حضرت فاطمہ زہراؑ کی فکر قیامت تک دین کی نگہبان رہے گی، کوئٹہ میں حب الوطنی کوجرم قراردیا جارہا ہے، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

مذہبی جماعتوں کی فارن فنڈنگ دہشت گردی کو بھڑکا رہی ہے چیف جسٹس نوٹس لیں، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے نیشنل ایکشن پلان میں خیانت ہورہی ہے،کلبھوشن نیٹ ورک کام دکھا رہا ہے
کوئٹہ میں کالعدم جماعتوں کے خلاف آواز بلند کرنے والے طارق جعفری کو شیڈول فور میں شامل کرنا حب الوطنی کوجرم قراردینا ہے
الیکشن کمیشن کالعدم جماعتوں کی انتخابات میں شمولیت روکے، صرف باڑ دہشت گردی نہیں روک سکتی ہر شہری نفرت دہشت کیخلاف آہنی دیوار بننا ہوگا
جنوبی وزیرستان میں شہید جوانوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، آزادکشمیر کے حساس علاقے میں عزیز بخاری کی ٹارگٹ کلنگ لمحہ فکریہ ہے
حضرت فاطمہ زہراؑ طبقہ نسواں کی مسیحا ہیں مغربی تہذیب عورت کو دوبارہ ذلت و رسوائی کی پاتال میں دھکیلنا چاہتی ہے جہاں سے اسلام نے نکالا تھا
حضرت فاطمہ زہراؑ نے ایسی فکر کو پروان چڑھایا جو قیامت تک دین کی نگہبان رہے گی خواتین سیرت فاطمی ؑپر عمل کریں، مجلس شہادت سے خطاب

اسلام آباد(ولایت نیوز )سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہراؑ طبقہ نسواں کی مسیحا ہیں مغربی تہذیب عورت کو دوبارہ ذلت و رسوائی کی پاتال میں دھکیلنا چاہتی ہے جہاں سے اسے اسلام نے نکالا تھا ،حضرت فاطمہ زہراؑ نے ایسی فکر کو پروان چڑھایا جو قیامت تک دین کی نگہبان رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہادت خاتون جنت حضرت فاطمۃ الزہراؑ کے موقع پر عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مذہبی جماعتوں کی فارن فنڈنگ دہشت گردی کو بھڑکا رہی ہے چیف جسٹس نوٹس لیں، دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں خیانت ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں کالعدم جماعتوں کے خلاف آواز بلند کرنے والے سردار طارق احمد جعفری کو شیڈول فور میں شامل کرنا حب الوطنی کو جرم قراردیناہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بلوچستان میں آج بھی کلبھوشن نیٹ ورک کام دکھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بیرونی سرمائے پر چلنے والی کالعدم جماعتوں کی انتخابات میں مسلسل شمولیت کو روکے، صرف باڑ دہشت گردی نہیں روک سکتی ہر شہری کو نفرت و دہشت کیخلاف آہنی دیوار بننا ہوگا، جنوبی وزیرستان میں شہادت کا جام نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے،عباس پور پونچھ کے حساس علاقے میں عزیز بخاری کی ٹارگٹ کلنگ لمحہ فکریہ ہے مجرموں کو گرفتار کیا جائے ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اسلام سے قبل عورت کی حیثیت خس و خاشاک سے زیادہ کچھ نہ تھی عورت عیب رسوائی اور شرمندگی کا باعث تصوری کیجاتی تھی اور ضرب المثل مشہور تھی کہ عورت ننگ ہے اور ننگ کو خاک میں ملادینا چاہئے بیٹیوں کو زندہ درگور کردینا قابل فخر گردانا جاتا تھا،انسانیت اتنا گرچکی تھی کہ اپنے ہاتھوں سے تراشے بتوں کی چوکھٹ پر پیشانیاں رگڑ رہی تھی ایسے سیاہ دور میں کلمہ توحید لالہ کی نورانی گونج نے شب تاریک کا پردہ تار تار کردیا،اور خواتین کا مقدر بھی جاگ اٹھا اسلام نے حضرت فاطمہ کے وجود کے ذریعہ عورت کو سربلندی عطا کی۔

انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا ؑ کی سیرت قربانی و ایثار کی درسگاہ ہے اسی لئے حکیم الامت علامہ محمد اقبال نے فرما یا کہ اگر خواتین یہ چاہتی ہیں کہ ان کی آغوش سے کوئی امام حسین ؑ جیسا پروان چڑھے لے تو انہیں دامن فاطمہ زہراؑ سے وابستگی اختیار کرنا ہوگی۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مغرب جس آزادی نسواں کا پرچارک ہے وہ خواتین کی توہین اور تذلیل ہے عورت کو اشتہار بنانا حرمت نسواں کی پامالی ہے خواتین عالم یہ ادراک کرنا ہوگا کہ ان کی آزادی، عزت، حرمت اور دنیا و آخرت میں سرفرازی و کامرانی اسلام کی بتائی ہوئی راہوں پر چلنے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب قبریں زندہ عورتوں کو نگل رہی تھیں تو اسلام ہی نے عورتوں کو گور کی گہرائیوں سے نکال کر عزت و حرمت کی معراج پر بٹھایادنیا کے مصلح اعظم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی بیٹی حضرت فاطمہ زہراؑ کی خوشنودی کو اپنی خوشنودی قرار دیکر مردوں کی برتری کی سوسائٹی کی بنیادیں ہلا دیں۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ خواتین مغرب کے دھوکے میں آنے کے بجائے اسلام کی مثالی خاتون حضرت فاطمہ زہراؑ کی سیرت پر عمل کریں دنیا و آخرت کی کامیابیاں ان کی منتظر رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.