محسنہ انسانیت کانفرنس : قرضے اتارنے اور معیشت سنوارنی ہے تو حضرت خدیجۃ الکبریؑ کا دن سرکاری سطح پر منایا جائے

ولایت نیوز شیئر کریں

ناموس رسالت ؐ ہر باضمیر کی غیرت کا مسئلہ ہے۔اعلامیہ ”محسنہ انسانیت کانفرنس“
میلاد و عزا کے جلوس سنی شیعہ اتحاد کے عملی مظاہرے، گستاخان رسول کیخلاف ابدلی و سرمدی پرامن احتجاج ہے
اہلبیت اطہار ؑ،پاکیزہ صحابہ ؓ عظمت کے مینارے، ہمیں جان سے پیار ے ہیں،کوئی شیطانی قوت اتحاد میں رخنہ نہیں ڈال سکتی
ماہ صیام کے تمام پروگرام شان و شوکت کیساتھ ہونگے،حافظ اقبال رضوی،ذکر محمدؐ و آ ل محمد اتحاد کی علامت ہے،شوکت جعفری
حکمران عالمی قرض اتارنے کیلئے ایمانی فرض پورا کریں،ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؑ کا یوم وصال سرکاری طور پر منایا جائے۔ڈاکٹر شبیہ رضوی
مختار ایس او کی کانفرنس سے مہمان خصوصی آغا علی روح العباس موسوی، بشارت امامی،قمرزیدی،محمد علی بنگش کاخطاب

راولپنڈی(ولایت نیوز )ناموس رسالت ؐ ہر باضمیر مومن و مسلم کی غیرت و حمیت کا مسئلہ ہے اہلبیت اطہار ؑ،پاکیزہ صحابہ کبار ؓ عظمت کے مینارے اور ہمیں جان سے پیار ے ہیں، میلاد و عزا کے جلوس سنی شیعہ اتحاد کے عملی مظاہرے اور گستاخان رسول کے خلاف ابدلی و سرمدی پرامن احتجاج ہے،کوئی شیطانی قوت ہمارے اتحاد میں رخنہ نہیں ڈال سکتی،بیرونی امداد کی بیساکھیوں سے وطن عزیز کا امن داؤ پر لگانے کی ہر سازش ہمیشہ کی طرح ناکام بناکر راولپنڈی کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے وحدت و اخوت کے جذبے کو فروغ دیا جائیگا،عبادت گاہوں میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنا کر ذکر محمدؐ و آل محمد کا سلسلہ عقیدت و احترام کیساتھ جاری رہیگا اور ماہ صیام کے تمام پروگرام شان و شوکت کیساتھ منعقد کیے جائیں گے

۔اس امر کا اظہار مسلمہ مکاتب فکر کے اکابرین نے زین العابدین ہال میں مختاراسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کردہ عالمگیر ایام الحزن کی مناسبت سے محسن انسانیت ام المومنین حضرت سیدہ خدیجۃ الکبریٰ کانفرنس میں منظور کردہ مشترکہ اعلامیے میں کیا ہے۔

ڈویژنل خطیب جامع مسجد حنفیہ حافظ محمد اقبال رضوی،سینئر رکن امن کمیٹی شوکت عباس جعفری،جمعیت اہل سنت راولپنڈی کے صدر قاضی ظہور الہی قادری،مرکزی سیکرٹری اطلاعات ٹی این ایف جے علامہ سید قمرحیدرزیدی،صدر فیڈرل کیپٹل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے کانفرنس سے خطاب کیاجبکہ معروف خطیب و دانشور علامہ ڈاکٹر سید شبیہ الحسن رضوی نے کانفرنس کی صدارت کی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی آغاسید علی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پرمختار ایس او کے کارکنان کو سپاس تحسین پیش کیا اوردعائیہ کلمات ادا کیے۔حافظ محمد اقبال رضوی نے اپنے خطاب میں قیام امن اور وحدت و اخوت کے عملی فروغ کیلئے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں اتحاد بین المسلمین اور بین المذاہب ہم آہنگی کا علمبردار،میلاد النبی ؐ اورایام عزا میں ان کے ضابطہ عزاداری اور لائحہ عمل کو تمام مکاتب فکر کیلئے اتحاد کا آئینہ دار قراردیا۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں امن اور بھائی چارے کو یقینی بنانے کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے نمائندوں کے تعاون پرہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

