانا کسی صورت قبول نہیں، ملکی سیاسی ابتری کی فضا میں ذاتی و جماعتی منفعت کو مقدم رکھنا قائدِ اعظم اور علامہ اقبال کے ویژن کی نفی ہے، ماہِ مبارک رمضان میں عوام کی سہولت کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کِیا جائے، امن دشمن قوتوں اور دہشتگردوں کو ناکام کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کِیا جائے، عساکرِ پاکستان کی عزت و توقیر پاکستان کی سالمیت کی توقیر ہے، قوم شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
اس امر کا اظہار انہوں نے تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کی مرکزی کابینہ کے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کِیا۔
علامہ آغا حسین مقدسی نے باور کرایا کہ موسوی جونیجو معاہدے کی رو سے حکومت اوقاف ایکٹ میں قانون سازی کر کے جداگانہ شیعہ اوقاف بورڈ تشکیل دے، نظریہ اساسی کے مقابل کوئی نیا نظریہ قبول نہیں کِیا جائے گا پاک وطن کے محسنین کے پاکیزہ لہو سے سر مو انحراف نا قابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی مسائل کے حل کے لئے وسیع النظری کا ثبوت دے اور سیاسی معاشی چیلنجز کے لئے اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلے۔ آغا مقدسی نے کہا کہ پائیدار معیشت کے لئے میثاقِ معیشت ایک صائب تجویز ہے جس پر ذات و جماعت سے بالا ہو کر متفقہ لائحہ عمل بنانے کی ضروت ہے۔ آغا حسین مقدسی نے کہا کہ حکومت عجلت میں قانون سازی کے محرکات کا جائزہ لے اور پارلیمنٹ کو جمہوری اصولوں کے بر عکس مخصوص ایجنڈے کے تحت استعمال کرنے کے تاثر کو زائل کرے۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ نے پوری زندگی پاکیزہ اہداف کی پاسداری میں بسر کی اور نظریہ و حقوق پر کبھی سودے بازی نہیں کی۔
آقائے مقدسی نے باور کرایا کہ ہم افکار و نقوشِ موسوی کو مینارہ? نور بنا کر ملتِ جعفریہ کے عقائد و نظریات اور حقوق کی پاسداری کا مقدس فریضہ سر انجام دیتے رہینگے۔ تحریک کے سینئر نائب صدر بزرگ رہنما سید مظہر علی شاہ نے خصوصی شرکت کی اور آغا مقدسی کے ساتھ مل کر قومی اہداف کے لئے جد و جہد کا عزم کا اعادہ کِیا۔
اجلاس میں منظور کردہ ایک قرارداد میں صدر ٹی این ایف جے آغا حسین مقدسی کی سرکردگی پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کِیا گیا اور اہدافِ قدسیہ مشنِ محمدؐ و آلِ محمدؐ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عہد کا اعادہ کِیا گیا۔
اجلاس میں 3 رمضان کو یومِ خاتونِ جنتؑ بسلسلہ شہادت حضرت فاطمہ زہراؑ، 10 رمضان وفاتِ ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰؑ کی مناسبت سے عالمگیر یوم الحزن سمیت 13 رمضان یومِ مختارِ آلِ محمدؐ، 15رمضان عالمگیر یومِ امن،17 رمضان کو یومِ فرقان بسلسلہ بمناسبتِ فتحِ غزوہ بدر، شہادتِ امیر المومنین ؑحضرت علی المرتضیٰؑ 19 تا 21 رمضان عالمی ایامِ عزا، جمعۃ الوداع اور جشنِ نزولِ قرآن کے پروگراموں کا اعلان بھی کِیا گیا۔