شوکت عباس جعفری نے اپنے خطاب میں باورکرایا کہ ام المومنین حضرت خدیجہ الکبریٰ ؐ و دیگر بزرگان دین کے ایام مل جل کر منانا اوراتحاد کی فضا کو ہر قیمت پر برقراررکھنا ہمارے قائد محترم آغاسید حامدعلی شاہ موسوی کی تعلیمات کا ثمر ہے جس کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہیگی۔

جمعیت اہلسنت کے رہنما قاضی ظہور الہیٰ قادری نے اپنے خطاب میں حضرت خدیجہ الکبریٰ اور حضرت ابوطالب ؑ کی اسلام کیلئے مالی و جانی قربانیوں کو تاریخ کا سنہری باب قراردیتے ہوئے کہا کہ انسانیت تاقیامت ان محسنوں کی ممنون احسان رہیگی۔علامہ ڈاکٹر شبیہ الحسن رضوی نے کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ام المومنین حضرت خدیجہ الکبریٰ ؑ نے دنیا کا مال اور زرو جواہرپیارے نبی ؐ کے قدموں پر نچھاورکرکے اسلام کو مضبوطی اقتصادی اساس فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ ہر دور میں معیشت کی بدحالی کا سبب بننے والے عالمی قرض اتارنے کی فکر میں مبتلا ارباب اقتدار سارے قرض اتارنے کیلئے اپنا ایمانی فرض پورا کریں اوراسلام کی خاتون اول ام المومنین خدیجہ الکبریٰ ؑ کا یوم وصال سرکاری طور پر منایا جائے تو اس فرض کی ادائیگی سے تمام قرضوں اور ہر قسم کی وباؤں و بلاؤں کا جڑ سے خاتمہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کو پاکیزہ ہستیوں کے ایام شان و شوکت کیساتھ منانے پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرے جد بزرگوار علامہ آغا سیدضمیر الحسن نجفی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے روح رواں تھے،ہم بھی عقیدہ و وطن کیلئے آقای موسوی کے ادنیٰ اشارے پر قسم کی قربانی پیش کرنے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آقای موسوی نے اپنے قول و فعل سے قوم کا سر بلند کررکھا ہے جس کیلئے ہم انکے شکر گزار ہیں۔علامہ راجہ بشارت حسین امامی اور علامہ سید قمرحیدرزیدی نے بھی محسنہ انسانیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملکیہ کائنات،مادرِ خاتونِ جنت ؑام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؑ کی انسانیت کیلئے گراں قدر خدمات اور قربانیوں کو اسلام کا اثاثہ قراردیا۔انہوں نے کہا کہ رسول ؐ خدا نے حضرت خدیجہ ؑ اور حضرت ابوطالب ؑ کی وفات پر عام الحزن یعنی غم کا سال منانے کا اعلان کرکے ان ہستیوں کی عزت و حرمت کو اجاگر کردیا،آج امت مسلمہ اپنی معیشت کی مضبوطی اور عروج و کمال کے حصول کیلئے حضرت خدیجہ ؑ اور حضرت ابوطالب ؑ کے اصولوں کی پیروی کرے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے زیر نہیں کرسکتی۔

مختار ایس او کے مرکزی صدر محمد علی بنگش نے کانفرنس کے شرکا کے اعزاز میں خطبہ استقبالیہ پیش کیاجبکہ منقبت خواں شیخ عقیل عباس نے حضرت خدیجۃ الکبریٰ کی شان میں منقبت خوانی کی۔مختلف مکاتب فکر کی مقتدر شخصیات نے کانفرنس میں شرکت کی۔سید قاسم الحسینی نے نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.